The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)بارہ نومبر آزادی فلسطین مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس جامعہ الصادق اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کی، اجلاس میں ضلع اسلام آباد کی مختلف تنظیموں اور انجمنوں کی طرف سے بھرپور شرکت کی گئی، جن میں انجمن دعائے زہرا، پاک حیدری اسکاوٹس، امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن، کرم ویلفیئر سوسائٹی، پاراچنار یوتھ راولپنڈی اسلام آباد، جانثاران اہلبیت، دستہ غلامان عباس اور دیگر آرگنائزیشن کے ذمہ داران شریک تھے، بڑے پیمانے پر چلائی گئی آگاہی مہم اور عوامی روابط کے تحت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے آزادی خواہ مرد و خواتین، بچے بوڑھے اور جوان ہزاروں کی تعداد میں شرکت کریں گے اور اپنے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔
اس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے پروگرام میں بھرپور شرکت اور اسے کامیاب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، سید ناصر عباس شیرازی، شیخ اعجاز بہشتی، سید ظہیر نقوی، اسد اللہ چیمہ نے پروگرام کے انتظامات اور کمیٹیوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کے شرکاء کی جانب سے آزادی فلسطین مارچ کی کامیابی کے لیے دیئے گئے مفید مشوروں پر بھی گفتگو کی گئی۔
وحدت نیوز(روات) مرکزی صدر ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نےجمال الدین کے علاقے میں خطاب کرتے ہوئے حالات حاضرہ کے موضوع پر روشنی ڈالی اور فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں12 نومبر کو امریکی سفارت خانے تک نکالی جانے والی ریلی میں تمام مومنات کو عمومی دعوت دی ۔
اس موقع پر محترمہ صدیقہ کائنات اور محترمہ بینا شاہ بھی ان کے ہمراہ تھیں مومنات نے مجلس وحدت شعبہ خواتین کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور ریلی میں بھرپور شرکت کی یقین دھانی کروائی۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) پیپلز پارٹی ضلع جیکب آباد کے صدر میر لیاقت علی لاشاری کی میزبانی میں ڈی سی چوک جیکب آباد پر عظیم الشان طوفان الاقصیٰ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جیکب آباد کی سیاسی مذہبی جماعتوں معززین شہر اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے مجاہدین خدا کی نصرت کے سہارے غاصب اسرائیل کے مقابلے میں جرئت و شجاعت سے میدان میں لڑ رہے ہیں۔ فلسطینی خدا کے دین کی سربلندی اور قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ یہ قربانیاں اور شہداء کا پاکیزہ لہو بیت المقدس کی آزادی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے مگر مسلم حکمران امریکی غلامی میں غرق ہیں۔ اسرائیلی ظلم و بربریت کو امریکہ اور اسرائیل کی مکمل حمایت حاصل ہے بلکہ امریکہ براہ راست مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین عنقریب خدا کے لشکر کے ہاتھوں آزاد ہوگا۔ جن مسلم حکمرانوں کی گردن میں امریکی غلامی کا طوق ہے وہ تاریخ میں رسوا ہوں گے۔ حماس جہاد اسلامی فلسطین حزب اللہ اور انصار اللہ کے حوثی مجاہدین اسرائیل کو نابود کریں گے۔کانفرنس سے ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی میر لیاقت علی لاشاری ضلع صدر جمعیت علمائے اسلام ڈاکٹر اے جی انصاری ضلع صدر جماعت اسلامی دیدار علی لاشاری سید احسان علی شاہ بخاری ملک الطاف حسین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو و دیگر نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے یکجہتی فلسطین آل پارٹیز کانفرنس کراچی شہید حمید علی بھوجائی ہال میں کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں بشمول متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، جی ڈی اے، تحریک انصاف، جے یو پی، مرکزی مسلم لیگ، پاکستان عوامی تحریک، اہل حدیث رابطہ کونسل، شیعہ علماء کونسل، جعفریہ الائنس، مجلس ذاکرین امامیہ و دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے صدارتی خطاب میں مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ اسرائیل غاصب ریاست ہے، فلسطینیوں نے اپنی زمین نہیں بیچی یہ ایک صہیونی پروپیگنڈہ ہے، دنیا بھر میں یہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ حماس نے اسرائیل پر 7 اکتوبر کو حملہ کردیا جس کی جوابی کاروائی اسرائیل نے کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سالوں سے اسرائیل نے فلسطینیوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور لاکھوں معصوم بچوں، خواتین، جوانوں اور بزرگوں کو بے رحمی سے قتل عام کیا جارہا ہے، حماس نے ان 75 سالوں کا جواب دیا اور اپنا دفاع کیا جس پر پوری دنیا بول رہی ہے، غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے اور اسلامی ممالک صرف اجلاس کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملکی تعلیمی اداروں میں مسئلہ فلسطین کو اپنے نصاب کا حصہ بنائے، صحافت ریاست کا ستون ہے، تاریخ مسئلہ فلسطین پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں، آزادی فلسطین کی جنگ ہم سب کو مل کر لڑنی ہے، کشمیر و فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، حکومت ملکی سطح پر امریکی و اسرائیلی مصنوعات کا بیکاٹ کریں، مسلم ممالک اسرائیل کو تیل و گیس کے معائدے ختم کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اور مسلم ممالک امریکہ و اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کریں۔
کانفرنس سے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کا بنیادی مسئلہ ہے، فلسطین کاز کیلئے یک جان ہیں، 35 دنوں سے فلسطین میں اسرائیلی بربریت، دہشت، وحشت اور حیوانیت جاری ہے، فلسطین میں یزیدیت جاری ہے، مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے دنیا بھر کی طرح پاکستان کی بھی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک ہیں، اسرائیل و امریکہ اس دور کے یزید ہیں، دور حاضر کے یزید کے خلاف ملکی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار حسین ابن علی علیہ السلام کی طرح ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنے انتخابی منشور میں مسئلہ فلسطین کو شامل کرنا ہوگا، اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، صہیونیت دنیا کے امن اور انسانیت کیلئے خطرہ ہے، استعماری طاقتیں انشاء اللہ فلسطین میں ناکام ہوگی، شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
کانفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل کا کہنا کہ 35 روز سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے، 57 اسلامی ممالک کے سامنے نہتے فلسطینی مسلمان اپنی جدوجہد کر رہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مسئلہ فلسطین اور غاصب اسرائیل کیلئے ان کا مؤقف واضح تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسرائیلی گھمنڈ توڑ دیا، امریکہ اسرائیل کی پشت پر کھڑے ہوکر فلسطین سمیت مشرق وسطی میں دہشتگردی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر، افغانستان کی طرح فلسطین کیلئے ملکی سطح پر فنڈ قائم کیا جائے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اسرائیلی پروڈکٹ کے بائیکاٹ حکومت کو راضی کرنا ہوگا، اسرائیل اور امریکہ دہشتگرد ہیں اور پوری دنیا کی انسانیت کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب میں جماعت اسلامی کے رہنما مسلم پرویز کا کہنا تھا کہ امریکہ و برطانیہ نے فلسطینیوں سے ان کی سرزمین چھینی، گریٹر اسرائیل کا صہیونی خواب چکنا چور ہوگیا، مسلمان سے زیادہ صہیونیت سے عیسائیت اور یہودیوں کو بھی خطرہ ہیں۔
کانفرنس سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے مسئلہ فلسطین کو منشور کا حصہ بنائیں، ریاستی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، پورے ملک میں فلسطینی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکز فلسطین کیمپ لگائے جائیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ صہیونی نظریہ دجال کی پیروی اور پوری دنیا پر حکومت کرنا ہے، سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے راستے پرچل کر ہی ان دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ کانفرنس میں سیاسی رہنما فیصل علی بلوچ، علامہ عقیل انجم قادری، امجد اسلام امجد، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر عباس زیدی، ثاقب نوشائی، ڈاکٹر صابر ابو مریم، علامہ مرتضی خان نظامی سمیت دیگر مقررین نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، عالمی برادری، مسلم حکمرانوں سمیت حکومت پاکستان سے امریکہ و اسرائیلی مصنوعات کے بائیکات اور سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
وحدت نیوز(قم)سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان و سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مدرسہ الولایہ قم المقدس میں طلاب کرام سے مقاومت اسلامی در مقابل استعمار جہان کے موضوع پر خطاب کیا۔ مدرسہ الولایہ میں خطاب کے دوران علامہ شفقت شیرازی نے خطاب میں خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور مقاومت کی ابھرتی طاقت و قدرت اور استعمار کے رو بزوال ہونے پر روشنی ڈالی۔ سیمینار سے خطاب میں سربراہ امور خارجہ نے خصوصاً سید مقاومت کے حالیہ خطاب اور رہبر معظم انقلاب کے تازہ بیانات کا تجزیہ و تحلیل کرتے ہوئے اسرائیل کی کمزوری و ضعف اور فلسطینی عوام کی شہادت طلبی و مبارزہ پر مختلف زاویوں کو بیان کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے عوام نے ہمیشہ ایم ڈبلیو ایم کا ساتھ دیا ہے، ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ یہ بات انہوں نے ایم ڈبلیو ایم ضلع ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کی کابینہ سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ضلعی صدر سید ابراہیم شاہ، نائب صدر آغا ضیاء، آغا محمد رضا، اراکین ضلعی کابینہ اور صوبائی سیکرٹری تربیت علامہ سید عباس موسوی شریک تھے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلعی کابینہ سے موجودہ صورت حال، تنظیمی فعالیت اور انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ نومبر کے آخری ہفتے میں کوئٹہ میں ورکرز کنونشن کا انعقاد خوش آئند ہے۔
تنظیمی یونٹس کی فعالیت کو مزید بہتر بناتے ہوئے یونٹس میں نو نکاتی پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ہر مہینے اسٹڈی سرکل اور دعائیہ تقریب اور درس کا پروگرام کارکنوں کی تنظیمی تربیت کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے عوام نے جس طرح مجلس وحدت مسلمین کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے، ہم انشاءاللہ تعالیٰ ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین کی صالح قیادت کو عوامی مسائل کا ادراک بھی ہے اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ اس موقع پر ضلعی صدر سید ابراہیم شاہ نے کہا کہ ضلع کوئٹہ نے عام انتخابات کے سلسلے میں اپنی تیاریوں اور رابطہ عوام مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ نومبر کے آخری ہفتے میں ضلعی سطح پر ورکز کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ جس میں مرکزی اور صوبائی قائدین سے شرکت کی گذارش کی گئی ہے۔
وحدت نیوز(راولپنڈی)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے اڈیالہ روڈ پر واقع گلشن شمال کے علاقے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کا یونٹ تشکیل دیا محترمہ حر اناب صدر اور محترمہ منتظرہ بی بی نائب صدر منتخب ہوئیں امامبارگاہ میں خطاب کرتے ہوئے محترمہ معصومہ نقوی نے شرکاء کو 12 نومبر کو ہونے والے آزادی فلسطین مارچ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی تمام مومنات نے بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
علاوہ ازیں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر محترمہ صدیقہ کائنات نے ٹیکسلا ، واہ کینٹ اور روات کی مومنات سے رابطہ کر کے مارچ کی بھر پور دعوت دی ، مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے بھی چکوال اور جھامرہ کی مومنات کو اس ریلی میں ذیادہ سے ذیادہ شرکت کی دعوت دی۔
وحدت نیوز(بلتستان) ضلع گانگچھے سے تعلق رکھنے والے محمد ابراہیم ایڈووکیٹ سابق امیدوار جی بی ایل اے 24 گانچھے کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت۔
ایم ڈبلیو ایم سیکرٹریٹ سکردو میں صوبائی صدر آغا سید علی رضوی,رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری ،رکن شوریٰ عالی ایم ڈبلیو ایم کاچو زاھد علی خان،رکن اسمبلی و ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم شیخ اکبر رجائی،مجلس علماء مکتب اھلبیت بلتستان کے صدر شیخ علی محمد کریمی،ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم شیخ فدا ذیشان،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم کاچو ولایت علی خان،ڈپٹی سیکرٹری لائر فورم ایم ڈبلیو ایم ایڈوکیٹ عقیل احمد،رہنما ایم ڈبلیو ایم ضلع گانگچھے کاچو اختر خان اور دیگر صوبائی و ضلعی رہنماؤں کی موجودگی میں اعلان کیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں نے ایڈوکیٹ محمد ابراھیم کو پھولوں کا ہار پہنا کر خیر مقدم کیا۔
وحدت نیوز(تلمبہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کی قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر علامہ طارق جمیل کے بیٹے محمد عاصم کی افسوس ناک وفات پر تعزیت کے لیے تلمبہ آمد۔
مرحوم عاصم جمیل کے لیے فاتحہ خوانی کی ،وفد میں علامہ سید اقتدار حسین نقوی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب، برادر سلیم عباس صدیقی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان، برادر قیصر کھرل شامل تھے۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد نے اس موقع پر مرحوم کے بھائی علامہ یوسف جمیل سے بھی ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے یوم اقبال کے موقعہ پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا کہعلامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا موجودہ پاکستان اس کی حقیقی تعبیر نہیں ہے۔اس عظیم دانشور کا پیغام کسی ایک خطے کے لیے نہیں تھا۔انہوں نے پوری امت مسلمہ کوجھنجھوڑاتاکہ مسلمانوں کی ان کی عظمت رفتہ یاد دلائی جا سکے۔اس وقت امت مسلمہ کی تنزلی و انتشارکا بنیادی سبب باہمی نفاق ہے۔یہی وجہ ہے بیشتر مسلم ممالک تباہ حالی کا شکار ہیں۔خطہ میں مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں امت مسلمہ کا کردار منصفانہ نہیں آج بھی شب و روز کشمیر و فلسطین میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔علامہ اقبال مسلمانوں کے اتحاد و اخوت کے داعی تھے ان کے نزدیک مسلمانوں کی خستہ حالی سے نجات کا واحد راستہ اتحاد امت تھا۔جس کا انہوں نے اپنی شاعری میں بارہا تذکرہ کیا۔
علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں دنیا کی باقی قوموں کے سامنے باوقار مقام دلا سکتا ہے۔انہوں نے کہا اس وقت ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں علامہ اقبال کی شخصیت پر ڈاکٹریٹ کی تعلیم دی جارہی ہے تاکہ لوگ ایک بہترین فلاسفر،شاعر اور دانشور کی تعلیمات سے آشنا ہو سکیں۔ہمیں اقبال کی تعلیم کو محض شاعری تک محدودرکھنے کی بجائے ان کے فلسفہ کو بھی اسکول اور کالجز میں پڑھانا چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان ایک بہترین فکر سے روشناس ہو سکیں۔زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر دان ہوتی ہیں۔یوم اقبال پر عام تعطیل وفاقی حکومت کا اچھا اقدام ہے لیکن علامہ محمد اقبال کی گراں قدر شخصیت وافکار سے حکمرانوں کی عدم دلچسپی قوم کے لیے تکلیف دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کی جانب سے پاکستان کے قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سطح پر تقریبات کا انعقاد ہونا چاہییے۔