The Latest

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع شرقی کراچی کے تحت مسجد وعزاخانہ ابوطالب ؑسولجر بازار میں مرد و خواتین کے لئے ہفتہ وار درس کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس ہفتے آمدہ بلدیاتی انتخابات کی اہمیت کے پیش نظر ’’بلدیاتی انتخابات،اہمیت و ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر فکری نشست منعقد کی گئی ۔جس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے کہا کہ الیکشن سے باہر رہنا اپنی قوم پر ظلم کرنے کے مترادف ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد ملت کو بااختیار بنانا ہے ۔بلدیات سے دور رہے تو صوبائی و قومی انتخابات میں بھی موثر کردار ادا نہیں کرسکتے ہیں ۔جب داخلہ و خارجہ پالیسیوں پر ہمارا اثر نہیں ہوتا تو پھر تعلیم ،زیارت اور عزاداری میں رکاوٹوں کے مسائل ملت کو پیش آتے ہیں اور ہمیں نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔ایک مجلس منعقد کرنے کےلئے بھی آپ کو بھاگنا پڑتا ہے اور دوسری سیاسی تنظیموں کا محتاج ہونا پڑتا ہے ۔تعلیم و نصاب کے معاملہ پرایک خاتون پنجاب رکن اسمبلی نے موثر آواز اٹھائی ۔سوشل میڈیا پرایک بحث کا سلسلہ جاری ہے ۔مگر ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا بلدیات میں کسی سے اتحاد نہیں ہوا ہے البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مقصد ان کوریڈورز تک اپنے منتخب اور اہل نمائندوں کو پہنچانا ہے ،جہاں سے ملت کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں ۔الیکشن میں موثر کردار دراصل امام زمانہ ؑ کے ظہور ؑ کی زمینہ سازی کا بلواسطہ ایک ذریعہ ہے ۔اس انداز میں الیکشن میں حصہ لینا ایک عبادت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست علوی سیاست ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں ہمیں روکنے کےلئے ہمارے امیدواروں کو شہید کیا گیا ۔شہید صفدر،شہید علیم اور شہید علی شاہ کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔الیکشن میں حصہ لے کر ہم ملت کےلئے خدمت کرنا چاہتے ہیں نہ کہ اپنی ذات کو مضبوط کرتے ہیں ۔الیکشن کے میدان سے اگر ہم باہر رہے تو بد دیانت لوگ ہم پر مسلط رہیں گے ۔اس لئے قدرت حاصل کرنے کی کوشش کرنا ضروری ہے ۔آمدہ بلدیاتی انتخابات میں متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں کے باکردار ،دیانت دار اور قابل افراد کو ووٹ دیں تاکہ وہ خدمت کرسکیں ۔ علی حسین نقوی نے بتایا کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں 80 فیصد سے زیادہ شیعہ ووٹرز ہیں ۔اگر وہ الیکشن میں اپنا ووٹ منتخب متفقہ نمائندے کو کاسٹ کریں تو باآسانی فتح حاصل کرسکتے ہیں ۔کئی جگہوں پر برادر تنظیم سے کہا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لیں ۔گلگت بلتستان حکومت میں برادر ملی تنظیم کو شامل کرنے کےلئے ہم نے راہ ہموار کی ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے پولیٹیکل وژن کو بیدار کریں ۔سولجر بازار کے علاقے میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار حصہ لے رہے ہیں ۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کا اجلاس جامعہ شہید مطہری ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں ضلعی کابینہ کے اراکین مولانا ہادی حسین، مرزا وجاہت علی، غلام حسنین انصاری، انجینئر مہر سخاوت علی، سید عاصم رضا، عون رضا انجم، تیمور حیدر، عاشق حسین، محمد رضا مومن اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔

 اجلاس میں ملتان میں پی پی 217 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے انجینئر مہر سخاوت علی کو ضلع کی جانب سے فوکل پرسن اور ضلعی سیکرٹری سیاسیات غلام رضا عابد کو ڈپٹی فوکل پرسن مقرر کی گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مجلس وحدت مسلمین بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھرپور طاقت کے ساتھ مخدوم زین قریشی کی انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

وحدت نیوز(ہنگو) مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے ضلع ہنگو کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے علمائے کرام کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں علامہ سید عبد الحسین الحسینی کو مجلس علمائے شیعہ خیبر پختونخوا کا صدر منتخب کرلیا گیا۔ مسجد الزہراء (زاہرہ ٹاؤن رئیسان) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے مجلس علماء شیعہ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور علماء کے معاشرے میں کردار پر گفتگو کی، مجلس علماء شیعہ پاکستان کی افادیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں اتفاق رائے کے ساتھ علامہ سید عبد الحسین الحسینی کو مجلسِ علماء شیعہ خیبر پختونخوا کا صدر منتخب کر لیا گیا، اجلاس میں علامہ حمید حسین امامی، علامہ ارشاد علی، علامہ ہدایت حسین، علامہ سید الدین، علامہ نور نقی، علامہ عمران و دیگر شریک ہوئے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے رہنماء ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کی نئی حلقہ بندیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیاں ناقابل قبول ہے۔ جن حلقوں کو مزید حلقوں میں تقسیم کرکے عوام کو نمائندوں کے انتخاب کا بہتر موقع ملنا چاہئیے تھا، ان حلقوں کو یکجا کرنا لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

 انہوں نے نئی حلقہ بندیوں پر بلوچستان اسمبلی میں ایچ ڈی پی کے نمائندوں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں دو نمائندوں کی موجودگی کے باوجود چھ حلقوں کو تین حلقوں میں تبدیل کیا گیا۔ ہمیں سمجھ نہیں آتا کہ ایچ ڈی پی کے اراکین اسمبلی کس لئے ایوان میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ چھ حلقوں کا تین حلقوں میں تبدیل ہوجانا ایچ ڈی پی کے صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اتنی دیر سے دونوں اراکین اسمبلی سو رہے تھے، اسی لئے انہیں اتنے بڑے مسئلے کی خبر ہی نہیں ہوئی۔ نہ ہی انکی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

وحدت نیوز(گلگت) وقت کایزید اگر باز نہ آیا تو پھر ہم بھی کربلائی کردار ادا کریں گے اور اپنا انصاف خود کریں ،سانحہ 1988  واقعے سے بابو سر تک کے قاتل کہاں ہیں ؟ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما محترمہ سائرہ ابراہیم نے بیگناہ چودہ جوانوں کی رہائی کے لئے دیئے گے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے امپوڑٹڈ حکومت کے سابقہ دور میں جو مظالم گلگت بلتستان کی عوام پر ڈھائے گے ان کی مثال نہیں ملتی ۔

 انہوں نے کہا کے اگر ہمارے ریاستی اداروں کو 2 رینجرزاہلکاروں کے قتل کے مجرم اتنی جلدی مل جاتے ہیں تو ہمیں جواب دیں کہ ہماری دو سیدانیوں سمیت نو افراد اور آغا ضیاء الدین شہید کے قاتل، سانحہ بانوسر چلاس کے شہداء کے قاتل کہاں ہیں؟؟ انہوں نے کہا کے حکومت ہمیں آئین وقانوں کے مطابق انصاف فراہم کرے جو عدالتیں چوروں کو رات کے اندھیرے میں تخت پر بٹھا سکتی ہیں وہ عدالتیں گلگت کی غریب و غیور عوام کو انصاف فراہم کیوں نہیںکر رہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے بیگناہ نوجوانوں کو جلد رہا کیا جائے،بصورت دیگر ہم انصاف خود حاصل کرنا جانتے ہیں امپوڑٹڈ حکومت کے سابقہ دور میں کئے گے مظالم ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ہم محب وطن پاکستانی ہیں اور پاکستان کا وقار ہمیں عزیز ہے، ریاست پاکستان ہمارے ساتھ ظلم ڈھانا بند کرے،گلگت جیل میں مقید 14 بے گناہ اسیروں کے مسلئے کا حل ان قیدیوں کا مقدمہ انسداد دھشت گردی کورٹ گلگت میں زیر سماعت تھا اور کیس مکمل ھو کر آخری بحث کیلئے مقرر ہوا تھا مگر اس دوران سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمان نے خود سے یا کسی کو خوش کرنے کیلئے سراسر غیر آئینی و غیر قانونی طریقے سے نامعلوم وجوہات کی بنا پہ اس کیس کو دہشت گردی کورٹ سے راولپنڈی فوجی عدالت میں منتقل کروایا۔ حلانکہ قانونی طور پہ گلگت انسداد دھشت گردی کورٹ سے کوئی فوجداری کیس کسی صورت بھی فوجی عدالت واقع راولپنڈی میں منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ دھشت گردی کورٹ کا جج بھی اس کیس کو راولپنڈی منتقل کرنے سے روک سکتا تھا مگر اس نے بھی نہیں روکا نیز وزیر اعلیٰ یا گورنر یا وزیر اعظم کوئی بھی ایگزیکٹیو اتھارٹی گلگت سے کسی ملزم کا کیس پاکستان کے کسی شہر میں واقع فوجی یا عام عدالت منتقل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ایک اور قانونی نقطہ بھی ھے کہ راولپنڈی میں قائم  فوجی عدالت جس کا دائرہ اختیار راولپنڈی ڈویژن تک محدود ھے وہ کیسے گلگت بلتستان کی ایک عدالت میں زیر سماعت فوجداری مقدمہ کو سننے اور اس میں فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ھے جبکہ قانون کے مطابق جی بی جیسے ایک متنازعہ خطے کا کوئی کیس پاکستان کے کسی فوجی عدالت میں کیسے بھیجا جا سکتا ھے یہ تو انٹر نیشنل لاء اور UNCIP کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ھے جبکہ مروجہ قوانین کے تحت تو  ایک ضلع کا کیس کسی دوسرے ضلع کی عدالت نہیں سن سکتی۔ اسلئے پنڈی فوجی عدالت کے فیصلے کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں۔ جی بی حکومت پنڈی فوجی عدالت کے اس غیر آئینی غیر قانونی اور بلا اختیار فیصلے کو از خود کالعدم قرار دیکر ان مظلوم اسیروں کو جیل سے رہائی دینے کا پابند ہےنیز ان مظلوم قیدیوں کو ابتک بلاوجہ قید رکھنے پہ حکومت فی قیدی کم از کم ایک کروڑ معاوضہ بابت ہرجانہ دینے کا بھی پابند ہے۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی کنوینیر عزاداری سیل علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچے۔ جہاں انہوں نے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی و دیگر ذمہ داران سے عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ایام عزا کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر مسجد امام حسین علیہ السلام ملتان میں عزاداری سے متعلق مسائل اور گذشتہ دو سالوں میں عزاداروں کے درج مقدمات پر مشاورت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، ایم ڈبلیو ایم عزاداری سیل کے رکن سید دلاور زیدی، معروف قانون دان سید حسنین عباس بخاری ایڈووکیٹ، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، علامہ سید ظفر عباس شمسی شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری عظیم عبادت اور ہمارا بنیادی حق ہے۔ حکومت نے سینکڑوں ایف آئی آرز درج کرکے ہماری عبادت اور بنیادی انسانی حق پر حملہ کیا ہے۔ عزاداری کسی پرمٹ کی محتاج نہیں۔ عزاداری کے خلاف ناروا قوانین کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پنجاب حکومت اور پولیس عزاداروں سے متعلق اپنے رویئے کو درست کرے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل مجلس وحدت مسلمین مرکزی صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری سیل تشکیل دے گی اور ماہ ذوالحجہ میں ملت جعفریہ کے علماء ذاکرین بانیان مجالس پر مشتمل عزاداری کانفرنس منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں سے عزاداروں کے خلاف سینکڑوں ایف آئی آرز کے اندراج کا سلسلہ اب رک جانا چاہیے۔ ملت جعفریہ کے علماء ذاکرین اور بانیان مجالس کی مشاورت سے اس متعصبانہ رویے کا سدباب کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما، سابق وزیر قانون بلوچستان آغا سید محمد رضا نے الیکشن کمیشن کی نئی سازشی حلقہ بندیوں کو چیلنج کردیا ہے۔

ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما آغارض نے اسلام آباد میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان فیڈرل سروس ٹرئیبونل FST سےکوئٹہ کی غیر منصفانہ اور سازش پر مبنی حلقہ بندی کے خلاف پٹیشن دائر کر نے کیلئے ملاقات کیں۔

آغارضا نے کہا کہ ہزارہ قوم (ہزارہ ٹاون / علمدار روڈ) کے خلاف سازشوں کو قانونی طریقے سے کاونٹر کرنے کیلئے ہر ممکن قانونی و آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان، وطن عزیز میں بسنے والے شیعہ مکتب فکر کے پیروکاروں کی نمائندہ مذہبی و سیاسی جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے، جس کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر سطح پر ایک خاص وجود رکھتی ہے اور مذہبی، سیاسی حلقوں میں بھی اپنے خاص تشخص کی حامل ہے۔ چئیرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جماعت کے انٹر پارٹی الیکشن کے بعد کچھ عرصہ قبل نئی مرکزی کابینہ کے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا، اس رپورٹ میں مجلس وحدت مسلمین کی اس نئی نامزد کابینہ کے اراکین کا تعارف اور ان کی ملک و ملت کیلئے پیش کی گئی خدمات کا مختصر خاکہ جاری کیا جارہا ہے۔

چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری:
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین ہیں، ان کا تعلق راولپنڈی کے علاقے شکریال سے ہے، جامعہ الولایہ مدرسے کے سرپرست بھی ہیں۔ جب قم (ایران) سے علم دین حاصل کرنے کے بعد پاکستان آئے تو 2010ء میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی باقاعدہ بنیاد رکھی۔ علامہ سید عارف حسین الحسینی کے دور قیادت کے دوران موصوف تحریک جعفریہ پاکستان سے وابستہ رہے، اس وقت سے ایک انقلابی عالم دین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ملت جعفریہ میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں، اور تشیع کے مابین وحدت کیلئے سرگرم رہتے ہیں۔ ملکی و بین الاقوامی حالات پر بھی انتہائی گہری نظر رکھتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی دیگر خدمات کے ساتھ ساتھ ملت تشیع کے حقوق کی خاطر 87 روز تک کی جانے والی بھوک ہڑتال ایک ناقابل فراموش باب ہے۔ اصولوں کی بنیاد پر سیاست کرنا اور پاکستان میں ملت جعفریہ کو سیاسی لحاظ سے مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی (مرکزی وائس چئیرمین)
علامہ سید احمد اقبال رضوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چئیرمین ہیں، اس سے قبل وہ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری تربیت، مرکزی سیکرٹری تربیت، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل (نائب سربراہ) رہ چکے ہیں۔ موصوف اس وقت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی مجلس نظارت کے رکن بھی ہیں۔ آئی ایس او کے بانی رہنماء شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے داماد ہیں۔ دھیمہ مزاج رکھتے ہیں اور روایتی پروٹوکول کیخلاف ہیں، اس سے قبل بھی انہیں دو مرتبہ ایم ڈبلیو ایم کا نائب سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی لاپتہ افراد کے حوالے سے مختلف تحریکوں میں بھی پیش پیش رہے، انہوں نے اس حوالے سے ایک تحریک کے دوران ازخود گرفتاری بھی پیش کی۔

سید ناصر عباس شیرازی (مرکزی جنرل سیکرٹری)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی پیشہ کے اعتبار سے قانون دان اور لاہور ہائیکورٹ میں پریکٹس کرتے ہیں۔ قبل ازیں وہ ایم ڈبلیو ایم میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات، مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے عہدوں پر بھی کام کرچکے ہیں۔ آج کل ایک تھنک ٹینک بھی چلا رہے ہیں اور اس میں بطور صدر کام کر رہے ہیں جس کا فوکس مشرق وسطیٰ کے حالات کا جائزہ لینا ہے۔ ناصر عباس شیرازی زمانہ طالب علمی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر بھی رہ چکے ہیں، جبکہ انکا بنیادی تعلق پنجاب کے ضلع سرگودھا سے ہے۔ انہوں نے تاریخ، بین الاقوامی تعلقات اور قانون میں ایم فل کیا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کی مرکزی صدارت کے دوران متحدہ طلبہ محاذ کی قیادت بھی کرتے رہے۔ سید ناصر شیرازی ایک تجزیہ کار کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

علامہ اعجاز حسین بہشتی (مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری)
علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی کا تعلق بلتستان سے ہے، وہ ایم ڈبلیو ایم کے آغاز سے تنظیم کیساتھ ہیں۔ نئی مرکزی کابینہ میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری کی ذمہ داری انہیں سونپی گئی ہے۔ قبل ازیں وہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور جوانان، مرکزی سیکرٹری تربیت اور مرکزی سیکرٹری تبلیغات بھی رہے۔ ایک شعلہ بیاں مقرر بھی ہیں اور اپنی تقاریر کی وجہ سے تنظیم میں منفرد اہمیت رکھتے ہیں۔ علامہ اعجاز حسین بہشتی کا تنظیم میں زیادہ تر وقت سیکرٹری امور جوانان کے طور پر گزرا ہے، جس کی وجہ سے وہ نوجوانوں کے ہردلعزیز سمجھے جاتے ہیں۔ ایک محنتی رہنماء کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

سلیم عباس صدیقی (مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری)
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان سے ہے، زمانہ طالب علمی کے دوران امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کیساتھ منسلک رہے۔ آغاز میں سلیم عباس صدیقی قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم ملتان کے رہنماء رہے، تنظیمی طور پر جنوبی پنجاب کو جب علیحدہ صوبہ بنایا گیا تو انہیں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا۔ مرکزی کابینہ میں انہیں پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے سرگرم رہتے ہیں اور انقلابی سوچ کے حامل تنظیمی رہنماء ہیں۔

سید اسد عباس نقوی (مرکزی سیکرٹری سیاسیات)
اسد عباس نقوی کا شمار مجلس وحدت مسلمین کی سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے والے اہم ترین رہنماوں میں ہوتا ہے، زمانہ طالب علمی میں آئی ایس او کیساتھ وابستہ رہے، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے طور پر تنظیمی خدمات سرانجام دینے کے بعد انہیں مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے تنظیم کو سیاسی محاذوں پر کئی کامیابیوں سے ہمکنار کیا۔ ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کی نئی کابینہ میں بھی انہیں سیکرٹری سیاسیات کی ہی اہم ذمہ داری تفویض کی ہے۔ سید اسد عباس نقوی پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے فوکل پرسن بھی رہ چکے ہیں۔

علامہ حسنین عباس گردیزی (مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ)
علامہ سید حسنین عباس گردیزی کو نئی کابینہ میں ایم ڈبلیو ایم کے علماء ونگ مجلس علمائے شیعہ کا مرکزی صدر نامزد کیا گیا ہے، موصوف جامعۃ الرضا اسلام آباد اور نورِ معرفت ادارہ برائے تحقیقات اسلام آباد کے سربراہ بھی ہیں۔ ان کا شمار مجلس وحدت مسلمین کے تاسیسی رہنماوں میں ہوتا ہے، موصوف کی مکتب اہلبیتؑ کیلئے تبلیغی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ علامہ صاحب ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ پالیسی ساز ادارے شوریٰ عالی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ علامہ سید حسنین عباس نے نامزد ہونے کے بعد اپنی تنظیمی ذمہ داری بھرپور انداز میں سرانجام دینے کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کے دورہ جات کا آغاز بھی کردیا ہے۔

ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی (سیکرٹری امور خارجہ)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علمائے امامیہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ایم ڈبلیو ایم کی تاسیس سے تنظیم کے ساتھ ہیں، وہ صوبہ پنجاب کے شہر شاہ پور ضلع سرگودھا سے تعلق رکھتے ہیں، انٹرنیشنل کالج فار اسلامک سائنسز لندن (برطانیہ) کے دمشق کیمپس سے معاشیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ دمشق میں قیام کے دوران علامہ شفقت شیرازی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے دفتر میں تبلیغ کے شعبے کے انچارج کی حیثیت سے ایک دھائی سے زیادہ عرصہ ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ مختلف ذرائع ابلاغ پر انکی تحریریں اور مقالے بھی شائع ہوتے رہتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ وہ عالمی فورم مجمع جہانی اہلبیتؑ کے رکن مجمع عمومی، سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور انٹرنیشنل اسمبلی برائے سپورٹ ریزسٹنس آپشن کے ایگزیکٹو کونسل کے رکن بھی ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی (مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی)
علامہ مقصود علی ڈومکی کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد سے ہے، اس وقت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور تنظیم سازی ہیں، قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل اور اس سے پہلے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ تنظیم میں ایک فعال رہنماء کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں، خاص طور پر سندھ میں ایک جانی پہنچانی مذہبی شخصیت کے طور پر اپنا مقام رکھتے ہیں۔ بطور ترجمان ایم ڈبلیو ایم ذرائع ابلاغ میں اپنی جماعت کا موقف انتہائی مدلل انداز میں بیان کرتے رہے ہیں۔ شائد اسی فعالیت کی بنا پر انہیں شعبہ تنظیم سازی و توسیع تنظیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

علامہ اقتدار حسین نقوی (مرکزی سیکرٹری روابط)
علامہ سید اقتدار حسین نقوی کا بنیادی تعلق شور کوٹ، ضلع جھنگ سے ہے، تاہم گذشتہ 25 سالوں سے ملتان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وہ ایک خطیب ہونے کیساتھ ساتھ امام جمعہ بھی ہیں، اپنی خطابت کے حوالے سے مسلسل پابندیوں کا شکار بھی رہے ہیں۔ علامہ اقتدار حسین نقوی مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان اور پھر جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ نئی نامزد مرکزی کابینہ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انہیں مرکزی سیکرٹری روابط کی ذمہ داری دی، تاہم اس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے، تاہم ابھی جماعت کی جانب سے یہ نہیں طے ہوا کہ وہ مرکزی کابینہ میں خدمات سرانجام دیں گے یا بطور صوبائی صدر جنوبی پنجاب۔

ملک اقرار حسین (مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ)
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نئے مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین علوی کا بنیادی تعلق ضلع جہلم کے علاقہ دینہ کے معروف مذہبی گھرانے سے ہے، وہ ایم ڈبلیو ایم کے تاسیسی رہنماوں میں شمار ہوتے ہیں، ملک اقرار حسین ایم ڈبلیو ایم میں اس سے قبل مختلف مرکزی عہدوں پر ملی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف فلاحی امور میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ معروف بزرگ عالم دین علامہ غلام حر شبیری ان کے بڑے بھائی ہیں۔ ملک اقرار حسین کو تنظیم کے اہم سالانہ پروگرامات بشمول سالانہ کنونشن اور برسی شہید قائد علامہ عارف الحسینی کے اجتماعات کے حوالے سے جب بھی اضافی ذمہ داری دی گئی انہوں نے اسے احسن طریقہ سے سرانجام دیا۔

عارف حسین الجانی (مرکزی سیکرٹری تعلیم)
عارف حسین علی جانی مجلس وحدت مسلمین کی نئی مرکزی کابینہ میں سیکرٹری تعلیم کے طور پر نامزد ہوئے ہیں، اس سے قبل گذشتہ کابینہ میں مرکزی معاون امور تنظیم سازی کی ذمہ داری نبھا رہے تھے، ان کابنیادی تعلق گلگت کے علاقے نگر سے ہے۔ عارف حسین علی جانی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی  سے بین الاقوامی تعلقات میں بی ایس کر چکے ہیں۔ آئی ایس او میں پہلے ڈویژنل صدر گلگت اور مرکزی سیکرٹری جنرل اور دو دفعہ مرکزی صدر کی زمہ داری پر رہے ہیں۔ عارف حسین علی جانی اس وقت قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بین الاقوامی تعلقات میں ایم فل کر رہے ہیں۔ عارف علی کی صورت میں ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ میں ایک نوجوان کا اضافہ ہیں۔

ترتیب و تدوین: سید عدیل عباس زیدی

وحدت نیوز(گلگت) اسمبلی اجلاس کے دوران مجلس وحدت مسلمین کے ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی نسواں کنیز فاطمہ نے اسلام آباد سے اغوا ہونے والی گلگت بلتستان کی بیٹی قرت العین کی جلد بازیابی کے حوالے سے آواز بلند کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ،اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ابھی تک قوم کی بیٹی قرت العین کو بازیاب کرانے میں ناکام ہوچکےہیںجو کہ انتہائی افسوناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قوم کی بیٹی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔اب تک اسلام آباد پولیس کی جانب سے غفلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اراکین گلگت بلتستان اسمبلی متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت قوم کو بیٹی کو بازیاب کرانے میں ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے پہلے مرحلے میں سندھ کابینہ کے مختلف عہدوں پر اراکین کابینہ عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔

اس ضمن میں مجلس وحدت سندھ کی کابینہ میں نائب صدر کے عہدے پر علامہ مختار احمد امامی، مولانا رضا محمد سعیدی، طارق بدوی خدمات انجام دیں گے۔

سندھ کابینہ میں جنرل سیکرٹری کے فرائض چوہدری اظہر حسن، سیکرٹری سیاسیات کے فرائض سید علی حسین نقوی، سیکرٹری تنظیم سازی کے فرائض مولانا علی انور جعفری، سیکرٹری تبلیغات کے فرائض مولانا غلام شبیر کانیو، سیکرٹری فلاع و بہبود کے فرائض برادر ارشد اللہ مکتبی انجام دیں گے۔

جبکہ سیکرٹری مالیات کے فرائض برادر ظہیر حیدر زیدی، رابطہ سیکرٹری کے فرائض فدا عباس لاڑک، آفس سیکرٹری کے فرائض برادر ناصر حسین الحسینی انجام دیں گے جبکہ سیکرٹری اطلاعات کے فرائض برادر سید علی احمر زیدی انجام دیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree