وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے محمد مطہر عباس کو گلگت بلتستان اسمبلی حلقہ2 گلگت 2 کیلئے ٹکٹ جاری کرنے پرکارکنوں کا زبردست خیر مقدم ،خومر چوک پر کارکنوں کا جشن اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔کارکنوں نے مطہر عباس کو ٹکٹ ملنے کی خوشی میں ہار پہنائے اور وحدت مسلمین کی حمایت میں زبردست نعرے بازی ہوئی اور کارکنوں نے مطہر عباس کی قیادت میں خومر چوک سے صوبائی سیکرٹریٹ تک ریلی نکالی۔
صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مطہرعباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کا انتہائی ممنون و مشکور ہوں جنہوں نے حلقے کیلئے میرا انتخاب کیا اور انشاء اللہ الیکشن جیت کر مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور دنیا بھر کے مظلومین کی خوشنودی کا باعث بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے اور 8 جون کو گلگت بلتستان میں مظلوم و محکوم عوام کی فتح یقینی ہے ،مجلس وحدت مسلمین کرپٹ نظام کا خاتمہ کرکے روشن اور بااختیار گلگت بلتستان کا خواب پورا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ہی گلگت بلتستان کے عوام نے مجلس وحدت کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے اور 8 جون کو عوامی فیصلے کو تبدیل کرنے کی کوئی کوشش کامیاب ہونے نہیں دینگے۔