The Latest

وحدت نیوز(پشاور)مختلف شیعہ تنظیموں نے پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلع کرم میں فوری طور پر جنگ بندی اور واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر رہنماوں کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں پچھلے 5 دنوں سے دو گاؤں کے درمیان جاری تنازعے کو مذہبی رنگ دینا اور لڑائی کو پورے ضلع میں پھیلانا افسوسناک ہے، اس پر ریاستی اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عابد حسین شاکری (ممبر متحدہ علماء بورڈ کے پی)، شبیر حسین ساجدی (صوبائی رہنماء ایم ڈبلیو ایم)، حیات روغانی (رہنماء اے این پی)، آغا مولانا حسین (سابق صدر تحریک حسینی پاراچنار)، حسن رضا ڈویژنل صدر آئی ایس او پشاور ڈویژن، عاطف رشید (رہنما ایم ایس ایم) نے ضلع کرم کی حالیہ صورتحال سے متعلق پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم کے پر امن ماحول کو ایک منظم سازش کے تحت خراب کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ریاستی اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ جب دو گاؤں کے درمیان فیصلہ ہو گیا تو کونسی ایسی طاقت تھی جس نے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کیا۔؟ امن جرگہ میں جن ذمہ دار مشران نے فوراً وہاں پہنچ کر اسی گاؤں سے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کی تلقین کی پھر وہ کون سے عناصر تھے جنھوں نے فیصلے کی خلاف ورزی کی اور ان افراد کو قانون کے کٹہرے میں کیوں نہیں لایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ریاستی اداروں بلخصوص صوبائی حکومت کی نااہلی کو اگر دیکھا جائے جوکہ کے پی حکومت کے نااہل صوبائی وزیر برائے قانون نے جو متنازعہ اور فرقہ ورانہ بیان جاری کیا ہے اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں، جس سے علاقے میں فرقہ واریت اور شدت پسندی کو مزید تقویت ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ضلع کرم کے حالات خراب ہوتے ہیں تو ٹل پاراچنار روڈ کو آمد رفت کے لیے بند کیا جاتا ہے، یہ سراسر ناانصافی ہے، ٹل پاراچنار روڈ کی حفاظت حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہم ریاستی اداروں اور کرم کی ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ بندی کے لیے فوری، ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس واقعے کی اعلیٰ سطحی پر غیر جانبداری سے تحقیقات کروائی جائیں تاکہ ملوث عناصر کو سزا دی جائے۔ پریس کانفرنس میں ضلع کرم بھر سے مشران، ذمہ داران افراد اور جوانان نے بھرپور انداز میں شرکت کرکے ضلع کرم کی امن و امان کے لئے آواز اٹھانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

وحدت نیوز(مشھد مقدس)مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہدمقدس کے زیراہتمام دفتر مجلس میں جشن صادقین کی مناسبت سے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس میں مشھد مقدس میں پاکستانی زائرین کے لئے لگایے گئے موکب کے خدام حضرات نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی ابتدا تلاوت کلام مجید سے کی گئی، تلاوت کی سعادت قاری کاظم علی نے حاصل کی، قسور عباس اور شھباز علی نے نعت رسول مقبول اور منقبت  پڑھی۔ حجت الاسلام عقیل حسین خان مسئول شعبہ مجلس وحدت مسلمین مشھد مقدس نے ان مبارک ایام کے موقع پر تمام خدام زائرین اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کو خصوصی طور پر مبارک پیش کی۔ حجت الاسلام آزاد حسین نے تمام خدام کی توفیقات خیر میں اضافہ کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ مقاومت کی کامیابی، دشمن کی بربادی اور وطن عزیز کی سلامتی اور رھبر معظم کی طول عمر کے لئے دعا کی گئی، تمام مہمانوں کی مٹھائی اور مولا امام رضا علیہ السلام کے متبرک کھانے سے خاطر تواضح کی گئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شعبہ تنظیم کا آن لائن اہم اجلاس مرکزی سیکرٹری امورتنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم ریاست کشمیر کے صدر علامہ سید یاسر سبزواری، مرکزی تنظیم سازی کونسل کے رکن اور سابقہ صوبائی صدر خیبرپختونخوا علامہ سید وحید کاظمی، رکن مرکزی تنظیم سازی کونسل برادر آصف رضا ،صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی صوبہ سندھ محمود الحسن ،صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی پنجاب مظہر جعفری، صوبائی جنرل سیکریٹری بلوچستان علامہ سہیل اکبر شیرازی ،مرکزی معاون شعبہ تنظیم سازی مولانا شمس الدین شریک ہوئے۔

 اجلاس میں ضلعی شوریٰ اجلاس ایک روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ مرکزی اور صوبائی کابینہ کے دورہ جات اور شعبہ تنظیم سازی کی فعالیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کابینہ اجلاس اور شوریٰ اجلاس تنظیمی فعالیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ مشاورت اور سالانہ پروگرام پر بر وقت عمل درآمد کا باعث بنتے ہیں۔

 شوریٰ عالی، مرکزی کابینہ اور محترم چیئرمین کی تاکید کے پیش نظر صوبے اور اضلاع ہر سطح پر ایک روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد یقینی بنائیں۔ محرم و صفر اور ایام عزاء کے اختتام پر شعبہ تنظیم سازی کی فعالیت بھرپور انداز سے شروع کی جائے۔اجلاس میں سندھ بلوچستان پنجاب اور ریاست کشمیر کے صوبائی ذمہ داران نے اپنے صوبوں میں شعبہ تنظیم سازی کی فعالیت کی رپورٹ پیش کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹرعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان سے اسلام آباد کے پی کے ہاؤس میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی سمیت ایم این اےشیخ وقاص اکرم،سینیٹرشبلی فراز،حسین اخونزادہ اورترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹرسیف موجود تھے۔

ملاقات میں ضلع کرم کے ناگفتہ بہہ صورتحال اور کشیدگی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ایک اعلی سطح اجلاس میں ضلع کرم میں جنگ بندی اور دیرپا امن کے لئے مزید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس ملاقات میں شریک تمام قائدین اور پارلیمانی رہنماؤں نے ضلع کرم میں وقفے وقفے سے پیدا ہونے والی کشیدہ جنگی صورتحال پر انتہائی تشویش اور چند روز سے جاری لڑائی میں قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا، جنگ کی وجہ سے راستوں کی بندش اور بارڈر پار سے مداخلت کی بدولت معصوم شہریوں کی جان و مال کو ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین خطرات لاحق ہوتے جا رہے ہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کےصوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اپنےایک بیان میں کہا ہے کہ پارہ چنار میں دھشتگرد کھلے عام دھشتگردی کر رہے ہیں حکومت پاکستان کیا کر رہی ہے ۔ دھشتگرد آتے ہیں اپنی مرضی سے پارہ چنار کے عوام کو قتل کرتے ہیں۔ مارکیٹوں پر بم دھماکہ کر کے مارکیٹیں مسمار کر دیتے ھیں ۔ مگر حکومت پاکستان تماشہ دیکھ رہی ہے ۔

دھشتگردوں کو سزا تو دور کی بات ہے، دہشت گردوں کو گرفتارہی نہیں کرتی  ۔ پارہ چنار میں دھشتگردوں کی وجہ سے بد امنی پیدا ہوچکی ہے،حکومت پاکستان سےمطالبہ ہے کہ پارہ چنار میں دھشت گرد جو دھشتگردی کر رہے ہیں ان کو گرفتار کر کے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ ملک میں امن قائم ہوسکے  ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹرء سید ناصر عباس شیرازی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر قانون کا ضلع کرم میں حالیہ کشیدہ صورتحال پر فرقہ ورانہ اور متعصبانہ بیان جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی اعلی قیادت اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اس کا نوٹس لیں، بجائے اس کے کہ صوبائی وزیر قانون یہ بتائیں کہ ضلع کرم میں آئین و قانون کا نفاذ کیوں نہیں ہو رہا، پورے علاقے میں امن و امان قائم کیوں نہیں ہو رہا اور اپنی ناکامی ونااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کا فی الفور ازالہ کریں، عوام کی جان و مال کا تحفظ انکی ذمہ داری اور فرض ہے اور اس لڑائی میں قیمتی اور معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دکھ و تکلیف کا اظہار کریں، عوام کی مشکلات کو حل کرنے کی راہ نکالیں، الٹا جلتی پر تیل ڈال کر انتہائی غیر ذمہ دار شخص ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں جو کہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔

سید ناصرشیرازی نے کہا کہ انکے بیان سے تعصب اور فرقہ واریت کی بو آتی ہے، جو کہ پاکستان کی سالمیت اور انکی پارٹی پالیسی کے بھی خلاف ھے، اس طرح کے متعصبانہ رویہ سے علاقے میں اتحاد و وحدت کی فضاء قائم ہونے کی بجائے اسے شدید نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ یہ خود ایک نااہل شخص ہے، علاقے میں بارڈر پار سے ہونے والی دراندازی اور شدت پسندوں کے باڑ توڑ کر عام شہریوں پر حملہ آور ہونے کو روکنے کی بجائے مسئلے کا رخ موڑ کر اصل بات کو غلط رنگ دینے کی مضحکہ خیز کوشش کی جا رہی ہے، ایک ایسا اسلامی ملک جو فلسطینی عوام اور فلسطینی مسئلے کے ساتھ پورے عالم اسلام میں استقامت کے ساتھ کھڑا ہے اور مظلومین کی توانا آواز ہے اسے بدنام کرنے کی بھونڈی کوشش کی گئی ہے، صوبائی وزیر فوری طور پر اپنی اس بہیمانہ  حرکت پر پوری قوم اور بالخصوص کرم کے عوام سے معافی مانگے، دوسری صورت میں کرم کے عوام یہ بتائیں گے کہ کس طرح کراس بارڈر دہشت گردی کو نہیں روکا جا رہا اور ذمہ دار ادارے اس کو روکنے میں ناکام ہیں۔

وحدت نیوز(رانی پور)اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان رانی پور ہونٹ کے زیر اہتمام جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے رانی پور سٹی میں وحدت علمی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ وحدت سیمینار سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی ضلعی صدر علامہ صفدر علی ملاح علامہ حیدر علی عامر و دیگر نے خطاب کیا۔

 اس موقع پر وحدت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی دومکی نے کہا کہ فلسطین کے محاذ پر حماس کے مجاہدوں نے اور غزہ کے بہادر اور صابر عوام نے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ انسانی میں کم نظیر ہیں آج حزب اللہ لبنان مظلوم فلسطین کے شانہ بشانہ اسرائیل غاصب سے لڑ رہی ہے۔ انصار اللہ یمن نے بھی فلسطین کے مظلوموں کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ آج امت مسلمہ کو مل کر ان مجاہدوں کی ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حق و باطل کی اس جنگ میں ہم بے طرف نہیں ہیں ہم اھل حق کے ساتھ ہیں۔ امت مسلمہ کو تماشائی بننے کی بجائے اھل حق کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وحدت قران کریم کا حکم ہے جبکہ تفرقہ قران کریم کی نظر میں حرام اور گناہ ہے علماء کرام اور قوم کے مختلف طبقات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وحدت اور اخوت کے پیغام کو عام کریں اور تفرقہ و انتشار کے سوداگروں کو بے نقاب کریں جو بھائی کو بھائی سے لڑاتا ہے وہ دشمن کا آلہ کار تو ہو سکتا ہے امت مسلمہ کا وفادار ہرگز نہیں ہو سکتا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ صفدر علی ملاح نے کہا کہ حضور سید الانبیاء ﷺ کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد ہے۔ اور شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)پارہ چنار ضلع کرم کی حالیہ کشیدہ وجنگی صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، ڈاکٹر عابد حسین نے دیگر قائدین اور مشران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اہم اور حساس ترین علاقے پارہ چنار کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر انتہائی تشویش ہے، جس میں چند روز کے اندر کئی معصوم جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں پر عائد ہوتی ہے، آخر کیوں مٹھی بھر شدت پسندوں کو بار بار علاقے کے امن و امان سے کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے، ہمارا دونوں حکومتوں سے مطالبہ ھے کہ اس مخدوش صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول کریں، پارہ چنار شہر کے لوگ پرامن اور تعلیم یافتہ ہیں لیکن ضلع کرم کے لوگوں کو یہ صلہ دیا جا رہا ہے کہ وہاں کے معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے، دونوں حکومتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارڈر سے مداخلت کو بھی روکیں اور ان حالات میں ملوث افراد کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے، ہمارے قومی اسمبلی میں بیٹھے ممبران کو اپنی سیاسی چالبازیوں سے ہی فرصت نہیں کہ وہ اس اہم علاقے میں امن کے نفاذ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کشیدگی میں پچاس افراد جانبحق ہوئے، کشیدگی کے خاتمے کے لئے ایک بھرپور پارلیمانی وفد نے ضلع کرم کا دورہ بھی کیا، دونوں اطراف کے لوگ امن چاہتے ہیں، جب طے ہوا تھا کہ کوئی نیا مورچہ نہیں بنے گا اس کے باوجود خلاف ورزی کی گئی، بارڈر کے پار سے دراندازی کے واضح شواہد موجود ہیں، سوشل میڈیا پر فتنہ پھیلانے والوں پر ہاتھ ڈالے بغیر امن کی امید مشکل ہے، اس علاقے کا تمام زمینی ریکارڈ موجود ہے، کاغذات مال کے مطابق زمینی تنازعات کو حل کیا جانا چاہئے، جرگوں کمیٹیوں کے فیصلوں کے باوجود امن کی راہ میں کونسی قوتیں حائل ہیں، امن برقرار رکھنے میں ناکامی سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے، جب دونوں اطراف کے مورچوں میں سیکورٹی کے اہلکار موجود ہیں لیکن لڑائی پھر بھی شروع ہو گئی ہے، وفاقی سیکورٹی ادارے سب سے پہلے جواب دہ ہیں، کرم زمینی طور پر باقی ملک سے کٹ چکا ہے، جنگ کی چنگاری آگ بننے لے لئے تیار ہے، بیس دن کرم یکجہتی کمیٹی کے عمائدین نے اسلام آباد میں دھرنا دیا لیکن انہیں انتظامیہ نے دباؤ ڈال کر اٹھا دیا، جو بھی امن کو ثبوتاژ کرنا چاہتا ہے ان کے خلاف قانون حرکت کرے ریاست اپنی رٹ قائم کرے، ضلع کرم میں ریاست کی رٹ نظر نہیں آرہی جبکہ ایک ملٹری برگیڈ وہاں موجود ہے، یہ ریکارڈ پر ہے کہ کرم کبھی ملٹری کے لئے تھریٹ نہیں رہا، بطور پاکستانی ہم علاقے کی کشیدہ صورتحال پر بہت پریشان ہیں۔

وحدت نیوز (کنب)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن استکباری قوتیں مسلمانوں کے درمیان نفرت، اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہی ہیں اور عالمی سامراج "لڑاؤ اور حکومت کرو" کے شیطانی منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنب شہر کے مین چوک پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ امام علی علیہ السلام کنب کے زیر اہتمام جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے عظیم الشان سالانہ ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، جامعہ امام علی علیہ السلام کنب کے پرنسپل علامہ محمد نقی حیدری، سید زین العابدین شاہ، عمران شاہانی رئیس اور نثار علی چانڈیو نے کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سید الانبیاء (ص) سے عشق و مودت ایمان کا تقاضا ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں حضرت محمد مصطفی (ص) جیسا بے عیب رسول عطا کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہفتہ وحدت منانے کا مقصد امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و وحدت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ کیونکہ اسلام دشمن استکباری قوتیں مسلمانوں کے درمیان نفرت، اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہی ہیں اور عالمی سامراج "لڑاؤ اور حکومت کرو" کے شیطانی منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ امت مسلمہ کے علماء و اکابرین اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نفرت کے سوداگروں کو شکست دیتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے مقابلے میں حزب اللہ، حماس اور انصار اللہ کے جوانوں نے جس بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق صد تحسین ہے۔ فلسطین کے مظلوم مسلمان پوری امت مسلمہ کے عزت اور وقار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انشاءاللہ حماس، حزب اللہ، انصار اللہ اور دیگر اہل حق کے جہاد کے نتیجے میں بیت المقدس آزاد ہوگا۔ ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ فلسطین خدا کے صالح بندوں کے ہاتھوں عنقریب آزاد ہوگا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ سے مستقبل میں اقتصادی سمیت تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ ہماری قوم کا دار و مدار نئی نسل پر منحصر ہے۔ جنہیں اقتصادی میدان میں بے تحاشا ترقی کرنے کے لئے کوششیں کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمیہ اسلامک سینٹر کوئٹہ میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کی جانب سے منعقدہ کتب خوانی مقابلہ کے تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان شعبہ تربیت کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کتب خوانی مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء سید عباس موسوی، ڈاکٹر لیاقت علی، حاجی غلام حسین اخلاقی سمیت دیگر صوبائی و ضلعی رہنماؤں، کارکنوں اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

علامہ علی حسنین نے شعبہ تربیت کے سیکرٹری اور کارکنوں کو کتب خوانی مقابلے کے انعقاد پر داد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں کتب خوانی اور مطالعہ کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے انکی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ قارئین کی حوصلہ افزائی سے مطالعہ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ اور عوام کے شعور کی بلندی میں کتب خوانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اسی طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کی ضرورت ہے۔ علامہ علی حسنین نے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز نالج بیسڈ اکانومی ہے۔ تعلیم میں ترقی کے ذریعے ان کا اقتصاد بہتر ہوا ہے۔ پاکستان کے روشن مستقبل کا انحصار نوجوانوں پر ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہر میدان کو فتح کیا جا سکتا ہے۔ دنیا کے اقتصاد پر قابو پانے کے لئے ہماری نسل کو بہترین تعلیمی اداروں سے علم حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔

Page 11 of 1510

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree