وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی نے کہا ہے کہ بھارت شمالی وزیرستان میں دہشت گردی اور ایل او سی پر جارحیت کے ذریعے اپنا مکروہ چہرہ بے نقاب کر رہا ہے،پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کےلئے بھارت،امریکہ،اسرائیل اور خلیجی ممالک سر توڑ کوشش کر رہے ہیں،اپوزیشن کرپشن بچاؤ تحریک چلانے کے بجائے پاکستان بچاؤ تحریک کا حصہ بنے،کشمیر ایشو اور سی پیک کو ثبوتاژ کرنے کےلئے شدت پسندوں کے سیاسی سرپرستوں کو میدان میں اتارا گیا ہے ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کےلئے باہمی اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔
یہاں ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید حسن کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے وعدوں کی پاسداری کرے ،مہنگائی،بے روزگاری نے غریبوں کا جینامحال کر دیا ہے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف حکومتی ٹیم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا لاہور میں فضائی آلودگی کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ کیے تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے،مجلس وحدت مسلمین عوامی مسائل اور ظالم مافیا کیخلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔
وحدت نیوز(کراچی) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ مرکزی پروگرام کراچی میں نرسری تا پریس کلب تک یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سائیکل ریلی میں سینکڑوں نوجوانوں سمیت شرکت کی اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ واضح رہے کہ انتیس نومبر کو دنیا بھر میں فلسطینیوں کا عالمی یکجہتی کا دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کے حقوق کا دفاع اور آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت یروشلم (القدس) ہے کے قیام کا مطالبہ کرنا ہے۔
یکجہتی فلسطین سائیکل مارچ میں نوجوانوں کے ساتھ مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ علامہ قاضی نورانی، محفوظ یار خان، میجر قمر عباس، اسرار عباسی، مطلوب اعوان، محمد حسین محنتی، مسلم پرویز، مولانا صدیقی قادری اور صابر ابو مریم سمیت دیگر شریک ہوئے۔
شرکاء نے کراچی پریس کلب پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے۔ القدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے اور دنیا کی کوئی طاقت فلسطین کی حیثیت تبدیل کرنے کا حق نہیں رکھتی ۔ انہوں نے فلسطین کی آزاد و خود مختار ریاست جو کہ سنہ ۴۸ کی سرحدوں پر محیط ہو اس کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک جعلی ریاست ہے اور فلسطین کے باشندوں کا حق ہے کہ وہ اپنے وطن واپس آئیں۔
انہوں نے فلسطین و کشمیر میں جاری صہیونی اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین و کشمیر میں ہونے والی بربریت کے خلاف اقدامات کریں۔ اس موقع پر شرکاء نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی حب الوطنی پر مشتمل سیاسی پالیسیز اور گلگت بلتستان کے حقوق کیلئے خصوصی جدوجہد سے متاثر ہوکرجی بی کی اہم سیاسی ، مذہبی وسماجی شخصیات کی تیزی کے ساتھ ایم ڈبلیوایم میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔
کھرمنگ کے معروف عالم دین امام جماعت مسجد زہرا سلام اللہ علیہا حجتہ الاسلام و المسلمین شیخ محمد رضا اسدی، بلتستان کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت حاجی زرمست خان، روندو کے معروف سماجی و سیاسی شخصیت مولانا محمد اسحاق، پاری کی سماجی و سیاسی شخصیت صوبیدار محمد عباس اور فاپا رگیول سے سماجی شخصیت حاجی حسن نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تمام نووارد شخصیات نے ایم ڈبلیوایم میں شمولیت کا اعلان وحدت سیکرٹریٹ سکردو میں ایک تقریب کے دوران کیا، اس موقع پر آغا علی رضوی ، شیخ احمد علی نوری و دیگر عہدیداروں نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں اس عظیم کاروان میں خوش آمدید کہااور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ کے بلتستان ریجن کے اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ صوبائی سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے عہدیداروں سے حلف لیا۔
صوبائی سیکریٹریٹ سکردو میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں امور علماء کے مسئول شیخ ذوالفقار عزیزی، سیکرٹری تبلیغات شیخ حسن عابدی، سیکرٹری تنظیم سازی ہادی حسینی و ابراہیم آزاد، سیکرٹری اطلاعات محمد کاظم میثم، سیکرٹری سیاسیات کاچو ولایت علی خان،فدا علی شگری، سیکرٹری نشر و اشاعت وزیر کلیم، سیکرٹری روابط سید مبارک کاظمی، سیکرٹری تعلیم زاہد حسین، آفس سیکرٹری مبشر رضوی، سیکرٹری شماریات فدا حسین، ترجمان محمد علی، امور عزاداری مولانا رسول میر ، سیکرٹری فنانس سلیم احمد اور حاجی زرمست خان نے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے سیکریٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ صاحب نے شہداء چوک علمدار روڈ میں مظاہرے میں شریک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ واسا عوام کو پانی دینے میں ناکام ہوچکی ہے اور صوبائی حکومت اور محکمہ واسا کو ٹیوب ویل کی بحالی کیلئے 24 گھنٹے کی مہلت دی ہے۔ اگر مقررہ وقت تک پانی بحال نہیں کیا گیا تو ہمیں مجبورا کوئی اور اقدام اٹھانا پڑے گا جس میں محکمہ واسا کے دفتر کا گھیراو اور بلوچستان ہائی کورٹ میں محکمہ واسا کے خلاف کیس دائر کرنے کا آپشن موجود ہے اور ریلی میں موجود شرکاء نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کے اس احتجاج کو جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہے۔
عملدار روڈ کے رہائیشیوں کیساتھ اس سے زیادہ ظلم اور کیا ہو سکتا ہے کہ علمدار روڈ والے 100 فیصد بل کی ادائیگی کرنے کے باوجود پانی جیسے بنیادی سہولت سے محروم ہے۔ جبکہ کوئٹہ کے باقی علاقے والے پانی کے بل جیسے چیز سے بلکل نا آشنا ہے، لیکن ایم ڈی واسا علمدار روڈ والوں کے ریوینیو کو ناانصافی کیساتھ تقسیم کرکے ہمیں بھی ان کے برابر سمجھتے ہیں۔ یہی رویہ اگر رہا، تو ایم ڈی واسا اور انکے حواریوں کیخلاف سخت ترین اقدامات کرینگے۔ کیونکہ جب ہم مشکل میں ہے، تو تمہیں بھی مشکل اٹھانی پڑی گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور فوکل پرسن حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بھارت کے جارحانہ عزائم سے عالمی امن کوشدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی آداب کے منافی بھارتی اقدامات اخلاقی تقاضوں کی بدترین پامالی ہے۔بھارت کا جنگی جنون اسے صفحہ ہستی سے مٹا ڈالے گا۔ پوری پاکستانی قوم وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے۔کسی بھی قسم کی پیش قدمی بھارت کی سا لمیت و بقا کو داو پر لگا دی گی۔
انہوں نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک محمد عمران کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ان کا ج±رم ناقابل معافی ہے۔ اس ملک کو جتنا نقصان دہشت گردی نے پہنچایا ہے اس کی پاکستانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ دہشت گرد عناصر نے مذہب کے نام پر اس ملک میں طویل عرصہ تک خون کی ہولی کھیلی۔
انہوں نے کہا پاک فوج اور ملت تشیع دہشت گردانہ کاروائیوں میں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔دہشت گردوں کی بیخ کنی کے لیے ان کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا ہو گی۔ سرحدی علاقوں کی غیرمعمولی نگرانی کر کے ان دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کو دہشت گردوں کی باقیات سے پاک کرنے کے لیے موثر کاروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہے۔