علامہ تصور حسین نقوی دوبارہ کثرت رائے سے ایم ڈبلیوایم آزاد ریاست جموں و کشمیرکے سیکریٹری جنرل منتخب
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزادکشمیر کے تنظیمی انتخابات میں اراکین ریاستی شوریٰ نے علامہ سید تصور حسین نقوی کو کثرت رائے سے آئندہ تین سال کیلئے آزاد کشمیر کا چوتھی بار سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفرآباد لوئر چھتر کی امام بارگاہ باب العلم میں منعقد کئے جانے والے ریاستی جانثاران امام عصر (ع) کنونشن کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا۔
ریاستی جانثاران امام عصر (ع) کنوشن میں ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کیلئے شوریٰ کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں اراکین شوریٰ نے پہلے مرحلے میں مختلف نام پیش کئے، جن میں علامہ سید تصور حسین نقوی، مولانا سید حمید نقوی اور مولانا سید طالب حسین ہمدانی کا نام ووٹنگ کیلئے پیش کیا گیا۔
ووٹنگ کے مرحلے میں اراکین شوریٰ نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کثرت رائے سے علامہ سید تصور حسین نقوی کو آزاد ریاست جموں و کشمیر کا چوتھی بار سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔ نئے میر کارواں کے نام کا اعلان مرکزی رکن شوری عالی و مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید غلام شبیر بخاری نے کیا اور نومنتخب ریاستی سیکرٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر علامہ فرید عباس نقوی ممبر علماء و مشائخ کونسل حکومت آزاد کشمیر ، علامہ احمد علی سعیدی چیئرمین حسینی فاؤنڈیشن آزاد کشمیر ، صدر مرکزی انجمن جعفریہ سید راشد نقوی ، مسلم کانفرنس کے رہنماء سید تصور عباس موسوی ، پی ٹی آئی کے ڈویژنل صدر سید ذیشان حیدر ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزادکشمیر کے ڈویژنل ڈر سید رضی عباس ، معروف سماجی شخصیت سید حسین نقوی ، سید اشرف حسین نقوی سمیت دیگر تنظیمی و ملی ذمہ داران بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کےلئے الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ سید شبیر بخاری ، برادر ملک اقرار حسین اور آصف رضا ایڈووکیٹ نے انجام دیئے۔ جبکہ عدیل زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرکاء نے علامہ تصور نقوی کو ہار پہنائے اور مبارکباد دی انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ میں تمام احباب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے عزت افزائی کی ، پرانے ساتھی تعاون کریں نئے ساتھی بھی لائیں گے مجلس کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔
وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور مدیجی یونٹ شعبہ خواتین کی جانب سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے ضلع شکارپور کے مدئجی یونٹ کی سیکرٹری جنرل محترمہ عطیہ بتول کی زیر سرپرستی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں کو بنیادی فقہی احکام اور دیگر تربیتی موضوعات پر دروس دیے گئے اس ورکشاپ میں محترمہ وحیدہ نے بھی تدریس کے فرائض انجام دیے اور آخر میں کوئز پروگرام بھی رکھا گیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں قومی کانفرنس بعنوان ’’خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کا کردار‘‘ کا انعقاد ہوا، جس میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون،جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے رہنما اور سنہرے اصول نمایاں کئے جائیں اور عالم اسلام کے تنازعات کے حل کے لئے پاکستانی حکومت قائدانہ کردار ادا کرے۔ قومی کانفرنس میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ایم ڈبلیو ایم کے آغا محمد رضا، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ مدثر، پاکستان عوامی تحریک کے شفیق قادری سمیت اہم سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک تھیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام قومی کانفرنس بعنوان ’’خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کا کردار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں تناؤ کی صورت حال اور ممکنہ جنگ کو ٹالنے کیلئے پاکستان اپنا موثر کردار ادا کرے۔ ایشیائی قیادت کو اس خطے کے امن کو یقینی بنانے کے لیے امریکی نفوذ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ مسلمہ اُمہ کے تنازعات کے حل کے لئے ایک انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد ہونا چاہیئے، جس کے تحت روڈ میپ تشکیل دیا جا سکے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ڈیل آف سنچری فلسطین پر قبضے کو قانونی شکل دینے کی ایک مذموم سازش ہے، جسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا طاقت کے توازن کی ایشیا کی جانب منتقلی امریکہ کے لیے اضطراب کا باعث بنی ہوئی ہے، جسے امریکا روکنے کی سرتوڑ کوشش کر رہا ہے، مسلم امہ کی طاقت کے ٹوٹنے کے نتیجے میں اسرئیل کا ناپاک وجود سامنے آیا۔ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی نے خطے میں مسائل پیدا کئے۔ اسرائیل کی توسیع اس کی بقا کے لیے ضروری ہے، جس کے لئے اس نے خطے میں جنگ کی، لیکن خجالت اٹھانا پڑی، اب ڈیل آف دی سنیچری کے ذریعے اپنے قبضے کو قانونی شکل دینے کی کوشش ہے، تمام فلسطینیوں نے ملکر اس سازش کو اپنے باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیا ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ایران کے ساتھ موجود تناؤ کا اصل سبب بھی ڈیل آف دی سینچری کے خلاف تہران کے اقدامات تھے، جس کی بدولت ڈیل آف دی سینچری ناکام ہوئی۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو غیر جانبدار رہنے کی بجائے خطے میں ممکنہ جنگ کے خلاف کردار ادا کرنا ہوگا۔ خطے کو امریکی مداخلت سے پاک کیے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں۔ گریٹر اسرائیل کے خلاف پاکستان کو واضح موقف اور عملی اقدامات کرنے چاہیئں۔ عالم اسلام کے برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کا ذمہ دارانہ کردار ہماری نیک نامی کا باعث ہوگا۔ سی پیک کی کامیابی ڈیل آف سینچری کی مخالفت سے ہی ممکن ہے۔ یمن جنگ ختم کرنے کے علاوہ ایران اور سعودیہ کو قریب لانے کے لئے بھی پاکستان کو اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی نے کہاہے کہ ایم ڈبلیوایم کےشعبہ سیاسیات کے تحت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر قومی کانفرنس کل اسلام آباد میں منعقد کی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ قومی کانفرنس کا مقصد خطے کی بدلتی صورت حال اور پاکستان کے ہمسایہ میں جاری گشیدگی کے حوالے سےقومی سیاسی ومذہبی شخصیات اور اہل حل وعقد کی جانب سے قومی بیانیہ کی تشکیل ہے ۔
اسدعباس نقوی نے مزید کہاکہ قومی کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو دعوت دی جاچکی ہے ۔اسلام آباد ہوٹل میں منعقدہ قومی کانفرنس سے خصوصی خطاب ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) شہید قائد کی31ویں برسی" ناصران ولایت کانفرنس" کے عنوان سے 4 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ برسی میں پورے ملک سے شہید کے متوالے اور پیروان شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار نثار علی فیضی مرکزی کنوینئربرسی شہید قائد نے مرکزی کور کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ اس اجلاس سے مزید گفتگو کرتے ہوئے نثار فیضی نے کہا کہ قائد شہید حقیقی پیرو ولایت تھے، عاشق امام مہدی تھے امام حسین ع کے حقیقی فرزند تھے. ولایت کا حقیقی مفہوم کو اپناتے ہوئے انہوں نے اپنی زندگی اسلام ناب کو متعارف کروانے میں گزاری، دشمن شناسی اور استعمار دشنمی انکی زندگی کا اہم پہلو تھا۔ آج انکے معنوی فرزند انکے رستے پر چلتے ہوئے اسی سیرت پر عمل پیرا ہیں۔ اسی فکر کو نمایاں کرنے کے لیے اس سال شہید کی یاد ناصران ولایت کے عنوان سے ہوگی۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد کی یاد مجلس کے وجود کے دوام کا باعث ہے. شہید سے محبت دین کے حقیقی تشخص کا فہم دیتی ہے۔اس عظیم الشان اجتماع میں ہم شرکت کر کے پورے ملک بلکہ پوری دنیا کے سامنے اپنے اجتماعی وجود کا اظہار کرتے ہیں۔
اجلاس سے ملک اقرار مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہید قائد نے اپنے جد مولا علی کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مظلومانہ شہادت پائی انکی یاد انکے افکار کو زندہ رکھنا ہماری شرعی زمہ دای ہے۔اجلاس میں شرکاء نے موثر رابطہ مہم کی حکمت عملی مرتب کی۔ اس سال ان شاء اللہ اس اجتماع میں تقریباً ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے۔
یہ اجتماع بروز اتوار شام 5 بجے پریڈ گراونڈ میں منعقد ہو گا. اس اجتماع سے مرکزی خطاب قائد وحدت مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے انکے علاوہ دیگر مکاتب فکر کے مذہبی رہنما خطاب کریں گے۔
مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی علامہ اکبر کاظمی، ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع اسلام آباد برادر ظہیر نقوی ، ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع چکوال جناب سید اعجاز حسین شاہ ، علامہ نیازحسین بخاری ، برادر شبیر ترابی ، برادر صادق جعفری ، برادر ناصر بلتی ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی غلام محمد iعابدی ، مولانا ظہیرالحسن کربلائی کے ، صوبائی سیکرٹری جنرل صوبہ کے پی کے علامہ وحید کاظمی نے بھی گفتگو کی ۔