The Latest

وحدت نیوز(لاہور) عید اکبر، عید غدیر خم کے پرمسرت موقع پر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی مرکزی کونسل کی رکن و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقام غدیر خم میں نبی مکرم حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اعلان کی صدا آج بھی کل کائنات میں گونج رہی ہے جو بھی من کنت مولاہ فھذا علی مولاہ کی صدا پر لبیک کہتے ہوئے اس قافلہ ولایت میں شامل ہوجائے گا، دنیا و آخرت کی خوشبختی اس کا مقدر بنے گی اور جو اس قافلہ میں شامل ہونے سے رہ جائے گا پوری زندگی سرگرداں رہے گا اس کا ہر اٹھنے والا قدم اسے راہ حق سے دور کر دے گا۔

 انہوں نے کہا غدیر عالم اسلام اور قرآن کی صداقت و حقانیت کا مظہر ہے یوم غدیر ، یوم اللہ ہے یوم اسلام ہے اس دن کی اہمیت و فضیلت پر کثرت سے آئمہ معصومین علیھم السلام کی روایات موجود ہیں یہ دن محبان اہلبیت ع کے لیے عید کا دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کو منانا اور اسکے پیغام کو زندہ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے آئیے غدیر منائیں، اس کی یاد تازہ کریں، اس دن کا حقیقی مفہوم بتائیں، اس کی یاد میں لوگوں کی خبر گیری کریں، یتیم پروری اور مسکین نوازی کریں، جشن منائیں، لوگوں کی امداد کریں غرباء کا خیال رکھیں، عدل و انصاف کا عملی ثبوت دیں یہ سب کچھ کریں کہ اس دن ان تمام اعمال کا بےانتہا اجر و ثواب ہے لیکن یہ ضرور یاد رہے کہ ہمارے کردار میں مولا علی (ع) کی سیرت جلوہ گر ہو اور ہم زبانی کلامی نہیں بلکہ عملی طور پر غدیری ہوں۔

وحدت نیوز(مظفرآباد)علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ممبر علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر و مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیر لیگ (KPL) کا انعقاد اور کھیلوں کی دیگر صحت مند سرگرمیاں حوصلہ افزا بات ہے مگر کشمیر پریمیر لیگ کا گزشتہ سال کی طرح امسال بھی محرم الحرام کے پہلے عشرہ میں انعقاد جہاں محرم الحرام کے تقدس کی پائمالی کا باعث ہے وہیں ایک بڑے طبقہ فکر کے جذبات بھی مجروح ہوتے ہیں۔ جبکہ میچز کے دوران میوزیک کا بھرپور استعمال بھی امام حسین علیہ السلام و آپ علیہ السلام کے رفقا کی شہادت کے سوگ کے ایام میں توہین و تذلیل کا باعث ہے۔

علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ اس دوران کرکٹ اسٹیڈیم اور شہر کے بڑے ہوٹلز کے اطراف میں کرفیو کا سماں ہوتا ہے جس سے عزاداروں کے مجالس میں شرکت خصوصاً خواتین کی مجالس جو کہ دن کے اوقات میں ہوتی ہیں، کی عزاخانہ تک رسائی مشکل ہو جاتی ہے۔

وحدت نیوز(پاراچنار) پاراچنار میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم میں اے سی عامر نواز، تحصیل چیئرمین ورہنما ایم ڈبلیوایم مزمل حسین، ٹی ایم او سید بہار حسین، سیکرٹری ٹو وفاقی وزیر جلال بنگش، سیکرٹری ٹو ایم پی اے ارشاد بنگش، چیئرمین سید اصغر، مجاہد طوری، شبیر ساجدی اور دیگر سماجی و سیاسی کارکنوں نے حصہ لیا۔

 ہفتہ صفائی مہم 16 جولائی سے 22 جولائی تک جاری رہے گی۔ مہم کا مقصد لوگوں میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے اور اپنے شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانا ہے۔ اپنے پیغام میں اسسٹنٹ کمشنر عام نواز، تحصیل چیئرمین مزمل حسین اور دیگر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سید ناصر عباس شیرازی مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان و چیئرمین اجتماع کی زیر صدارت 34 ویں برسی شہید قائدعلامہ سید عارف حسین الحسینی (رہ) کے مرکزی اجتماع کے انتظامات کی کور کمیٹی کا اجلاس سینٹرل سیکریٹریٹ ایم ڈبلیوایم اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام اجرائی کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی اورانتظامات کو آخری شکل دے دی گئی ۔ کمیٹیوں کےتقسیم کار اور کمیٹیوں کی کارکردگی پر چیئرمین جلسہ کو بریفننگ دی گئی ۔ جس پر معزز اراکین مرکزی کابینہ اور چیئرمین جلسہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور کمیٹیوں کے سربراہان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا ۔

اس اجلاس میں دعوتی عمل اور اجرائی انتظامات کی رفتاز کو تیز کرنے اور ہم آہنگی کے ساتھ انجام دینے پر زور دیا گیا ۔اجلاس میں اقرار ملک مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ اور نثار علی فیضی رکن شوری عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،برادر عارف الجانی مرکزی سیکرٹری تعلیم ،علامہ علی اکبر کاظمی ،علامہ ضیغم عباس چودھری ،علامہ غلام محمد عابدی اور ظہیر کربلائی بھی شریک تھے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ کے زیراہتمام عید غدیر کی مناسبت سے خواہران کے لئے علمی نشست منعقد ہوئی۔ علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ واقعہ غدیر تاریخ اسلام کا ناقابل انکار واقعہ ہے جسے ناصبی ذھنیت نے مٹانے کی سرتوڑ کوشش کی مگر آج بھی حدیث غدیر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ جسے تمام عالم اسلام ایک مسلم حقیقت کے طور پر قبول کرتا ہے۔ اھل سنت کے جید علماء نے ہر دور میں حدیث غدیر کو بیان کیا اور مولا علی علیہ السلام کی ولایت اور امامت کا اقرار کرتے ہوئے ناصبی دشمنان اھل بیت کی سازش کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام نظام ولایت و امامت کے بغیر نامکمل ہے اسی لئے اعلان ولایت کے موقع پر تکمیل دین کی آیت کریمہ نازل ہوئی اور دین کامل ہوا۔ نظام ولایتِ و امامت اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا نظام ہے جو باطل خودساختہ طاغوتی نظاموں کے مقابل ہر دور کے انسان کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ولایت فقیہ نظام ولایتِ و امامت کا تسلسل ہے جو اعلان غدیر اور اھل بیت علیھم السلام کی پاکیزہ تعلیمات سے لیا گیا ہے۔ ولایت فقیہ مجتہد کی حکومت نہیں بلکہ فقہ اور دین کی حکومت ہے۔ اسی لئے رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا تھا کہ ولایت فقیہ ڈکٹیٹر شپ نہیں بلکہ ڈکٹیٹر شپ کے سدباب کا بہترین ذریعہ ہے۔ جو انسان ہوائے نفس کا غلام ہو اسے انسانوں پر حکومت کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ ولی فقیہ خدا کے عبد صالح کی حیثیت سے احکام الٰہی کو نافذ کرتا ہے اپنے ذاتی احکامات کو نہیں۔ آج نظام ولایتِ و امامت کی خوشبو اور روشنی پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے سندھ میں تیزی سے پھیلتے ہوئے  لسانی فسادات  پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملک کی سالمیت و بقا کے لیےسنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پشتون تاجروں اور مقامی شہریوں کے درمیان لسانی بنیادوں پر ہونے والے لڑائی جھگڑوں کے واقعات کے محرکات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔امریکہ ،اسرائیل اور بھارت پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے نت نئے شیطانی حربے اختیار کرنے میں مصروف ہیں۔پاکستان میں موجود  اآلہ کاروں کے  ذریعے دشمن  اس ملک کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ریاستی ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ کسی بھی شخص کو زبان ،صوبے یا مذہب و مسلک کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینے کی قطعاََ اجازت نہ دی جائے۔پاکستان میں بسنے  والے تمام شہری مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ ہماری شناخت لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ ہم سب پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لسانی و مذہبی تعصبات زہر قاتل ہیں۔ اس زہر کو پھیلنے سے پہلے ہی ختم کر دینا سب کے حق میں بہتر ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام شہید قائد عارف حسین الحسینی کی 34ویں برسی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ملک کی اہم مذہبی ، سیاسی و سماجی شخصیات کو مدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کے قیادت میں مرکزی عہدیداروں پر مشتمل وفد نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ ، وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی ساجد طوری ،ملی یکجہتی کونسل کے رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر،ایمز سکول اینڈ کالج کے سربراہ امتیاز حسین رضوی ،سابق ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی، نامور عالم دین مولانا افتخار الدین مرزااورانجمن جانثاران اہلبیت ؑ کے رکن زاہد حسین جعفری سمیت  مختلف مکاتب فکرکے علما اور رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں شہید قائد کی برسی میں شرکت کی دعوت دی۔

سید ناصر شیرازی نے کہا کہ شہید قائد محض ایک شخصیت کانام نہیں بلکہ ایک عہد ایک فکر اور ایک نظریے کا نام ہے۔ یہ اس فکرکا نام ہے جو امت مسلمہ کو جوڑتی ہے۔یہ ایک آزاد و خود مختار ریاست کا وہ نظریہ ہے جو قیام پاکستان کا محرک بنا۔ شہید قائد کربلا کے حقیقی پیروکار ، اسلام کے حقیقی مجاہد اور جذبہ حب الوطنی سے لبریز تھے۔انہوں نےمدعوین سے کہا کہ شہید قائد کی برسی میں آپ کی شرکت شہید قائد سے دلی وابستگی کا اظہار ہو گی۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذیلی ادارے مجلس علمائے شیعہ صوبہ سندھ کاتنظیم سازی اجلاس امام بارگاہ کربلا دادن شاہ حیدر آباد میں منعقد ہوا ۔

اجلاس کی صدارت مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کی ، اجلاس میں سندھ کے نختلف اضلاع سے علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔

 اس موقع پرعلمائے کرام نے علامہ سید صادق رضا تقوی صاحب کوکثرت رائے سے مجلس علمائے شیعہ سندھ کا صدر منتخب کرلیا،ان سے علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے حلف لیا۔صوبہ سندھ سے سپریم کونسل کے لیے حجت الاسلام و المسلمین مولانا اصغر شہیدی صاحب کو رکن منتخب کیا گیا ۔

 اجلاس میںمجلس علمائے شیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ عیسیٰ امینی سمیت مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی،علامہ مختار امامی ، علامہ اصغر شہیدی، علامہ صادق جعفری ، سرپرست مدرسہ مشارالعلوم و خطیب مسجد ابوالفضل العباس علامہ سید حیدر عباس زیدی، ضلعی رہنماء ایم ڈبلیوایم علامہ گل حسن مرتضوی ، علامہ ملازم حسین، مولانا ساجد علی ساجدی و دیگر بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی خودمختاری، آزاد خارجہ پالیسی اور امریکی ڈکٹیشن سے نجات کے لیے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔جو حکمران پوری قوم کو آئی ایم ایف کے چنگل  اور مہنگائی کے دلدل میں پھنسا رہے ہیں وہ ملک کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ عالمی مالیاتی ادارے سے قرض ملنے پر جشن مناکر قومی وقار کا تماشا بنایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خود دارحکمران اپنی قوم کو مقروض کرنے کی بجائے معاشی میدان میں  خود کفیل ہونے کے لیے بہترین پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔وہ ملک جو ایٹم بم بنا سکتا ہے وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیوں نہیں کر سکتا۔اس ملک میں صنعتیں لگا کر معیشت مضبوط کرنے کی بجائے قرض کے حصول پر کیوں زور دیا جاتا ہے۔دراصل وہ عالمی استکباری طاقتیں اس ملک کو مضبوط نہیں ہونے دیتیں جن کو ہمارے حکمران اقتدار تک پہنچنے کی سیڑھی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کو غلامی سے نجات دلانے کے جس عزم کا اظہار کیا ہے مجلس وحدت مسلمین کا روز اول سے یہی بیانیہ ہے۔ملک کا ہر باشعور اور ہر باضمیر شہری امریکہ کی غلامی سے نجات چاہتا ہے۔ پاکستان کو عالمی استکباری قوتوں سے حقیقی آزادی دلانے کے لیے تحریک انصاف کو کامیاب کیا جائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نسل پرست متعصبانہ سوچ کے علمبردار محبتوں کو مٹا کر نفرتوں کے بیج بونا چاہتے ہیں عوام اپنے اتحاد اور اخوت سے ان کی سازش کو ناکام بنا دیں۔ جب ملک نفرت کی آگ میں جل رہا ہو تو خاموش تماشائی رہنا جرم ہے حق گوئی کے ذریعے محبتوں کو پروان چڑھانا لازمی ہے۔ قوم و ملک کا درد رکھنے والے تمام محب وطن لوگوں کو آگے بڑھ کر نفرتوں کی آگ بجھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھی اور پشتون آپس میں بھائی ہیں۔ دین اسلام اور قرآن کریم کی رو سے مومنین آپس میں بھائی ہیں۔ نفرتوں کے سوداگر بھائیوں کو آپس میں لڑانے سے اجتناب کریں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں نفرت کو ہوا دے کر اب بلوچستان اور کے پی کے تک نفرت کی آگ کو سلگایا جا رہا ہے۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم نے محبت و اخوت کی فضا میں مل کر رہنا ہے۔ کبھی فرقہ واریت کے نام پر اور کبھی لسانیت کے نام پر عوام کو لڑایا جاتا ہے عوام ان شرپسند عناصر کے دھوکے میں نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کی اس فضاء کے خاتمے کے لئے فی الفور اقدامات نہ کئے گئے تو حالات مزید کشیدہ ہو جائیں گے۔ وطن کی تباہی اور بربادی سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ سندھی اور پشتون قیادت فی الفور قوم کو امن اور محبت کا پیغام دیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree