The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مفکر پاکستان کے فلسفہ خودی میں ہی ملکی ترقی کا راز پنہاں ہے، ہمیں فکر اقبال پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے، بحیثیت قوم سوچنا چاہیئے کہ اقبال نے جو ہمیں کامیابی کی راہ دکھائی اس پر ہم نے کتنا عمل کیا۔۔علامہ اقبالؒ کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا تصور پیش کرنے پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، علامہ اقبال نے مسلمانوں کی حقیقی شناخت کیلئے انہیں خواب غفلت سے بیدار کرنے کی عملی کوشش کی، اجتماعی ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے ایک فرد میں خودی کو بیدار کیا، آج ہمیں جن کثیر الجہتی چیلنجز کا سامنا ہے، انکا حل اقبال کی آفاقی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم مفکر پاکستان، عظیم فلسفی اور شاعر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ علامہ اقبال کی تعلیمات اور فکری اساس کی حفاظت اور حقیقی ہیروی کریں گے، علامہ کے افکار اور سوچ نے امید کا ایسا چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی، شاعر مشرق نے ہمیشہ مسلمانوں کو اتحاد و یگانگت اور عمل کی تلقین کی، اس دانا اور مدبر نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیشگوئی کی تھی جن کا سامنا آج بھی ہمارے ملک کو ہے۔ اقلیتوں کا تحفظ، آزادی اظہار، آئین وقانون کی بالادستی اور فلاحی ریاست کا قیام ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)بلوچستان کے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ غزہ پر جارحیت کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے اور اسرائیل امریکہ کا آلہ کار ہے۔ امریکہ کو چاہئے کہ غزہ پر فی الفور جارحیت کو بند کرے۔ یہ بات انہوں نے فلسطین فاونڈیشن پاکستان کوئٹہ چیپٹر کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ آل پارٹیز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
آل پارٹیز پریس کانفرنس کے شرکاء میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، بزرگ عالم دین و جامعہ امام صادق علیہ السلام کوئٹہ کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ مولانا نور علی، پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی رہنماء محمد عالم، چیئرمین گرین پاکستان پارٹی ایڈووکیٹ عبدالہادی کاکڑ، صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ ولایت حسین جعفری، رہنماء جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ مفتی سنزر سعید اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سید عادل شاہ شامل تھے۔
سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے عرب اور اسلامی دنیا کی حکومتوں کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عرب و اسلامی ممالک کی حکومتیں غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں اور جو مسلمان ممالک اسرائیل کو تیل اور گیس فراہم کر رہے ہیں وہ فی الفور تیل اور گیس کی سپلائی بند کر دیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگ بہت بڑی قربانی ایک بہت بڑے ہدف اور مقصد کے لئے دے رہے ہیں اور ان قربانیوں کا نتیجہ بھی ایک بڑے مقصد کے ساتھ حاصل ہوگا۔ آزادی فلسطین اور القدس ان قربانیوں کا ہدف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی عوام نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں کی عمارتوں سمیت محلوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر فلسطینی پرچم لہرائیں اور یکجہتی فلسطین مہم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے غزہ میں امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی جارحیت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور کی ماہانہ میٹنگ،بسم اللہ ہاوسنگ اسکیم رہائشگاہ سید شاہد رضوی پر جناب نجم عباس خان ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی زیر صدارت منعقد کی گئی۔ جس میں لاہور کے 10 ٹاونز اور کئی یونٹس کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ۔ برادر سید نجیب الحسن نقوی صوبائی سیکریٹری تعلیم نے صوبہ پنجاب کی نمائندگی ۔ میٹنگ میں 12 نومبر کو حمایت مظلومین فلسطین ریلی اسلام آباد میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں لاہور کے مختلف ٹاونز میں 10 نومبر جمعہ کے روز تمام جامع مساجد جمعہ کے اجتماعات میں باقاعدہ آگاہی مہم چلائی جائے اور لوگوں سے درخواست کی جائے کہ اپنی مدد آپ کے تحت اس ریلی میں ضرور شریک ہوں ۔ یہ ہمارا قومی اخلاقی فریضہ ہے ۔ امید ہے قائد وحدت کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے اہل لاہور 12 نومبر کو اسلام آباد کی ریلی میں ضرور شرکت کریں گے ان شاءاللہ ۔ لاہور میں ابھی سے حمایت مظلومین فلسطین ریلی کی کمپین (دعوتی مہم ) کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔
وحدت نیوز(بھلوال)مولانا ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب نے بھلوال سٹی میں سابقہ ضلعی سیکریٹری جنرل بھلوال جناب مقصود حسین شاہ بخاری کے جوان سال بیٹے کی وفات پر ان سے تعزیت کی اور صوبائی صدر اور صوبائی کابینہ کی جانب سے اظہار افسوس کیا قریب ایک ماہ قبل بخاری صاحب کے فرزند کر اچانک دل کا دورہ پڑا اور انتقال کر گئے ۔
اس ناگہانی رحلت پر ظہیر کربلائی نے فاتحہ خوانی اور مرحوم کی بلندی درجات کے لئے اور والدین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ۔ مقصود حسین بخاری نے ظہیر کربلائی کا شکریہ ادا کیا اور کہا اگر ہم ایک دوسرے کی خوشی اور غمی میں بھی شریک ہوتے رہے تو روابط مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے ۔ جب خوشیاں اور غمیاں چھوٹ جائیں تو سمجھ لیں کہ روابط کمزور ہیں اور کسی وقت بھی ٹوٹ سکتے ہیں ۔ بہرحال آپ تشریف لائے آپ کا شکریہ ۔ با
قی رہا 12 نومبر ریلی کی شرکت کے حوالے عرض ہے کہ اسی دن میرے بیٹے کا چالیسواں ہے ۔ میں خود تو حاضر نہیں ہوسکوں گا ۔ مگر اپنے حلقہ احباب سے ضرور کہوں گا کہ وہ مرکز کے اس پروگرام میں ضرور شریک ہوں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی بحق آل محمد قبلہ راجہ صاحب کو صحت و سلامتی عطا فرمائے ۔ اور مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں اٹھنے والی ہر آواز کو کامیاب بنائے ۔ آمین ۔
وحدت نیوز(سکردو)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز کے پیش نظر زراعت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے اور خودانحصاری کے لیے ہمارے دور میں اٹھائے گئے اقدامات کو جاری و ساری رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ وزیر زراعت زرعی شعبے کو بہتری کی جانب لے جانے کے لیے پرعزم ہے لیکن صوبائی حکومت کی ترجیحات میں زراعت نظر نہیں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال گزشتہ ہم نے وزیراعلٰی کے بلاک سے تین سو پچاس میٹرک ٹن ویٹ سیڈ رکھی تھی اور ہائبریڈ ویجیٹیبل سیڈ کے لیے بھی فنڈز مختص کیے تھے جس کے بے تحاشہ مثبت نتائج آئے اور ہزاروں ٹن گندم کی پیداواریت میں اضافہ ہوا تھا۔ عوام اور زمینداروں کی مثبت فیڈ بیک کو دیکھ کر اس سال بلاک سے ایک ہزار میٹرک ٹن گندم کی بیج کی فراہمی کے لیے مختص کیے تھے لیکن شنید ہے کہ وزیراعلٰی کی ترجیحات میں یہ شامل نہیں ہے۔ میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ عوام دوست پالیسی کو جاری و ساری رکھیں اور مزید توسیع دیں بلخصوص گندم کی بیج کی فراہمی بہت مفید پالیسی ہے۔ کاظم میثم نے کہا کہ وزیر زراعت سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ کسی صورت بلاک میں مختص اس سکیم کو ضائع ہونے نہیں دیں گے۔
وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے کہاہے کہ سکردو اور اسلام آباد کے مابین پی آئی اے کا کرایہ دبئی سے بھی زیادہ وصول کیا جارہا ہے ایسے میں یہاں کوئی سیاح کیسے آئے گا؟اور کیوں آئے گا؟ بھاری بھرکم کرایہ ادا کرکے سکردو آنے کے بجائے لوگ دبئی کی طرف جانے کو ترجیح دے رہے ہیں اس سے یہاں کی سیاحت تجارت اور معیشت مکمل طور پر تباہ و برباد ہوگئی ہے جن لوگوں نے بڑے ہوٹلز کھولے تھے وہ دیوالیہ ہونے والے ہیں کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کے کرایوں میں ہوشربا اضافے پر وزیراعظم کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے ارکان اسمبلی اس معاملے میں ہرگز خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ یہ خالصتا ایک عوامی مسئلہ ہے اس پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ایک منصوبہ بندی کے تحت گلگت بلتستان کے مسافروں کو فضائی سفر ناممکن بنایا جارہا ہے تمام ارکان کونسل اس بات پر متفق ہیں کہ پی آئی اے کے کرایوں میں کمر توڑ اضافے کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سے کراچی کی مسافت دو گھنٹے کی ہے اور فضائی کرایہ بارہ سے پندرہ ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے مگر اسلام آباد اور سکردو کے مابین آدھے گھنٹے کی مسافت کا کرایہ ساڑھے بتیس ہزار روپے وصول کیا جارہا ہے جو یہاں کے عوام پر ایٹم بم گرانے کے برابر ہے ہم زیادتیوں پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے کرایہ فوری کم نہ کیا گیا تو احتجاج کا راستہ بھی اختیار کریں گے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر سید ظفر عباس شمسی صوبائی سیکرٹریٹ علمدار کوئٹہ میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف تنظیمی امور زیر بحث رہے تنظیم کی فعالیت کو بڑھانے کیلئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع علمدار روڈ اور ضلع ہزارہ ٹاؤن میں عنقریب ورکرزکنونشن کا انعقاد کیا جائے گا اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم وتنظیم سازی یونٹس و وارڈز کے دورہ جات واجلاسوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے نیز عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتی رہی ہے مجلسِ وحدت مسلمین نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اس لیے عوام کی حقیقی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہے مجلس وحدت مسلمین عوامی حمایت کے ساتھ صوبائی و بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔
اجلاس میں صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری ،صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر عوض علی ہزارہ ،صوبائی کونسل سیاسیات کے سربراہ محمد یونس ہزارہ، صوبائی آفس سیکرٹری سید عباس زیدی، صوبائی میڈیا کونسل کے سربراہ برادر ارتضیٰ علی جعفری، ضلعی صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ ،ضلعی نائب صدرمحمد یونس ہزارہ ،ضلعی سیکرٹری تنظیم سازی برادر فرید احمد، ضلعی سیکرٹری سیاسیات حاجی غلام حسین شریک ہوئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ افغان مہاجرین کے انخلا کی آڑ میں پاکستانی ہزارہ برادری کو ملک سے بے دخل کرنے کی کوشش ملک میں ایک نیا بحران کھڑا کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کئی نسلوں سے یہاں آباد ہے۔ اپنے ہی شہریوں کو مہاجرین کی فہرست میں ڈالنا قومی ،لسانی اور مسلکی تعصب کو ہوا دینا ہے۔کچھ نادیدہ طاقتیں ملک میں دانستہ طور پر بحرانی کیفیت پیدا کرنے میں مصروف ہے۔صاحبان اقتدار ہوش کے ناخن لیں اور پاکستانی ہزارہ برادری کو تحفظ دیا جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام منگل 7 نومبر کو مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے آل پارٹیز مشترکہ پریس کانفرنس کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوگی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی اور پی ایل ایف کے صوبائی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر اور ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے سربراہ مولانا عبد الحق ہاشمی سے ملاقات کر کے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کی جرئت و بہادری نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جب باپ اپنے بچوں کے لاش کے ٹکڑے اٹھا کر بھی صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتا ہے تو غزہ کی مظلومیت اور شجاعت کو دنیا سلام کرتی ہے۔ حماس اور حزب اللہ کے مجاہدوں نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا کہ اسرائیل نے اسکولوں اسپتالوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا کر معصوم شہریوں کا قتل عام کیا تاکہ فلسطینی سفید جھنڈے اٹھا کر اسرائیل سے امن کی بھیک مانگیں مگر فلسطینیوں کے صبر و استقامت کے سامنے اسرائیل ھار چکا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام مشترکہ پریس کانفرنس کے سلسلے میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے جمعیت غربائے اھل حدیث بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا فضل ربی ممتاز بلوچ رہنما یوسف نوتیزئی گرین پاکستان پارٹی کے چیئرمین و سابق مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالھادی کاکڑ و دیگر کو دعوت دی۔
وحدت نیوز(سرگودھا) مولانا ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے ذریعے 12 نومبر حمایت مظلومین فلسطین ریلی میں شرکت کے لئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا خصوصی پیغام عالم ربانی ، عالم باعمل جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد باقر شیرازی حفظہ اللہ کو پہنچادیا گیا۔
مولانا ملک منظور حسین امام جمعہ وجماعت نبی شاہ بالا بھلوال بھی مولانا ظہیر کربلائی کے ہمراہ تھے ۔ یہ پیغام اس وقت پہنچایا گیا جب علامہ سید محمد باقر شیرازی صاحب قبلہ اپنی زمینوں میں کاشتکاری میں مصروف عمل تھے ۔
انہوں نے مولانا ظہیر کربلائی سے کہا کہ آنے کی تکلیف کیوں کی فون ہی کردیتے۔ میں حاضر ہوجاتا ۔ انہوں نے فرمایا کہ مظلوم فلسطینی بھائیوں کی آواز بننا اور غاصب اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہر شخص کا فریضہ ہے ۔ اب یہ ہر شخص پر موقوف ہے کہ اس فریضے کو کس انداز سے ادا کرتا ہے ۔ دامے، درمے ،سخنے جتنا ہوسکے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کرنی چاہیئے ۔ ہم سے جو ہوسکا اپنے حصے کا کام انجام دیں گے ان شاءاللہ۔
اس وقت فلسطینوں کی مدد نہ کرکے عذاب الہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ اگر مسلمان عذاب الہی سے بچنا چاہتے ہیں تو جتنا ممکن ہے فلسطینیوں کی آواز کو مضبوط بنائیں اور میدان میں نکل کر اسرائیل کو اس کی اوقات یاد دلائیں ۔ مائیں، بہنیں ، بچے،جوان اور بزرگ جوبھی کہتا یا امام المنتظر العجل العجل۔ اس کو چاہیئے کہ 12 نومبر کو صدائے لبیک یارسول اللہ اور لبیک یا مھدی (ع) لبیک یا حسین (ع) کی صدائیں دل میں سجا کر ریلی میں شریک ہوں ۔ ان شاءاللہ آپ سب کی آواز دشمن پر ہیبت طاری کردے گی ۔
قبلہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو اکیلا نہ چھوڑیں میں ان کے لئے دن رات دعائیں کرتا ہوں ۔ وہ مرد میدان ہیں اگر انہوں نے ملت کے لئے بیمار ہونے کے باوجود اپنی صحت کی پرواہ کیے بغیر ہروقت قوم کی خاطر میدان میں نکلے ہیں تو ہمارا بھی حق بنتا ہے کہ ان کا ساتھ دیں ۔ میں اپنی قوم کو ایک طالب علم کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ راجہ صاحب قبلہ کبھی بھی ملت کو مایوس نہیں کریں گے ۔ ان شاءاللہ۔
ظہیر صاحب میری جانب سے راجہ صاحب قبلہ کو بتا دیں کہ اگر صحت نے ساتھ دیا تو ضرور حاضر ہوں گا ۔ مظلوموں کی حمایت کو مقبول عبادت سے کم نہیں سمجھتا ۔