وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام کربلا گامے شاہ لاہور میں قائد ملت اسلامیہ علامہ مفتی جعفر حسین کی برسی منائی گئی، برسی کی تقریب ان کے مزار کربلا گامے شاہ میں ہوئی جس میں مرحوم قائد کے سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس تھے جبکہ مرحوم کے مزار پر دعائے کمیل کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور علامہ احمد اقبال رضوی نے دعا ئے کمیل کی تلاوت کی۔ اس موقع مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی بھی موجود تھے۔
برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے مرحوم قائد کی ملت کے لئے بے مثال خدمات پر روشنی ڈالی۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بظاہر نحیف اور کمزور نظر آنے والے مفتی جعفر حسین چٹان سے بھی مضبوط ارادے کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں واحد طاقتور ترین قائد مفتی جعفر حسین ہی تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ضیاءالحق جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مفتی جعفر حسین ہم میں ہوتے تو ہماری ملت ان مسائل اور پریشانیوں کا شکار نہ ہوتی، انہوں نے اپنی محنت، ولولے اور مصمم ارادے سے پوری ملت تشیع پاکستان کو ایک لڑی میں پرو دیا تھا۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ دشمن نے ہماری ملت کے خلاف سازش کی اور ہماری بہادر، خوددار اور غیرت مند ملت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا گیا، لیکن آج مجلس وحدت اپنے مرحوم قائد مفتی جعفر حسین کے افکار پر عمل پیرا ہے اور آج بھی مجلس وحدت بکھری ہوئی ملت کو ایک لڑی میں پرونے کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم ملت کو متحد کرنے میں کافی زیادہ حد تک کامیاب ہوئے ہیں اور آج ہمارے ماتمی نوجوان، ہمارے ذاکرین عظام، ہمارے جید اور دردمند علما کرام، ہمارے صالح اور باشعور نوجوان ہمارے ساتھ ہیں اور ہم سب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کوئی جماعت یا گروپ نہیں بلکہ ایک پلیٹ فارم ہے جس پر ہم نے ملت کو متحد کرنا ہے، اس حوالے سے ہم تمام زعما ملت، عمائدین، بزرگان سے رابطے میں ہیں اور انشاءاللہ وہ دن تاریخ کی یہ بوڑھی آنکھیں دیکھیں گی جب ملت تشیع پاکستان ویسے متحد ہو گی جیسے مفتی جعفر حسین نے اسے متحد کیا تھا اور شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے اسے بام عروج پر پہنچایا تھا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے نوجوان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملت کے تمام افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کردار ادا کریں، ملت تشیع کی بقا اتحاد میں ہے، دشمن نے ہمیں گروپوں میں تقسیم کر کے ہماری قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا، ہم تقسیم تھے اس لئے اسے اپنی جارحیت کے ارتکاب کا موقع ملا لیکن اب نہیں، اب ملت جعفریہ پاکستان بیدار ہو چکی ہے اور دشمن کے عزائم جان چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر حسین کی برسی کے تقریب میں ملت کی اس کثیر تعداد میں شرکت سے ثابت ہو گیا ہے کہ لوگ آج بھی مفتی جعفر حسین کے افکار کی عملی تعبیر چاہتے ہیں، اور مجلس وحدت انشاءاللہ مرحوم قائد مفتی جعفر کے افکار کی روشنی میں ملت کو بام عروج پر پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں مفتی جعفر حسین اور علامہ شہید عارف حسین الحسینی جیسے قائدین نصیب ہوئے ہیں، ہم ملت کو اتحاد اور وحدت کا درس دیتے ہوئے ایک باعزت قوم بنائیں گے، ہم ملت کو ایسی قوم بنائیں گے جس کا دشمن اس پر وار کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔
وحدت نیوز ( اسلام آباد) پاکستان کی نامور علمی شخصیت اور عالم اہل حدیث مولانا محمد اسحاق مدنی کی المناک وفات پاکستان کے تمام مسالک کا مشترکہ نقصان ہے ، اتحاد بین المسلمین کے لئے مرحوم کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خدا مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے مرکزی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس سے میڈیا سیل کو جاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔
ان کاکہنا تھا کہ مولانا محمداسحاق اہل حدیث مکتب فکر کی طرح اہل تشیع علماء و عوام میں بھی بے حد مقبول اور پسند کی جانے والی شخصیت تھے ، مرحوم نے شیعہ سنی اتحاد کے لئے عملی کوششیں انجام دیں ، اہل تشیع کی دعوت پر بارہا سیمینارز اور تقاریب میں شرکت کر تے رہے ، اور ہمیشہ وحدت امت ان کا موضوع سخن رہا ۔ منفرد انداز بیان ان کا خاصہ تھا ۔ ان کی وفات سے پیدا ہو نے والا خلہ مشکل سے پر ہو گا ، جب بھی کبھی اتحاد امت کی بات کی جائے گی مولانا اسحاق کا نام ضرور یا دآئے گا۔
علامہ امین شہیدی نے مولانا محمد اسحاق کے اہل خانہ سے ان کی اچانک وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور پروردگار عالم کی بارگاہ میں دعا کی کے خدا انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز ( ہری پور) سیاسی جماعتیں اور سکیورٹی ادارے آخر کب تک دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستان کی تباہی اوربربادی کے مناظر ملاحظہ کرتی رہیں گے ، یہ دہشت گرد عناصر بیرانی ایجنڈے پر پاکستان کی جڑوں کو کھوکلا کر نے میں مصروف ہیں ، ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی کالونی بنا دیا ہے ، پاکستان میں ایک منظم پلاننگ کے تحت حالات کو بگاڑا جا رہا ہے ، کالعدم جماعتوں کے سنگین سانحات میں ملوث ہو نے کہ باوجود انہیں فری ہینڈ دینا اور ان کے خلاف کو ئی کاروائی نہ کرنا وفاقی حکومت اور سکیورٹی اداروں کی نیت کو مشکوک بنا رہا ہے ۔پنجاب میں صوبائی حکومت مسلسل دہشت گردوں کی پشت پناہ میں مصروف ہے ، بھکر میں تکفیری ٹولے کی جانب سے اہل تشیع آبادی پر مسلح حملہ اس بات کی واضح نشانی ہے کہ اب پاکستان میں کو ئی شیعہ محفوظ نہیں ہے ، دہشت گرد شام میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان میں اہل تشیع سے لے رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملک گیر دفاع وطن کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع ہری پور کی تحصیل خانپور میں عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و سیکریٹری امور خارجہ علامہ شفقت شیرازی اور علامہ سخاوت قمی بھی موجود تھے ۔ان کا کہنا تھامسلم لیگ ن جو کہ خود کو فخریہ متعدل اور محب وطن جماعت کہلواتی ہے ، آج بھکر میں دہشت گردوں کو سپورٹ کر کے اپنی ساکھ خود داغدار کر رہی ہے ، تاریخ گواہ ہے کہ مکتب اہل بیت (ع) کے پیروکار کبھی اس مادر وطن کے خلاف کسی خیانت میں شامل نہیں ہو ئے ، کو ئی سکیورٹی ادارہ ثبوت فراہم کرے کے کسی شیعہ نے کبھی کسی سرکاری ادارے ، بازار ، مسجد، چرچ یہ کسی اہل سنت پر حملہ کیا ہو یہ ایسی کسی سازش میں شامل رہا ہو ، جب کہ پاکستان کی سالمت صبح و شام کھیلنے والے تکفیری ٹولے کو ہر قسم کی قانونی و ائینی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے ، حکمران جماعت اور سکیورٹی اداروں کی دہشت گردوں کوسپورٹ کی صورت میں یہ خیانت قومی نقصان ثابت ہو گی ۔
وحدت نیوز (لاہور) پنجاب کے شہر بھکر میں ہونے والے اندوہ ناک واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہیں ، بھکر میں پاکستان دشمن طالبان کے لوکل نمائندوں کالعدم تنظیم کے غنڈوں نے کئی گھنٹے تک پورے شہر کو یرغمال بنائے رکھا ۔ اسلحہ کی بھر پور نمائش کی ۔ کافر کافر کے نعرے لگائے ۔ یہ سب تماشہ انتظامیہ خاموشی سے دیکھتی رہی بلکہ ان دہشتگردوں کی محافظ بن کر کھڑی رہی اور عملاً ان دہشت گردوں کی پشت پناہ نظر آئی۔ ریلی سے واپسی پر ان دہشت گردوں نے کوٹلہ جام اور دریاخان میں اہلِ تشیع کے گھروں پر حملہ کیا ۔ چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تین افراد شدید زخمی ہیں ۔ اندھا دھند فائرنگ کی ۔ ہمارے پانچ فعال لوگوں کو شناخت کرکے شہید کیا گیا۔مساجد کے لاؤڈ اسپیکرز سے شیعوں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے بازی کی گئی۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پو لیٹیکل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی،علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ سید مبارک موسوی، علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ سید امتیاز کاظمی، علامہ ناصر عباس فاطمی، سید اسد عباس نقوی نے سانحہ بھکر کے خلاف صوبائی سیکریٹریٹ لاہور میا8 ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ،رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس پورے واقعے سے یہ بات کھل کر سامنے آ گئی کہ پنجاب میں فرقہ وارانہ گرہوں کو انتظامیہ کی سربراہی میں کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔وزیرِ قانون پنجاب جو ایجنڈا اپنے پچھلے دورے حکومت میں پورا نہیں کرسکے وہ اسے اس دورحکومت میں ہر صورت مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی کی موجودگی میں پورے شہر میں آگ و خون کا یہ کھیل حکومتِ پنجاب کی مستقبل کی پالیسی کے بارے میں کئی اشارے دے رہا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہم ظلم سہتے تو ہیں لیکن ظلم کر تے نہیں ہیں ، پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس حکمت عملی وضع کر ے مجلس وحدت مسلمین اس اندھوناک سانحے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور مقامی انتظامیہ کی فوری برطرفی کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔
ہمارا مطالبات ہیں کہ
1۔ فوری طور پر مجرموں کو گرفتار کیا جائے ۔
2۔ ڈی پی او بھکر کو معطل کرکے جوڈیشل کمیشن سے غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے۔
3۔ اسطرح کی کاروائیاں دہشت گردوں سے مذاکرات کا نتیجہ ہیں۔ لہٰذا فوری طور پر دہشت گردوں سے مذاکرات ختم کرے اور آ ہنی ہاتھوں سے
نمٹنے کی پالیسی کا اعلان کرے۔
4۔ تکفیری گروہوں اور تکفیری ملاؤں کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی لگائی جائے۔
5۔ ایسے مدرسے جہاں دہشت گردی کو شرعی جواز اور کلمہ گو مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگائے جاتے ہیں ان پر فی الفور
پابندی لگائی جائے۔
وحدت نیوز ( اسلام آباد ) پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے حمایت یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد عمر بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پا گئے ہیں ، جب کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 1پشاور میں مجلس وحدت مسلمین کے حمایت یافتہ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی غلام احمد بلو ر فاتح قرار پا گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی انتخابات کا انعقاد ہوا جس میں اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48پر کانٹے دار مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد عمر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اشرف گجر کے درمیان دیکھنے میں آیا ،عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے مخدو م جاوید ہاشمی این اے 48اسلام آباد کینشست پربھی کامیاب ہو ئے تھے بعدازاں وہ اس نشست سے دستبردار ہو گئے تھے ، انتخابی نتائج کے اختتام پر پی ٹی آئی کے امیدوار اسد عمر فاتح قرار پا ئے اور پی ٹی آئی اپنی نشست دوبارہ حاصل کر نے میں کامیاب ہو گئی۔
دوسری جانب عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1پشاور کی حاصل کردہ نشست سے دستبردار ہو نے کے بعد ضمنی الیکشن میں اس نشست پر عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار حاجی غلام احمد بلور اور پاکستان تحریک انصاف کے نامزاد امیدوارگل بادشاہ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیااور انتخابی نتائج کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار حاجی غلام احمد بلور کامیاب قرار پائے ، اوراس طرح پی ٹی آئی اپنی نشست کا دفاع نہ کر سکی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 48پر کامیاب پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد عمر نے گذشتہ دنوں وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ آکر علامہ اعجاز بہشتی اور علامہ اصغر عسکری سے ملاقات کی تھی اور ضمنی انتخابات میں حمایت کی درخواست کی تھی جسے مجلس وحدت مسلمین کے قائدین نے قبول کر لیا تھا انہیں مکمل سپورٹ کا یقین دلایا تھا ۔
دوسری جانب پشاور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1پر عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی آفس پشاور میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ عبد الحسین الحسینی سے ملاقات میں ضمنی الیکشن میں حمایت کی درخواست کی تھی جس پر علامہ علامہ عبد الحسین الحسینی نے حاجی غلام احمد بلور کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی تھی ، اور مجلس وحدت کے کارکنان نے ضمنی الیکشن کے رو ز حاجی غلام احمد بلور کی کامیابی کے لئے بھر پو ر فعالت بھی کی۔