وحدت نیوز(لاہور) خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ویویلپمنٹ ٹرسٹ شعبہ فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں قرب الہی کی خاطر مخیر مومنین ومومنات کے تعاون سے ایک لاکھ اسی ہزار روپے لاگت کے 144راشن بیگز لاہور کے مختلف علاقوں کے ضرورت مندخاندانوں میں تقسیم کردیئے گئے۔
اس کے علاوہ پروجیکٹ انچارج سیدسجاد نقوی نے اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام مخیر مومنین ومومنات اور تمام والنٹیئرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے جن کے تعاون سے یہ کار خیر پایہ تکمیل تک پہنچا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں سیکرٹری سیاست اسد عباس نقوی اور ممبر پولیٹیکل کونسل سید محسن شہریار شامل تھے۔اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکفیریت کے خلاف پارلیمنٹ سے قانون پاس کروا کر حکومت دہشتگردی کی عفریت سے ملک کو نجات دلا سکتی ہے۔تکفیریت کے ناسور نے دہشتگردی کو جنم دیا اور ملک میں ناامنی اور نفرت اسی سوچ و فکر سے پھیلی۔ بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک کی تمام مذہبی جماعتیں ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ایک پیج پر ہیں۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے عملی کوششیں کی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حکومت مذہبی عدم برداشت کے خلاف ہے اور ملک میں مذہبی رواداری کے لئے کوشاں ہے۔ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو مذہبی عدم برداشت سے بچانے کی کوشش کرنا ہوگی۔ زائرین کی سہولیات کے حوالے کچھ اقدامات کئے ہیں، ان شاء اللہ مزید بھی کریں گئے۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) گذشتہ 6 ماہ کے دوران تاجکستان کی جیلوں میں دوسری بار خونی ہنگامہ آرائی ہوئی ہے. حالیہ ہنگامہ آرائی میں داعشی عناصر نے جیل انتظامیہ کے متعدد افراد کو قتل اور جیل کے چند حصوں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا. داعشی عناصر نے حالیہ ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد قیدیوں کو بھی قتل کیا ہے.تاجکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق 18 مئی کی رات وحدت ڈسٹرکٹ میں واقع کریچنی نامی جیل میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی ہے. حالیہ ہنگامہ آرائی کہ جس میں داعش کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں کیوجہ سے تاجکستان کے دارلخلافہ دوشنبے اور قریبی شہروں میں سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے. وحدت ڈسٹرکٹ تاجکستان کے دارالخلافہ دوشنبے کے مشرقی علاقے پر مشتمل ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس جیل میں سیاسی قیدیوں کے علاوہ داعش سے وابستہ بعض دہشتگردوں کو بھی قید رکھا گیا تھا.ریڈیو آزادی کے مطابق ہنگامہ أرائی کا آغاز کرنے والے قیدیوں کا تعلق حزب التحریر نامی گروہ سے ہے. تاجکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی خاور کے مطابق ہنگامہ آرائی میں داعش کے دہشت گرد ملوث ہیں۔نیوز ایجنسی خاور کے مطابق تاجکستان کی وزارت داخلہ کی خصوصی فوج کے سابق کمانڈر گلمراد حلیم اف کا بیٹا بہروز گلمراداف کہ جس نے امریکہ میں تربیت حاصل کی اور 2015 میں داعش میں شامل ہوا اور بعض ذرائع کے مطابق شام میں مارا گیا تھا اس ہنگامہ آرائی کا سرغنہ ہے. فخرالدین گول اف, محمداللہ شریف اف اور روح اللہ حسن اف حالیہ ہنگامی آرائی کے دیگر سرکردہ لوگ اور گلمراداف کے ساتھی ہیں۔
مذکورہ گروہ نے سب سے پہلے تین جیل اہلکاروں کو اغوا اور قتل کیا جس کے نتیجے میں یہ لوگ 8 قیدیوں کو چھڑوانے میں کامیاب رہے جن کے بارے کہا جارہا ہے کہ ان کا تعلق داعش سے تھا. اس کاروائی کے بعد ان افراد نے مزید 5 قیدیوں کہ جن میں قیام الدین غازی, ستار کریم اف (المعروف مخدوم ستار) اور سید مہدی خان ستار اف (المعروف شیخ تیمور) شامل ہیں کا سب قیدیوں کے سامنے سرقلم اور متعدد قیدیوں کو زخمی کیا.بعدازاں مذکورہ گروہ جیل کے کلینک کو آگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ ان کا سامنا سیکورٹی فورسز سے ہوگیا. بعض ذرائع کے مطابق اس وقت تک جھڑپیں جاری ہیں. اس تصادم میں ہونے والے جانی اور انسانی نقصان کے دقیق اعدادوشمار ابھی تک سامنے نہیں آئے لیکن بعض ذرائع کے مطابق کم و بیش 20 افراد زخمی ہیں. بعض ذرائع کے مطابق مخدوم ستار شہید کا سر اس وقت قلم کیا گیا کہ جب وہ خونریزی اور تصادم روکنے کی غرض سے ہنگامہ برپا کرنے والوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مصالحت کی کوشش کررہے تھے۔
کہا جا رہا ہے کہ ہنگامہ کرنے والوں کی کوشش تھی کہ تاجیکستان کے معروف سیاسی قیدی زید سعید اف کو بھی قتل کریں کہ جنہوں نے دیگر قیدیوں کے درمیان چھپ کرجان بچائی. کہا جا رہا ہے کہ وہ بھی زخمی ہیں.قیام الدین غازی تاجکستان کی معروف مذھبی شخصیت ہیں. انہوں نے 1991 کی جدوجہد آزادی و خودمختاری میں بنیادی کردار ادا کیا تھا. وہ عوام میں محبوبیت کیوجہ سے عوامی جنرل کے نام سے بھی جانے جاتے تھے.گذشتہ سال جب وہ روس کے شہر سنٹ پیٹرزبرگ کے ائرپورٹ پر پہنچے اور اپنے خانوادے سے ملنے جارہے تھے تو روسی اور تاجیک سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں گرفتار کرلیے اور تاجیکستان حکومت کے حوالے کردئیے گئے. تاجیک حکومت نے ان پر قومی, مذھبی اور نسلی نفرت اور دشمنی پھیلانے, حکومت کے ساتھ خیانت کرنے اور حکومت گرانے کے لیے عوام کو اکسانے کے الزامات لگائے تھے۔
سیکورٹی فورسز نے قیام الدین پر شدید تشدد اور ان کے گھر والوں پر دباؤ ڈال کر قیام الدین سے ایران کی مداخلت کے اقرار پر مبنی ایک بیان دلوایا. اس خود ساختہ جرم کی پاداش میں انہیں 25 سال قید کی سزا سنائی گئی. یہ 66 سالہ تاجیک عالم دین مذکورہ جیل میں اپنی 25 سالہ قید گزار رہا تھا کہ جس وقت داعشی عناصر کے ہاتھوں ان کا سرقلم کردیا گیا.حالیہ ہنگامہ آرائی میں شہید کیے جانے والے شہید ستار کریم اف المعروف مخدوم ستار تحریک اسلامی تاجیکستان کی اعلی قیادتی کمیٹی اور سیاسی شورای کے رکن تھے.اس حملے میں زخمی ہونے والے زید سعید اف بھی امامعلی رحمان اف کی حکومت کے سیاسی مخالفین میں سے تھے. زید سعید اف تاجیکستان کے معاشی ماہرین میں سے تھے اور 1999 سے 2006 تک تاجیکستان کے وزیر صنعت رہ چکے ہیں۔
زید سعید اف نے 2013 میں جب امامعلی رحمان اف کی حاکم جماعت کے مقابلے میں سیاسی جماعت بنائی تو ان پر کرپشن کے الزامات لگا کر انہیں جیل میں بند کردیا گیا. بعدازاں کرپشن کے الزامات میں انہیں 29 سال قید کی سزا سنائی گئی. قید کے دوران سعید اف پر بہت تشدید کیا گیا اور چند ایک بین الاقوامی ادارے بھی ان کی رہائی کی کوشش کرتے رہے.وحدت ڈسٹرکٹ کی مذکورہ جیل پر حملے سے تقریبا 6 ماہ پہلے خنجد نامی جیل پر بھی حملہ کیا گیا تھا. تاجیک حکومت کے مطابق خنجد جیل حملے میں بھی داعش ملوث تھی. خنجد جیل حملے میں 50 کے قریب لوگ جان بحق جبکہ دسیوں زخمی ہویے تھے. اسی طرح 2018 میں داعش سے وابستہ دہشت گرد گروہ نے تاجیکستان کے جنوب میں بھی ایک حملہ کیا تھا جس میں 4 غیر ملکی سیاح جاں بحق ہویے تھے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام فلسطین و بیت المقدس اور مسجد اقصی کی آزادی کے لئے جیکب آباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما انور خان سومرو پی ٹی آئی یوتھ کے صوبائی نائب صدر راز خان پٹھان عوامی پارٹی کے چیئرمین دلمراد لاشاری ڈیلی ستارہ سندھ کے ایڈیٹر ممتاز صحافی عبدالرحمن آفریدی جمعیت علماء اسلام کے رہنما حماد اللہ انصاری اصغریہ آرگنائزیشن کے صدر سید غلام شبیر نقوی جماعت اہل سنت کے رہنما مولانا دین محمد پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنما وسیم لطیف مہر استاد عبدالفتاح ڈومکی ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل آغا سیف علی ڈومکی و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاہے کہ جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کے موقعہ پر پاکستان کے غیور عوام مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک نا جائز ریاست ہے جسے تسلیم کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔
اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما محترم انور خان سومرو نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے چاہے وہ فلسطین کے مسلمان ہوں یا کشمیر کے۔ ہم فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے رہنما حماد اللہ انصاری نے کہا کہ افغانستان و عراق میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد امریکہ آج بھی دھشت گردی کی علامت بن چکا ہے۔ اسرائیلی مظالم کو مکمل امریکی سرپرستی حاصل ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الخالق اسدی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 47 ویں یوم تاسیس کے مرکزی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے آتی ایس او کو خدائی تحفہ اور نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او نے ملت اور ملک کو محب وطن اور فعال ملی نوجوان فراہم کیئے۔ آئی ایس او کے نوجوان ملت کا بہترین سرمایہ ہیں۔ آئی ایس او کے بانیان خراج تحسین کے حق دار ہیں ۔آئی ایس او پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اشتراک عمل ملت کی سربلندئ کے لیئے جاری و ساری رہے گا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہور کی جانب سے سمن آباد کے مقام پر یونٹ تشکیل دیا گیا اس موقع پر امامبارگاہ بیت الحزن میں پندرہ رمضان المبارک جشن ولادت امام حسن ع کی مناسبت سے ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ امام حسن علیہ سلام الہی اوصاف و کمالات کا مکمل نمونہ ہیں آپ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر معاشرہ امن و استحکام کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی معاشرے کے قیام اور دینی اقدار کی بقا اور اجراء کے لیے خواتین کا کردار پیش کرنا لازم ہے ہمارے سامنے جناب سیدہ زینب س کی سیرت موجود ہے جن سے ہمیں دین کی سربلندی اور حق کا پیغام عام کرنے کے لیے باطل یزیدی قوتوں کا سر قلم کرنے کا حوصلہ اور جرات ملتی ہے۔
جشن سے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے بھی خطاب کیا اور کارکنان کو یونٹ کی افادیت سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں اور عالمی و ملکی حالات کے پیش نظر خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنے کے لئے ہمہ وقت آمادہ رہنا چاہیے۔اس موقع پر ضلعی سیکرٹری عالمات و ذاکرات محترمہ عصمت بتول بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں جشن کے اختتام پر دسترخوان امام حسن ع کا اہتمام کیا گیا۔