وحدت نیوز (قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے دفتر سے جاری بیان میں سیکریٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے ایم ڈبلیوایم پاکستان کے سیکرٹری خارجہ امور علامہ سید شفقت حسین شیرازی کو انٹرنيشنل كالجز آف اسلامک سائنسز (لندن) سے اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔ اپنے اس بیان میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے علم دوست طبقے کیلئے اسے قابل تحسین امر قرار دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ شفقت حسین شیرازی کی مختلف سیاسی و اجتماعی کاموں میں بھرپور فعالیت اور مصروفیات کے باوجود مدارج علمی کے حصول میں محو عمل رہنا میدان عمل میں حاضر علماء کرام اور جوانوں کیلئے ایک آئیڈیل کی حیثیت رکھتا ہے۔ حجت الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے علامہ شفقت حسین شیرازی کی اس کامیابی کو مجلس وحدت مسلمین سمیت تمام نظریاتی حلقوں کی کامیابی قرار دیا ہے۔