The Latest

وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ اور ضلعی قیادت نے پاراچنار کے شہداء کے گھروں میں جا کر تعزیت کی۔ مجلس علماء مکتب اہلبیت کے صوبائی صدر علامہ محمد احمد روحانی کی زیر قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر ساجدی،ضلعی صدر تحصیل چیئرمین میئر علامہ مزمل حسین فصیح ،تحصیل پاراچنار کے صدر سید مسرت کاظمی،ضلعی نائب صدر مولانا شفیق حسین مطہری، ضلعی رہنما سعید خان،حسن علی شاہ،قمبر عباس،جلیل حسین سمیت دیگر عہداران نے شہداء کے گھروں میں جا کر تعزیت و تسلیت پیش کی۔

اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم شہدا کے لواحقین ساتھ کھڑی ہے، پارا چنار پاکستان کے غیور اور شجاع فرزندوں کی سر زمین ہے، جنہوں نے کئی مرتبہ لشکر کشی کو ناکام بنایا اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایالیکن اپنی پاک سر زمین پر آنچ نہیں آنے دی، آج تمام مقتدر قوتوں کو چاہیے کہ وہ بھی پارا چنار ضلع کرم کے محب وطن پاکستانیوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کی بیخ کنی کرے،اور علاقے کی پرامن فضاء کو سبوثاژکرنے کی ہرگز اجازت نہ دیں، جس میں درجنوں معصوم افراد شہید ہوئے ہیں، جن کا بے گناہ خون ریاست کے کندھوں پر قرض ہے۔

 اس موقع پر علامہ محمد احمد روحانی اور شبیر ساجدی نے شہداء کے لواحقین کو قائد وحدت چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا تعزیتی پیغام پہنچایا، صوبائی و ضلعی رہنماؤں پر مبنی وفد نے پشاور،شلوزان اور کانوائے پر ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے تمام شہدائے اسلام کے گھروں میں جاکر تعزیت کرتے ہوئے خانوادگان شہدا سے مکمل اظہار یکجہتی کی۔

وحدت نیوز(چکوال)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی کا وفد کے ہمراہ ضلع چکوال کا دورہ۔ 12 نومبرآزادی فلسطین ریلی کے لئے صوبائی صدر پنجاب نے چکوال کادورہ کیا ۔

اس موقع پرجناب سید وسیم شاہ کاظمی ضلعی صدر ضلع چکوال ، جناب سید واجد علی شاہ کاظمی نائب صدر ضلع چکوال اور دیگر ضلعی کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

علامہ علی اکبرکاظمی کی چکوال میں  127 ماتمی سنگتوں کے سالاروں سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں تمام سنگتوں سمیت 12 نومبر کے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ضلع چکوال کے عمائدین اور مومنین کرام نے یقین دلایا کہ ضلع چکوال سے مومنین کی اچھی خاصی تعداد 12نومبر کی ریلی میں شرکت کرے گی اور اپنے قائد وحدت کے فرمان پر لبیک کہے گی ۔ ان شاءاللہ۔

ضلع چکوال میں دعوتی مہم کے لئے کمیٹیاں بنیادی گئی ہیں ۔ جو مختلف مقامات اور علاقوں میں جاکر 12 نومبر کی ریلی میں شرکت کے لئے افراد کو آمادہ کریں گی ۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان وومن ونگ کی جانب سے قومی مرکز شاہ جمال لاہور میں سالانہ مرکزی تنظیمی کنونشن بعنوان حماسہ فلسطین کردار زینبی و بانوان عصر حاضر کا انعقاد ہوا ،مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی کی زیر صدارت منعقدہ  حماسہ فلسطین کنونشن میں ملک بھر کے اضلاع جن میں کوئٹہ ، اٹک ، لاہور ، جہلم ، اسلام آباد،  راولپنڈی، سکھر ، حیدر آباد ، نارووال ، چینوٹ،  فیصل آباد ، رحیم یار خان ،گلگت اور بہاولپور سے  نمائندگان نے شرکت کی ۔

کنونشن کے پہلے روز بیاد شہدائے فلسطین شب شہداء کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ معصومہ نقوی نے دعائے کمیل کی تلاوت کی اور مظلومین فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے مصائب سید الشہدا ءؑ بیان کیے شب شہداء کے اختتام پر غیور فلسطینیوں کی فتح ، بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل و امریکہ کی نابودی کے لیے دعا کی گئی۔

 کنونشن سے مرکزی خطاب چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجا ناصر عباس جعفری حفظ اللہ نے کیا علاوہ ازیں مرکزی جنرل سیکرٹری برادر ناصر شیرازی ، پرنسپل جامعہ بعثت علامہ مہدی کاظمی ، رہنما ایم ڈبلیو ایم مولانا ظہیر الحسن کربلائی ، مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ معصومہ نقوی ، سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ سیدہ زہرا نقوی ، سینیئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ تحسین شیرازی ، سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ نرگس سجاد، سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ طیبہ ناصر نے کنونشن سے خطاب کیا۔

 تمام مقررین نے تربیتی موضوعات کے ساتھ ساتھ حماسہ فلسطین  اور پاراچنار کے حالات حاضرہ پر بھی روشنی ڈالی۔ کنونشن کی اختتامی نشست میں تمام اضلاع کی مسئولین میں مرکز کی جانب سے انعامات تقسیم کیے گئے۔ مرکزی کنونشن کے انتظامی امور میں ضلع لاہور نے بہترین انداز میں فرائض انجام دیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کا اسلامی مقاومت اور علماء کی ذمہ داریوں کے موضوع پر اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت نائب صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان علامہ اقبال حسین بہشتی نے کی اور کہا کہ ہم سب کی بحیثیت کلمہ گو یہ اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں اور غاصب اسرائیل کی درندگی اور سفاکیت کو دنیا کے سامنے عیاں کریں۔

اس موقع پر علامہ اصغر عسکری نے علمائے کرام کو 12 نومبر آزادی فلسطین مارچ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تیس روز سے جاری غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں ہزاروں کی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں لیکن امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک اردن، عرب امارات، ترکی اور مصر نے بے حسی کی انتہاء کر دی ہے اور غاصب صہیونی ریاست کے تمام تر غیر انسانی اور جنگی جرائم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اس دینی غیرت و حمیت سے عاری رویے کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے، اجلاس میں شریک تمام علمائے کرام کی جانب سے آزادی فلسطین مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے بھرہور کوششوں اور عزم کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد کے آئمہ جمعہ والجماعت اور علمائے کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(قم) فلسطین ہمیشہ باقی رہے گا اور اسرائیل کا خاتمہ یقینی ہے مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔اسرائیلی مظالم نے ساری دنیا میں اسرائیل کو رسوا کر دیا ہے۔حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ، تفصیلات کے مطابق ایران کے شہر قم المقدس میں  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علمائے امامیہ پاکستان کے سربراہ  حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی سے قائد انصار الله يمن سيد عبدالملك حوثي کے یمن میں  شيعہ جعفریہ کے امور وروابط کے نمائندے  علامہ سید یحی طالب الشريف نے خصوصی ملاقات کی۔

 انکے قم آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی کابینہ، موسسہ باقرالعلوم کے مسوولین اور مجلس وحدت شعبہ امور خارجہ کے شعبہ روابط و ابلاغ عامہ کے معاونین و ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر میزبان  حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے معزز مہمانوں کو حاضرین کا تعارف کرانے کے ساتھ ساتھ انہیں مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت، اہداف اور تاریخ سے بھی آگاہ کیا۔

 انہوں نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف یمن کے موقف اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی مقاومت رنگ لائے گی اور اسرائیل کی شکست یقینی ہے۔ اسرائیل اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے اور عورتوں و بچوں پر حملے کر کے اپنی شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

ان کے بعد علامہ سید یحییٰ طالب الشريف کے مسئول دفتر السید سلیم المنتصر نے مہمان شخصیت کا تعارف کروایا اور مذھب جعفریہ کے لئے انکی علمی و اجتماعی خدمات اور قائد انصار اللہ کی جانب سے انکی ذمہ داریوں کو بیان کیا اور اپنی گفتگو میں اہل یمن اور ملت پاکستان کے درمیان محبت و اخوت اور بھائی چارے پر روشنی ڈالی۔

 انہوں نے کہا کہ استعماری طاقتیں کسی قسم کے انسانی حقوق یا انسانی زندگیوں کا احترام نہیں کرتیں۔ یمن نے اپنی خودمختاری اور آزادی کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ فلسطین کے درد کو یمنی بہتر انداز میں سمجھتے ہیں۔ اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے ہم ان کے ساتھ میدان میں کھڑے ہیں۔ ناکامی اور شکست ظالموں کا نصیب ہے۔ اسرائیل کا خاتمہ یقینی ہے۔ فلسطینیوں کی مقاومت کے باعث جلد ہی امت مسلمہ کو ایک بڑی فتح کی نوید ملے گی۔

ان کے بعد مہمان خصوصی علامہ سید یحییٰ طالب الشریف نے کہا کہ ملت پاکستان اور اہل یمن کے درمیان گہرا دینی و اسلامی رشتہ ہے۔ تمام ممالک کے مسلمانوں کو باہمی روابط اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر مسلمان آپس میں متحد ہوتے تو آج غزہ میں یوں ظلم نہ ہوتا۔

 انہوں نے کہا کہ اپنی مقاومت کے باعث فلسطین ہمیشہ باقی رہے گا اور فلسطینیوں پر ظلم کرنے والے اسرائیل کا خاتمہ یقینی ہے۔ ہم ہر ممکنہ طریقے سے ملت فلسطین کی حمایت اور  دفاع کرنا واجب سمجھتے ہیں۔ غزہ میں اپنی مقاومت سے فلسطینیوں نے شجاعت، بہادری اور دوراندیشی کی ایک نئی اور لازوال تاریخ رقم کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دنیا میں پائے جانے والے سارے اسلامی ممالک کو اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔ حاضرین نے یمن کے حالات اور فلسطین کی حمایت کے حوالے سے معزز مہمانوں کے ساتھ سوال و جواب بھی کئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اہل یمن پاکستانی بھائیوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اس محبت کی جڑیں ہماری دینی ثقافت قومی روایات و غیرت وحمیت کی شاندار تاریخ سے ثابت ہوتی ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے پولیٹیکل سیکرٹری سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، نگراں حکومت پیٹرول میں کمی اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام سے آنکھ مچولی کھیل رہی ہے، متوسط طبقہ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے، موجودہ پیٹرول کی قیمتوں کا ریلیف عوام کو نہیں مل سکا، عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو بھی کم کیا جائے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ گراں فروش مافیا کے خلاف کاروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جنہوں نے مافیا کی شکل میں ہر کاروبار میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، عام اشیائے خوردونوش، سبزی اور پھلوں سمیت دیگر ضروریات زندگی کی من پسند داموں فروخت انتظامی معاملات سے حکومت کی عدم دلچسپی کا بین ثبوت ہے، روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیئے تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرول، گیس وبجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان اور آئی ایس او ملتان ڈویژن کی جانب سے مظلومین غزہ فلسطین و پارا چنار کے لئے چونگی نمبر 6 پر دعائے توسل کا اہتمام کیا گیابزم کمیل کے مسئول برادر امیتاز نے دعائے توسل کی تلاوت کی۔شہدائے غزہ و پارا چنار کے لئے شمعیں روشن کی گئیں اور خصوصی دعاء کی گئی اس موقع پر مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین برادر سلیم عباس صدیقی صوبائی صدر جنوبی پنجاب علامہ سید اقتدار حسین نقوی ڈویژنل آرگنائزر آئی ایس او ملتان  برادر حسن رضا برادر احتشام ڈاکٹر حسیب برادر فخر نسیم برادر عاطف سرانی,برادر جواد مصطفی، فہیم جعفر ایڈووکیٹ سید نیر عباس شمسی نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

 دعاء میں بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوئی شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے اس موقع پر فلسطینی نغمے لگائے گئے اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے غزہ پر اسرائیلی  جارحیت کی شدید مزمت کی اور حماس اور اسلامی جہاد کی استقامت کو سراہا گیا نیز پاراچنار میں شیعہ قتل عام پر تشویش کا اظہار کیا 12 نومبر انشاء اللہ اسلام آباد میں آب پارہ سے امریکی سفارت خانے تک قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی امریکہ مردہ باد مارچ کی تائید کی آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نظر آتش کیے گئے۔

وحدت نیوز(خانیوال) مخدوم پور کبیر والہ عمیر علی جن کو ظالموں نے محب اہلبیت علیہ السلام کی پاداش میں  شہید کیا گیا شہید کے جنازے میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی نیابت میں مجلس وحدت کے وفد نے جنازے میں شرکت کی۔

وفد میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ سید اقتدار حسین نقوی برادر سلیم عباس صدیقی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سیکرٹری فلاح و بہبود برادر مختار حسین اور ضلعی صدر خانیوال برادر منظر موجود تھے ۔

اس موقع پر صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے خطاب کیااور قاتل کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر لواحقین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) ملی یکجھتی کونسل بلوچستان کی ممبر جماعتوں کے قائدین کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی صوبائی سیکریٹریٹ علمدار روڈ کوئٹہ میں زیر صدارت صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی منعقد ہوا، اجلاس میں جماعت اسلامی، مجلسِ وحدت مسلمین، جماعت اہل سنت، جمعیت علماء پاکستان ،مرکزی مسلم لیگ ،جمعیت اتحاد علماء ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، شیعہ علماء کونسل، تحریک خلافت پاکستان، مجلسِ علماء مکتب اہل بیت ،تنظیم اسلامی  بلوچستان ،مرکزی شوری ختم نبوت کے قائدین، علامہ سید ظفر عباس شمسی،علامہ سید ہاشم موسوی سید مومن شاہ جیلانی،مولانا انوار الحق حقانی،پیر سید حبیب اللہ چشتی،،ڈاکٹر عطاء الرحمن،مولانا عبد الکبیر شاکر،مولانا خلیل الرحمن،مولانامحمد موسی حسینی،مولانا سید محمد رضا اخلاقی،جناب محمد ادریس مغل،مولانا اعجاز الحق،جناب محمد طاھر کھیتران، جناب محمد یونس، سہیل اکبرشیرازی ،علامہ ولایت جعفری، مولانا ذاکر حسین درانی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔

اجلاس میں اسرائیل کی غزہ پر بمباری  اور واقعہ مستونگ و پاراچنار پر گفتگو کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ مسلمان ممالک وامت مسلمہ کو اس وقت فلسطین کی مصیبت زدہ عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہیے اس وقت یہودی نصاریٰ اہل اسلام کے مد مقابل متحدومتفق ہوچکے ہیں اور مسلم حکمران خواب غفلت اور غلامی کرنے میں مصروف ہیں، علماء کو نماز جمعہ کے خطبات میں مسلہ فلسطین پر بات کرنی چاہیے ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کرنا چاہیے ،فلسطین کاز کے مورال اسپورٹ کرنے کا اعلان کیا۔گیا نیز مستونگ اور پاراچنار میں دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے نیز افغان مہاجرین کو عزت و احترام کے ساتھ روانہ کرنا چاہیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پسنی اور ماڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، پاک فوج کے 14 جوانوں کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، دہشت گردی کے ناسور نے وطن عزیز کو غیر معمولی نقصان پہنچایا ہے، شدت پسند تکفیری گروہ اور ان کے سہولت کار آستین کے وہ سانپ ہیں جو ڈسنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اس افسوسناک سانحہ پر سوگواران کی خدمت میں دلی تعزیت وہمدردی پیش کرتے ہیں، شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں پوری قوم  برابر کی شریک ہیں اور واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک اڈے کے قریب پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، پچیس کے قریب افراد شدید زخمی ہیں جن میں سے چھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، یہ بہت ہی کربناک ہے کہ ایک طالب علم بھی امتحان دینے کے بعد گھر جاتے ہوئے شہید ہوا ہے جو کہ چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، میں اس سوگوار گھرانے کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں، آخر کب تک یہ غیر انسانی اور بزدلانہ حملے ہوتے رہیں گے اور بے گناہ افراد بارود کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے، یہ مذموم اور قبیح کھیل اب بند ہونا چاہیے،  فوری طور پر بغیر کسی رعایت کے ان ملک دشمن عناصر کے سروں کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree