وحدت نیوز (مظفرآباد) حکومت وقت ہوش کے ناخن لے ، لوڈشیڈنگ معاملات پر کسی طور پر بھی سنجیدہ نہیں ہے، تاجر اتحاد کا 5فروری کے موقع پر لانگ مارچ درست اقدام، حکومت متوجہ ہو کہ 5فروری ہی یوم یکجہتی کشمیر ہے، معاملات یکسو کیے جائیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ریاستی دفتر میں ایک وفد سے ملاقات میں کیا ، انہوں نے کہا کہ تاجر اتحاد کا چارٹر آف ڈیمانڈ درست ہے ، یہ کشمیریوں کے دلوں کی آواز ہے، بجلی پیدا کرنے والا خطہ ، پاکستان کو روشن کرنے والا خطہ بجلی کو ترس رہا ہے، فنڈز کے لیے تو آزاد کشمیر حکومت نے اسلام آباد جا کر دھرنا دیا ، حالانکہ نہیں دینا چاہیے تھا کہ کیوں خطہ آزاد کشمیر پر اس پار رہنے والے بھی نظر رکھتے ہیں ، یوں جگ ہسائی ہوئی، لیکن ہم سوال یہ کرتے ہیں کہ وہاں بجلی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بات کیوں نہ کی گئی، کیا ہمارے حکمران اس بات کو سنجیدہ لے ہی نہیں رہے؟ پچھلے دو مہینوں سے دارالحکومت آزاد کشمیر کی تینوں بڑی شاہراؤں پر عوامی احتجاج ہوئے، سڑکیں بند ہوئیں ، لیکن کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا، دیہی علاقوں میں تو بجلی ہوتی ہی نہیں ، بجائے اس کے کہ حالات کا حل نکالا جاتا ، کون ہے جو معاملات بگاڑ کی جانب لے کر جا رہا ہے ، کیوں کوئی عوام کا خیال نہیں کر رہا؟ الیکشن قریب ہے کیا منہ لے کر عوام کے پاس جائیں گے؟ دوسری جانب اپوزیشن کا کردار بھی کسی طور پر بھی منصفانہ نہیں ہے ، صرف کیچڑ اچھالنے سے اپوزیشن اپوزیشن نہیں کہلاتی ، عوامی حق کے لیئے آواز اٹھائیں تو لوگ تب دوبارہ اپنی نمائندگی کے لیئے چنیں گے ۔اپوزیشن صرف عدالتوں میں حکم امتناع حاصل کرنے کے لیے رہ گئی، کہ جب حکومت کوئی کام کرے ، تو ہم نے حکم امتناع لینا ہے ، فقط اس لیئے کہ یہ ہمارے دور میں ہو، حکومت اور اپوزیشن کا یہ رویہ عجیب ترین، علامہ تصور جوادی نے کہا تاجر اتحاد کی کاوشوں کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، آپ جائز مطالبات رکھتے ہیں ، عوامی حق کے لیئے آواز اٹھانے پر ہم آپ کے ساتھ ہیں ، علامہ تصور جوادی نے مذید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اوگرا کی سمری مسترد کر کے فیول کی قیمتوں میں معمولی کمی بھونڈا مذاق ہے، عالمی مارکیٹوں میں قیمتوں کی کمی کو ملحوظ رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف دیا جائے۔