The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر آغا رضا رضوی نے محرم الحرام کے آغاز میں گلگت کے مین بازار میں پرچم کشائی کی تقریب پر عزاداروں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر پاکستان میں محرم الحرام کے دوران امن کی فضاء کو خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے واقعہ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجالس عزاء کی سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے حکومت سے واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف جلد از جلد کارروائی عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں مجالس عزاء اور جلوسوں کے سلسلہ کا آغاز ہونے والا ہے۔ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان دین دشمن اور پاکستان دشمن عناصر کا خاتمہ ضروری ہے۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر آغا سید علی رضوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان امن کا گہوارہ ہے کچھ شر پسند عناصر مختلف واقعات سے گلگت بلتستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں جس کی قطعاً اجازت نہیں ہونی چاہئے گلگت بلتستان کے عوام ،علما کرام، نوجوانوں سے گزارش ہے کہ ان سہولت کاروں کو ان کے انجام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ محرم الحرام امن و بھائی چارگی کا درس دیتا ہے ہم سب کو چاہیے کہ اس خطے میں امن کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات کر کے جلد کرداروں کو کٹہرے میں کھڑا کریں اور گلگت بلتستان کے امن کے ساتھ کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےاور شرپسندوں کو بے نقاب کیا جائے۔ گلگت بلتستان میں کافی عرصے سے کسی قسم کا کوئی فرقہ واری فسادات نہیں ہوئے تھے اور علاقے ترقی کی طرف گامزن ہے جو کہ دشمن عناصر سے دیکھا نہیں جارہا اس لئے گلگت بلتستان کو مذہبی فسادات میں دھکیل کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے اس سازشی عناصر کا خطے کے عوام، علماء اور نوجوان ناکام بنا ئیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ماہ عزا محرم الحرام کی آمد پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عزاداری مظلوم کربلا ہماری حیات ہے محرم ، عاشورہ اور مجالس عزا ہمارے لیے عظیم نعمت ہیں یہ عظیم نعمت، دلوں کو اسلام و ایمان کے ابلتے ہوئے چشمے سے متصل کرتی ہے شہادت حسین (ع) کے واقعہ پر جس قدر غور و فکر کیاجائے گا اسی قدر اس کے اعلیٰ مطالب روشنی میں آتے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں محرم الحرام اور عزاداری کے مواقع پر کافی عرصے تک کشیدگی پائی جاتی رہی اور شر پسند عناصر نے مجالس عزا اور جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی ہے موجودہ حکومتی ذمہ داران کو اس طرف متوجہ ہونا ہوگا اور نہ صرف ایسے فتنہ انگیز سازشیوں کا قلع قمع کیا جاے بلکہ بے جا ایف آئی آرز اور پابندیوں کے سلسلے کو بھی بند کیا جائے تاکہ تمام مسلمان امن و سکون کے ساتھ عزاداری مظلوم کربلا انجام دے سکین۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ امام حسینؑ کی ذات اور ان کے افکار اور تعلیمات، محبت، امن و سلامتی، وحدت، اتحاد و اتفاق، فکر حریت، جدوجہد، عدل و انصاف، حقوق العباد کی ادائیگی کا درس دیتے ہیں، لہٰذا لازم ہے کہ امام حسینؑ کو صرف عزاداری اور رسوم تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کی سیرت پر بھی عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں فلاح و کامیابی حاصل کی جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) رکن پنجاب اسمبلی و سینئر رہنما مجلس وحدت مسلمین وومن ونگ محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے ماہ محرم الحرام 1443ء کے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں بالعموم اور پاکستان میں خصوصی طور پر امت مسلمہ اس ماہ جو آغاز سال نو بھی ہے کا آغاز الم و غم اور دکھ بھرے انداز میں کرتی ہے، اس کی بنیادی ترین وجہ اپنے پیارے نبی آخرالزمان محمد مصطفیٰ ﷺ کے لاڈلے نواسے حضرت امام حسین اور ان کے اصحاب و انصار و یاوران کی عظیم قربانی جو 10محرم اکسٹھ ہجری کو میدان کربلا میں دی گئی کی یاد کو زندہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کربلا کا درس ہے کہ بصیر ت و آگاہی اور شعور و فکر کو بلند و بیدار رکھا جائے ورنہ جہالت و گمراہی کے پروردہ ہر جگہ ایسی ہی کربلائیں پیدا کرتے رہیں گے۔ کربلا ایک لگاتار پکار ہے،یزیدیت ایک فکر اور سوچ کا نام ہے اسی طرح حسینیت بھی ایک کردار کا نام ہے قیامت تک حسینیت یزیدیت کے مقابلے میں بر سر میداں رہے گی۔
انہوں نے کہا کربلا سے، ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگر معاشرہ میں اصلاح یا انقلاب منظور نظر ہو تو معاشرہ میں موجود ہر طبقہ سے مدد حاصل کرنی چاہئے۔ تاکہ ہدف میں کامیابی حاصل ہو سکے جیسے امام علیہ السلام کے ساتھیوں میں جوان، بوڑھے، سیاہ سفید، غلام آزاد سبھی طرح کے لوگ موجود تھے۔
انہوں نے مذید کہا کہ ہمارے علماء و ذاکرین اور عالمات و ذاکرات منبر حسینی کے ذریعے معاشرے میں قیام امن کا پیغام دیں اور ایک الہی اور حسینی معاشرے کی تشکیل اور ظہور امام مہدی عج کی زمینہ سازی کے لیے نوجوان نسل کو تیار کریں اور اپنے صحیح العقیدہ پیغامات ، اتحاد بین المسلمین، ،حقیقی درس کربلا اور حالات حاضرہ کے ذریعے ملت کو بیدار کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کی شوریٰ کا اجلاس ، مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایم ڈبلیوایم سینٹرل پنجاب کے مرکزی آرگنائزر ملک اقرار حسین نے کی۔ اجلاس میں ضلع اسلام آباد کے 9 یونٹس اور 8 رکنی ضلعی کابینہ نے شرکت کی ۔
اجلاس میں سابقہ رکن صوبائی کابینہ سید نجیب الحسن نقوی و دیگر نے الیکشن کمیشن کے فرائض انجام دئیےجبکہ اراکین ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سےاسدعباس جعفری کو آئندہ تین سال کیلئے نیا ضلعی صدر منتخب کرلیا ہے ۔ صوبائی آرگنائزر ملک اقرار حسین نے نومنتخب ضلعی صدر اسدعباس جعفری سے ان کے عہدے کاحلف لیا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ملتان کے مقامی ہوٹل میں عزاداری سید الشہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی و صوبائی قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت صوبائی صدر جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی۔
کانفرنس میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، مرکزی رہنما و آرگنائزر شمالی پنجاب ملک اقرار حسین، انجمن تحفظ عزاداری امام حسین علیہ السلام کے صدر خاور شفقت بھٹہ، بانی تعزیہ دار مخدوم حسن رضا مشہدی، مجلس علمائے شیعہ پاکستان جنوبی پنجاب کے صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی، صوبائی سیکرٹری عزاداری سید دلاور عباس زیدی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید وسیم عباس زیدی، ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان مولانا وسیم عباس معصومی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملتان مرزا وجاہت علی، ضلعی سیکرٹری عزاداری انجینیئر مہر سخاوت علی سیال، سید نوید عباس بخاری، صوبائی سیکرٹری میڈیا سیل عاطف حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء ہمیں جان سے بھی عزیز ہے، اس عزاداری نے ہمیں زندہ رکھا ہوا ہے۔ رہنمائوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں عزاداروں پر بنائے گئے بے بنیاد مقدمات کو فوری ختم کیے جائیں، ماضی میں کرونا وبا کے باعث جو پابندیاں عائد کی گئیں یا جو ایس او پیز بنائی گئیں اُن پر نظرثانی کی جائے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء ملک اقرار حسین نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین ہمارا قانونی اور آئنی حق ہے، اس میں کوئی روکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علامہ سید اقتدار حسین نقوی صوبائی صدر جنوبی پنجاب، مخدوم سید حسن رضا مشہدی، حاجی خاور حسین بھٹہ، سید حسنین بخاری، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور علامہ وسیم معصومی ضلعی صدر ملتان موجود تھے۔
ملک اقرار حسین نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں عزاداری امام حسین کے احیا کے لئے اپنا رول ادا کرتی رہے گی، ہم حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہے کہ محرم الحرام میں کوئی روکاوٹ نہ ڈالی جائے، جلوسوں کے اوقات کو موسم کے لحاظ سے تصور کیا جائے، جہاں پر نئی آبادیاں قائم ہوئی ہیں، وہاں پر مجالس عزا اور جلوس عزا برپا کرنے میں کوئی مشکلات نہ پیدا کی جائیں۔
علامہ اقتدار نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان میں ہر قسم کی تقریبات کے لئے آزادی حاصل ہے تو پھر ذکر نواسہ رسول میں بھی مکمل آزادی دی جائے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جن ذاکرین اور علمائے کرام پر ضلع بندی اور مجالس پڑھنے پر بین لگایا گیا ہے، وہ فوراً واپس لیا جائے، الحمدللہ شیعیان حیدر کرارؑ امن کے داعی ہیں اور پاکستان میں امن و امان کے لئے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے، پاکستان میں امن و امان کے لیے ضروری ہے کہ تکفیری سوچ پہ پابندی لگائی جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وحدت ہاوس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے درمیان وحدت کا مظہر ہے، یہ عزاداری ہی ہے کہ جس نے حسینی اور یزیدی افکار کے درمیان فرق واضح کیا،محرم الحرام 1444ھ کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ شر پسند عناصرکو کسی شرپسندی کا موقعہ نہ مل سکے۔تمام مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب اور اضافی نفری تعینات کر کے کسی بھی شرپسندی کے خدشے کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ صوبے بھر میں وحدت اسکاؤٹس کے نوجوان مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ جلوسوں کی حفاظت کی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے پورا صوبہ زبوںحالی کا شکار ہے صوبہ بھر میں اور بلخصوص کراچی میں بلدیاتی ایشوز پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے پانی جگہ جگہ کھڑا ہے انتظامی بنیاد پر اس کو فوری نکالا جائے ایام عزاء میں مجالس و جلوسوں عزاء کے راستوں کی صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بحالی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔کے الیکٹرک بلکل تعاون نہیں کر رہی جہاں سبیلوں کے لیئے میٹر دیتی تھی وہ دیئے جائیں بلخصوص ایام عزاء میں صوبہ بھر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔کراچی شہر کی تعمیر نو کے لیے جن بڑی سیاسی جماعتوں نے مشترکہ جدوجہد کی طرف قدم بڑھایا ہے یہی جماعتیں اس شہر کی تباہی کی ذمہ دار بھی ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم طویل عرصہ تک صوبہ سندھ کی مقتدر طاقت بنے رہے لیکن انتظامی نا اہلی اور عوامی مسائل سے دانستہ چشم پوشی نے روشنیوں کے اس شہر کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا تاہم علاقائی انتظامیہ کوقانون کی عمل داری کے نام پر کسی جلوس کے راہ کی رکاوٹ بننے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تمام لائسنس یافتہ و روایتی جلوس حسب سابق بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے نکالے جائیں گے۔
انہوں نے کہا رواداری اور باہمی احترام ہمارے مذہب کا حصہ ہیں۔علما کرام کو چاہیے کہ تمام مسالک کے بنیادی عقائد کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے احتیاط کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھیں تاکہ تمام مسالک کے مابین ایک دوسرے کا احترام قائم رہ سکے۔انہوں نے کہا کچھ اضلاع میں ہمارے متعدد ایسے معتدل علما و ذاکرین کے داخلے پر انتظامیہ نے پابندی عائد کر دی ہے جنہوں نے ہمیشہ وحدت و اخوت پر زور دیا اور انہیں اہل تشیع کی طرح اہل سنت برادران بھی احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یہ اقدام سراسر تعصب پر مبنی ہے اور تکفیری گروہوں کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہے۔
انہوں نے کہا ملک میں ایف آئی آر کی سیاست ناکام ہوچکی ہے اور عزاداری کو روکنے کےجو ہتھکنڈے اپنائے جائیں گے انھیں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ شیعہ مسنگ پرسنزکا اہم مسئلہ ہے، ان کو رہا کیا جائے سلمان شہید کے قاتل کو جلد از جلد پکڑا جائے۔اسی طرح سے ملکی صورت حال میں تھوڑا سا بدلاؤ آیا ہے اور پاکستان کے نظام تباہ کرنے کی جو سازشیں بیرونی یا اندورنی سطح پر کی جارہی ہیں۔ ہم ان کی مذمت کرتے ہیں۔ بدامنی کے حالات کسی کے بھی حق میں نہیں ہیں اور جو لوگ اس کے ذمے دار ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ وہ پاکستان سے باہر جاکر سکون کی زندگی گزار لیں گے وہ دنیا میں جب تک رہیں گے ذلت آمیز زندگی ہیں گزاریں گے جس کو اپنے ملک میں عزت نصیب نہ ہو وہ کہیں اور جاکر عزت نہیں پاسکتا۔
کانفرنس میں علامہ مختار امامی،علامہ صادق تقوی،علی حسین نقوی،علامہ علی انور جعفری،علامہ علی حیدر،ناصر حسینی،حسن رضوی سمیت دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں فوری انتخابات کرانے اور اقتصادی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہا ملک بدترین سیاسی و اقتصادی بحرانوں کی لپٹ میں ہے جنہیں طوالت دینا ملک کو دانستہ طور پر تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہو گا۔وہ کون سا خوف ہے جو سیاسی نمائندوں کو عوام کے پاس جانے سے روکتا ہے۔مخلص اور محب و طن قوتوں کوآگے بڑھ کرملک کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی اثاثوں کی فروخت اسٹریٹیجک اٹیک ہے اس کو روکا جائے۔اگر فروخت کرنے ہیں تو ماضی کے ان حکمرانوں کے اثاثوں کو فروخت کیا جائے جو قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے ہیں۔ایسا کوئی معاہدہ جس سے مسلمانوں کی عسکری ، معاشی یا تعلیمی ںظام پر کفار غالب آجائیں شرعی طور پر حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی اور سہولیات فراہم کرنا ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے لہذا غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کیا جائے۔حکومت نے محرم سے قبل ایسے علماء پر بھی پابندی کے احکامات صادر کر دیے ہیں جن میں اکثر مجالس پڑھتے ہی نہیں۔
ریاستی اداروں میں متعصبانہ فکر کے حامل ایسے افسران موجود ہیں جو محب وطن شہریوں کو مشتعل کرنے کی دانستہ کوشش میں لگے رہتے ہیں جن کاکام نفرتوں کا پرچار ہے۔عزاداری کے پروگراموں پر مقدمات کا اندراج، بانیان کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالے جانے میں ایسے ہی غیر ذمہ دار افسران ملوث ہیں۔امام بارگاہ ، یا چار دیواری کے اندر ہونے والے عزاداری کے کسی پروگرام پر مقدمات کا اندارج اختیارات کے ناجائز استعمال کی بدترین مثالیں ہیں۔پاکستان میں سیاسی مارچ، تکفیری نعروں کی گونج میں مظاہرے اور دیگر سیاسی و مذہبی اجتماعات کو کھلی چھوٹ ہے لیکن یزیدیت کے خلاف آواز بلند کرنے والوں سے ریاستی اداروں کو مسئلہ ہے۔حکومت کو یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عزاداری پر کوئی پابندی قبول نہیں ۔عزاداروں اور بانیان کو تنگ کرنے کے غیر انسانی رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نےملت تشیع کے علماء و ذاکرین سے کہا کہ وہ ماہ محرم میں اخوت و وحدت کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور اپنے منبروں سے دوسروں تک محبت اور بھائی چارے کا پیغام پہنچایا جائے۔امت مسلمہ میں تفرقہ کی بات کرنا اسلام دشمنوں قوتوں کو تقویت دینا ہے۔عزاداری کے پروگراموں کے دوران بانیان ،سکاوٹس، نوجوان اور علاقائی تنظیمں سیکورٹی معاملات پر پوری نظر رکھیں۔ معمولی سی کوتاہی شرپسندوں کو کسی بڑے نقصان کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔
وحدت نیوز(شکارپور)ضلع شکار پور کے شہر چک میں استقبال محرم الحرام کی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام سے عشق و محبت دین اسلام کے بقاء کی ضامن ہے کربلا ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے۔ دنیا کے تمام ادیان و مذاھب کے انسان امام حسین علیہ السلام سے محبت کرتے ہیں اور ان کی عظیم و بے مثال قربانی کو اھل حق کے لیے مشعل راہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل اتحاد بین المسلمین اور امن و اخوت کے علمبردار علماء و ذاکرین کے بین الصوبائی اور بین الاضلاع سفر اور داخلے پر پابندی غیر آئینی اقدام ہے۔ بلاسبب کسی معزز شہری عالم دین اور ذاکر اھل بیت کی نقل و حرکت کے حق پر قدغن بلا جواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ آئی جی پولیس اور ہوم سیکرٹری اقتدار کی رسہ کشی سے فارغ ہو کر عوام کے جان و مال کی حفاظت پر توجہ دیں۔ پولیس اور انتظامیہ کی ذمہ داری عوام کی مذہبی آزادی سلب کرنا نہیں بلکہ عوام کے عبادی اجتماعات میں تعاون کرنا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ صوبائی اور ضلع سطح کی محرم میٹنگز میں خانہ پوری کی بجائے ملت کی نمائندہ شخصیات اور جماعتوں کو نمائندگی دے۔انہوں نے کہا کہ جب نئے شہر آباد ہوں گے تو نئی مسجدیں بھی بنیں گی اور نئے جلوس عزاء نکلیں گے سبیلیں لگیں گی۔ نئی مجالس عزا جلوس اور سبیلوں پر پابندی قبول نہیں۔