وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل خانم سکینہ مہدوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی امداد اور ایجنڈے پر ایوان اقتدار پر قابض نواز حکومت کے خلاف 11مئی کو خواتین بھی اپنا قومی کردار ادا کرتے ہو ئے سڑکوں پر نکل آئیں ، گذشتہ ایک سال میں ہونے والے مظالم نے دس سالہ ظلم کے رکارڈ توڑ ڈالے ہیں ، مریم نواز صاحبہ اپنے شاہی محلات سے نکل کر دیکھیں کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کس ذلت اور پسماندگی میں زندگی بسر کر رہی ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 11مئی کو نواز حکومت کی تشکیل کے ایک سال مکمل ہونے پر ملک گیر یوم احتجاج کے حوالے سے جاری بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کی موجودہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کی روش پر ہی کار فرما ہے، بظاہر عوامی حقوق کی بحالی کا نعرہ لگانے والی اور آزادی نسواں کا ڈھول پیٹنے والی نام نہاد جمہوری حکومتیں عوام کو بجلی ، پانی ، گیس اور سستی روٹی تک دینے کی اہلیت نہیں رکھتے ، اب تو حال یہ ہے کہ حوا کی بیٹیوں کی عزتیں روز سر بازار پامال ہو رہی ہیں اور حکمران اپنے محلات میں عیش و عشرت کی زندگی میں مگن ہیں ، انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کی شعبہ خواتین کی تمام ذمہ داران نے اپیل کی کے 11مئی کو ملک بھر میں ہو نے والے احتجاجی پروگرامات میں بھر پور شرکت کریں ۔