وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین کا ملک بھر میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے ملتان پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ 18ویں روز بھی جاری، پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر کی بھوک ہڑتالی کیمپ میں ، مجلس وحدت مسلمین کے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی مطالبات کی حمایت کا اعلان، بھوک ہڑتالی کیمپ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ میں اور ہماری جماعت قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہاریکجہتی اور مکمل حمایت کااعلان کرتے ہیں، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، مولانا ہادی حسین ہادی،محمد عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینئر سخاوت علی،جواد رضا جعفری، مہر مظہر عباس کات اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ملک عامر ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جاری فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خلاف علامہ ناصر عباس جعفری کا اقدام قابل ستائش ہے، علامہ ناصر عباس جعفری حقیقی محب وطن اور سچے مسلمان ہیں۔اُنہوں نے بھوک ہڑتال میں جن مطالبات کو رکھا ہے وہ آئینی اور قانونی ہیں ۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینیر سخاوت علی کا کہنا تھا کہ جو اراکین اسمبلی ہمارے جائز مطالبات حمایت اور ملت تشیع کے ساتھ اظہار یکجہتی نہیں کریں گے آمدہ الیکشن میں ملت جعفریہ اُنہیں مسترد کردے گی۔ اس موقع پر اُنہوں نے ملک عامر ڈوگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں کرپشن،بدعنوانی، فرقہ واریت، ٹارگٹ کلنگ اور شیعہ نسل کشی کے خلاف متحد ہے۔ دونوں جماعتیں مل کر ملک سے کرپشن اور دہشت گردی جیسی لعنت کا خاتمہ کریں گی۔
وحدت نیوز (کراچی) شہر قائد فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی سازش کی جاری ہے ۔شہر میں شیعہ سنی جھگڑا نہیں تکفیری دہشتگرد سیاسی شیلٹر میں خرابی حالات کے درپہ ہیں۔لانڈھی میں مسجد امام بارگاہ اثناء عشری پر تکفیریوں کا حملہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، بعض انتہا پسند سیاسی جماعتیں فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دے کر شہر کا امن تباہ کرناچاہتی ہیں، پولیس اور رینجرز کی جانب سے مسئلہ کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جاتے تو محمد عباس جعفری دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ نہ بنتا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی ،مولانا اشرف منتظری ،عنایت علی ،سمیت دیگر رہنماؤں نے لانڈھی 36بی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا ان کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت لانڈھی 36بی مسجد اثنا ء عشری مسجد کی جگہ پر قبضہ کرنے کیلئے مسجد کے برابر میں پارکنگ کی دیوار کو متنازعہ بنا کر غیر ملکی بنگالی ،برمی آبادی بنانے کیلئے ایک انتہا پسند سیاسی جماعت سازش کررہی ہے ایسے حالات میں سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس و رینجرز کی جانب سے بھی اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے ایک بے گناہ کو گولیوں کا نشانہ بنا یا گیا اور درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مسجد اثنا ء عشری پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے محمد عباس جعفری کا قتل کھلی درندگی ہے ، شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں سکیورٹی ادارے عباس جعفری کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کریں وزیر اعلیٰ سندھ ،گورنر سندھ، کورکمانڈر،ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ فوری صورتحال کا نوٹس لیں پاکستان کے معاشی حب کراچی کو ایک منظم سازش کے تحت ایک مرتبہ پھر فرقہ واریت کی آگ میں جھلسانے کی تیاری کیا جارہی ہے ، کراچی کے محب وطن شیعہ اورسنی عوام اور سیاسی ومذہبی جماعتیں اس مذموم سازش کو ناکام بنانے کیلئے عملی اقدامات بروئے کار لائیں۔دریں اثناء دہشتگردی کا نشانہ بنے والے محمد عباس جعفری کی نماز جنازہ مسجد و امام بارگاہ امامیہ جے ون میں ادا کی گئی جس میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء و اکابرین کی بڑی تعداد موجود تھی نماز جنازہ میں علامہ عباس کمیلی،مولانااشرف منتظری،علامہ باقر زیدی،علی حسین نقوی،شبر رضا سمیت سیکٹروں افراد نے شرکت کی نماز جنازہ کے بعد میت کے ہمراہ علامتی احتجاجی دھرنہ دیا گیا اور احتجاج کیا گیا جس میں مظاہرین نے لبیک یا حسین ،شیعہ سنی اتحاد ،سمیت دہشتگردی مردہ باد کے نعارے لگائے انتظامیہ سے مزاکرات کے بعد شہید کے جسد خاکی کو وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
وحدت نیوز(قم) پاکستان میں شیعہ مسلمانوں پر سالھا سال سے ہو رہے ظلم و ستم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور بعض شیعہ شخصیتوں کے ذریعے جاری بھوک ہڑتال کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آیت اللہ مہدی ہادوی تہرانی نے ایک بیان جاری کیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے رکن نے اپنے بیان میں اس بھوک ہڑتال کو ایک نیا جہاد قرار دیا اور کہا: ہم عزیز پاکستان میں اہل بیت(ع) کے مظلوم پیروکاروں کے نعرہ حیدری کو بھول نہیں سکتے جو ظلم و ستم سے جان بہ لب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ پاکستانی حکمرانوں کو پوری رواداری اور ہمدردی کے ساتھ عدل و انصاف کا تقاضا کرنے والی اس مظلومانہ آواز کا مثبت جواب دینا چاہیے اور اہل بیت اطہار(ع) سے عشق و محبت کرنے والے اس سرزمین کے مظلوم شیعوں کو ظلم و تشدد سے نجات دلانا چاہیے۔
بیانیہ کا مکمل ترجمہ حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
"و سیعلم الذین ظلموا ای منقلب ینقلبون" (سوره شعراء؛ آیه 227)
امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت کی سالگرہ کے ایام جو انقلاب اسلامی کو تازہ روح عطا کرتے ہیں اور صدائے حق و انصاف کے بلند کرنے والے اس رہبر حکیم کی یاد دلاتے ہیں میں دنیا کے کونے کونے سے اس حقیقت کے مشتاق ان کے مرقد کی طرف عازم سفر ہوتے ہیں اور انقلاب اسلامی کے تئیں محبتوں کے سینکڑوں قافلوں کو ہمراہ لاتے ہیں۔ ایسے ایام میں ہم عزیز پاکستان میں اہل بیت(ع) کے مظلوم چاہنے والوں اور نعرہ حیدری کی صدا بلند کرنے والوں کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں جو مسلسل ظلم و ستم سہتے سہتے جاں بہ لب ہو چکے ہیں اور مجاہد علما کی رہبریت میں بھوک ہڑتال کر کے جہاد کا ایک نیا چہرہ پیش کر رہے ہیں۔
امید ہے کہ یقینا پاکستانی حکمران پوری رواداری اور ہمدردی کے ساتھ اس مظلومانہ آواز جو اسلامی طریقے سے اپنے جائز مطالبات اور عدل و انصاف کی مانگ کر رہی ہے کا مثبت جواب دیں گے اور خاندان رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ سے عشق و محبت کرنے والے اس سرزمین کے شیعوں پر ناحق ہو رہے ظلم و ستم سے انہیں نجات دلائیں گے۔
اس اہم امر کی طرف عدم توجہ ممکن ہے ملک کی اندرونی طاقت کا شیرازہ بکھرنے یا قومی اتحاد کی پامالی کا باعث بنے کہ جس کی ذمہ داری براہ راست حکومتی عہدہ داروں کی گردن پر جائے گی۔
تشدد سے دور شیعوں کی اس مجاہدت اور ان کے منصفانہ مطالبات کا منطقی جواب، نہ صرف ایک الہی وظیفہ ہے بلکہ قومی اور ملکی استحکام کو قائم رکھنے کا بھی سبب ہے۔
ہم پاکستان کے شیعوں کو ظلم و ستم سے نجات دلانے کے لیے بھوک ہڑتال میں بیٹھنے والے شیعہ مجاہد علما کی اس حق پسند مہم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور بارگاہ ایزدی سے ان کی کامیابی اور سلامتی کی دعا مانگتے ہیں یقینا امام عصر(ع) کی نیک دعائیں بھی ان کے ساتھ ہوں گی اور انشاء اللہ کامیابی ان کے قدم چومے گی۔
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ
مہدی ہادوی تہرانی
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام چودہ روز سے جاری احتجاجی دھرنے شیخ عابدی، مولانا ذیشان، فدا حسین اور آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہماری مظلومیت کو طاقت میں بدل کر ملت مظلوم کی ترجمانی کی ہے اب اس تحریک کی کامیابی کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی،ملت جعفریہ کے قتل عام پر حکمران جماعت اور ریاستی اداروں کی خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ ان کے نظروں میں ہماری جان کی کوئی قدر نہیں،ملت مظلوم بیدار ہے اور علامہ راجہ ناصر کے حکم کے منتظر ہیں کہ وہ کیا لائحہ عمل دیتے ہیں ۔ اگر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ جو کہ نہایت علیل ہیں انہیں خدا نخوانستہ کچھ ہوگیا تو ہم حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے ۔ہم انصاف کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کرچکے ہیں اور اپنے شہداء کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ہماری نظریں اور امیدیں پاکستان کے آرمی کے سربراہ پر ہے اور امید کرتے ہیں کہ آرمی ادارے ملک بھر میں جاری ظلم کے خلاف اس احتجاج اور دہشتگردی کے خلاف اٹھنے والی اس تحریک کو نوٹس لیتے ہوئے محب وطن پاکستانیوں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شغرتھنگ پاور پروجیکٹ کی منسوخی بلتستان کا معاشی قتل ہے اور نواز حکومت کی علاقہ دشمنی کا ثبوت ہے۔ اگر نواز حکومت کے رہنماء کی اسمبلی میں کوئی حیثیت ہے تو شغر تھنگ پاور پروجیکٹ کو دوبارہ بحال کرے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام دہشت گردی،ٹارگٹ کلنگ اور بے بنیاد مقدمات کے خلاف بھوک ہڑتالی 14روز سے جاری، یوم تکبیر کے موقع پر ملکی سلامتی کی دعائیں، شہدائے پاکستان کی یاد میں شمعیں روشن، کیمپ میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے یوم تکبیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود مٹھی بھر دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں ناکامی اقوام عالم کے سامنے ہماری خجالت کا باعث ہے۔مختلف انداز میں شکوک و شبہات پیدا کرکے ہماری ایٹمی طاقت کو متنازعہ بنانے کے لیے عالم استعمار سازشوں میں مصروف ہے۔ڈرون اور دہشت گرد حملوں سے ہماری خود مختاری اور سالمیت کو بار بار چیلنج کیا جا رہا ہے۔ لیکن حکومت کی طرف سے سفارتی سطح پر بھی ہلکی سی تشویش کا اظہار نہ کیا جانا قومی حمیت کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اگر غیرت مند ہوں تو کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ اس مادر وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ پاکستان کے بیس کروڑ عوام دشمن کے ارادوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن سکتے ہیں مگرشرط یہ ہے کہ حکمران اپنے اندر ملک دشمنوں قوتوں سے سخت لہجے میں بات کرنے کی ہمت پیدا کریں۔علامہ اقتدار نقوی نے یوم تکبیر کے موقعہ پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ اس ملک کا ہر شخص پر مادر وطن کی حفاظت واجب ہے۔ ہم سب نے مل کر اس ملک کو دہشت گردوں اور کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے۔ریاستی اداروں کو سیاسی دباو سے آزاد کرنے کے لیے ہمیں میدان میں نکلنا ہو گا۔وطن عزیز کو اس وقت ہی ناقابل تسخیر قرار دیا جا سکے گا جب یہ سرزمین دشمن کے نجس قدموں سے پاک ہو گی۔ کیمپ میں ایسوسی ایشن آف مشتاقان نور کے وفد نے عرفان حیدر کی قیادت میں شرکت کی اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ اس موقع پر شیخ غلام رضا،اظہر جوئیہ،نورمحمد نوناری،اور دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سربراہ حسن محی الدین قادری اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اپنے اعلی سطح وفد کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کی ملت تشیع کے لیے جدوجہد مثالی ہے۔ان کے مطالبات شیعہ کیمیونٹی کے لیے محض ایک کاغذی دستاویز نہیں بلکہ پاکستان کی سالمیت و بقا کے لیے ایک موثر اور مکمل لائحہ عمل ہے ۔ پاکستان کی ایک بڑی مذہبی و سیاسی جماعت کے رہنما کی گزشتہ بیس روز سے جاری بھوک ہڑتال پر حکومت کی مسلسل بے حسی نون لیگ کے اقتدار کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔بعد ازاں دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم مظلوموں کی حمایت کا اعلان کرنے اس کیمپ میں آئے ہیں۔اہل تشیع کے ساتھ ظلم و بربریت کا کھیل بند کیا جائے۔نیشنل ایکشن پلان کو حکومت اپنے سیاسی حریفوں سے انتقام لینے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔اس قانون کی آڑ میں ملت تشیع پر مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں جب کہ جن کے خلاف یہ قانون بنا تھا وہ مذموم عناصر دندناتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ظالموں کے خاتمے اور انصاف کے حصول کے لیے ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے وفد کی آمد پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں تکفیری نظریہ کا پاکستان نہیں چاہیے۔ اس ملک سے انتہا پسندی کی سوچ کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ہم نے اس مادر وطن کو قائد واقبال کے خوابوں کی تعبیر کی عملی شکل دینی ہے جس میں ہر ایک کو بلاتخصیص مذہب و مسلک انصاف حاصل ہو۔ جہاں رواداری اور مذہبی آزادی ہو ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی سمت تبدیل کر کے ملک بھر میں انارکی پیدا کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔مظلوم اور بے گناہ افراد پر نیپ کے نام مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں ۔ریاستی سرپرستی میں ہمارے لوگوں کو اپنی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔پارہ چنار میں ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہمارے نوجوانوں کو شہید کر دیا۔حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے دہشت گردی پر اتر آئی ہے۔ہمارے لیے یہ متعصبانہ طرز عمل نا قابل قبول ہے۔جب تک ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہو تا تب تک ہمارا یہ احتجاجی کیمپ قائم رہے گا۔انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اس کیمپ میں ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے آئے۔انہوں نے جو وعدے کیے ان پر عمل درآمد میں خیبر پختوانخواہ حکومت پس و پیش کا مظاہرہ کر رہی ہے جو نامناسب اور غیر اخلاقی ہے۔ عمران خان کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔