وحدت نیوز(قم المقدس)دنیا بھر کی طرح یومِ پاکستان کی تقریب ایران کے شہر قم میں بھی منعقد ہوئی۔ ایران کے شہر قم المقدس میں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نے 23 مارچ کی مناسبت سے ایک تحلیلی اجلاس کا اہتمام کیا۔ شرکائے اجلاس نے تحریکِ پاکستان کے بانیوں اور شہداء کی قربانیوں، خدمات اور بصیرت کو سراہا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نشست سے گفتگو کرتے ہوئے اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم قمر عباس غدیری نے قیامِ پاکستان کے فلسفے اور موجودہ تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے یہ ملک اس لئے بنایا تھا کہ اس میں لوگوں کو امن و امان، تحفظ اور بھائی چارہ میسّر ہوگا، تاہم بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔ انہوں نے ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے ایک مشترکہ منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کے بعد ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے امورِ خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے قیام پاکستان کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق قائداعظم نے مکار انگریزوں اور شدت پسند ہندووں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں میں موجود انگریزوں اور کانگرس کے آلہ کاروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ انگریزوں اور کانگرس کے نمک خوار اور قائداعظم محمد علی جناح نیز قیامِ پاکستان کے دشمن تھے، وہی آج پاکستان کی سلامتی اور امن عامہ کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ آخر میں شراکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خیر و بھلائی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی اور یومِ پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ میزبانی کے فرائض سپورٹ کشمیر فورم کے ترجمان نذر حافی نے انجام دیئے۔ انہوں نے اجلاس کے اہم نکات کا خلاصہ کرنے کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم قم کے مسئول حجۃ الاسلام شیدا حسین جعفری اور دیگر مہمانوں کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔