وحدت نیوز(قم المقدسہ) شہزادی کونین، ام ابیہا، حضرت فاطمۃ الزہرا (س) اور انکے باشرف فرزند، بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی (رہ) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے قم کی مقدس سرزمین پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا۔ جشن کا یہ پروگرام مدرسہ زینبیہ (س) میں منعقد ہوا، جس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس بابرکت محفل میں خطباء نے بی بی دو عالم (س) کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی اور امام خمینی (رہ) کو سیرت فاطمیہ کا روشن نمونہ قرار دیا۔ اس محفل کے مہمان خصوصی مدرسہ امام خمینی (رہ) قم کے مسئول امور فرہنگی حجت الاسلام والمسلمین امیر حسین حسینی تھے۔ حجت الاسلام والمسلمین حسینی نے اپنے صدارتی خطاب میں حضرت زہرا (س) کی سیرت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت فاطمہ (س) نہ فقط خواتین کے لئے بلکہ مردوں کے لئے بھی اسوہ حسنہ ہیں۔ جشن کے اختتام پر مہمانان خصوصی کے ذریعے "خطبہ فدکیہ" کے انعامی مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنی والی خواتین میں انعامات تقسیم کئے گئے۔