The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سید الشہداء علیہ السلام نے عاشورہ کے دن اپنی قربانی کے ذریعے دین اسلام کو بچایا۔ اگر انکی قربانیاں نہ ہوتیں، تو دین، اسلام، شریعت، حلال و حرام، نکاح و پاک دامنی، عدل و انصاف اور انسانیت ختم ہوجاتیں۔ کیونکہ جب یزید نے شام میں سید الشہداء کے سر مبارک کو اپنے سامنے رکھا تھا اور یزید کے ناپاک ہاتھ میں ایک لاٹھی تھی جو وہ سیدالشہداء کے مبارک دانتوں پر مار رہا تھا، اس وقت اس نے اپنی ناپاک زبان سے جہالت کے دور کا یہ شعر پڑھا "ﻟﻌﺒﺖ ﻫﺎﺷﻢ ﺑﺎﻟﻤﻠﻚ ﻓﻼ۔ ﺧﺒﺮ ﺟﺎﺀ ﻭﻻ ﻭﺣﻰ ﻧﺰﻝ" جسکا مطلب یہ تھا کہ بنی ہاشم نے اقتدار حاصل کرنے کیلئے ایک ڈرامہ رچایا، نہ کوئی وحی نازل ہوئی، نہ کوئی دین آیا۔ یعنی یزید اگر باقی رہتا اور سیداشہداء علیہ السلام کی مقاومت و قربانی نہ ہوتیں، تو یزید دین و شریعت کا خاتمہ کر دیتا۔ کفر، خواہشات نفسانی، جرم، کرپشن، دھوکہ، فریب اور دیگر جرائم انسانوں میں عام ہو جاتا اور انسانیت کا نام و نشان باقی نہ رہتا۔
علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ سیدالشہداء علیہ السلام کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے جو جلوس نکلتا ہے اورعزاداری ہوتی ہے یہ در حقیقت اسی پیغام کو بچانے اور سیدالشہداءؑ کی قربانی کو یاد کرنے کیلئے کی جاتی ہے۔ جس سے ایک مرتبہ پھر انسانیت کے کان میں توحید رسالت، نبوت، شریعت، عدل و انصاف، پاک دامنی زندہ ہوجاتی ہیں۔ معاشرہ میں انسانی اقدار کے زندہ رہنے کیلئے ایسے مجالس و جلوس کا ہونا لازمی ہے۔ ہم جو جلوس نکالتے ہیں، اسکا بھی یہی مقصد ہے۔ البتہ مجالس پڑھنے والے افراد پر لازم ہے کہ قرآن کا بغور مطالعہ کرے، رسول ص، احادیث رسول ص، سیرت رسول ص و سیرت معصومینؑ و احادیث معصومینؑ سے سیدالشہداءؑ کے مقاصد کو واضح کریں۔ آفاقی پیغامات کو نئی نسل کے سامنے رکھیں، تاکہ یہ تمام باتیں اور خوبیاں کربلاء کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچے۔ پوری دنیا میں انسانیت کی اصلاح ہوتی رہے اور ظہور امام زمانہ (عج) عام ہوتا رہے۔ تاکہ امام (عج) تشریف لاکر پوری دنیا کو سیدالشہداءؑ کی قربانیوں سے آگاہ، امن و امان، انسانیت اور دوستی فراہم کرے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے مختصر اصحاب کے ساتھ یزیدی سلطنت کو عبرتناک شکست دے کر بنوامیہ کے دین دشمن کردار کو بے نقاب کیا۔ دین اسلام میں انحراف کا آغاز تب ہوا جب نظام حکومت کو نظام امامت و ولایت سے منحرف کرکے ملوکیت میں تبدیل کیا گیا۔ امام حسین علیہ السلام کا قیام ہر دور کے اھل حق کے لئے مشعل راہ ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی بے مثال قربانی سے دین اسلام میں بڑھتے ہوئے انحراف کا راستہ روکا اور حق و باطل میں واضح صف بندی کی۔
انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر حکومت اور ریاستی اداروں کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے چاہئیں جبکہ عزاداری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے مذہبی عبادت اور عزاداری میں مکمل تعاون کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے شیعہ سنی دیوبندی بریلوی اھل حدیث سب امام حسین علیہ السلام سے بے پناہی محبت کرتے ہیں امام حسین علیہ السلام کی ذات گرامی اور انقلاب حسینی امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام انسان حضرت امام حسین علیہ السلام کے بے مثل کردار کے باعث انہیں اپنا رہبر و رہنما مانتے ہیں۔ یوم عاشور کے موقع پر پوری امت مسلمہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے فکر اور مقصد کے ساتھ تجدید عہد کرے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ باطل قوتوں کے خلاف نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کا قیام جرات و استقامت کا وہ باب ہے جسے تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ روز عاشورا کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حق وباطل کے اس معرکے میں امام عالی مقامؑ نے گنے چنے افراد کے ساتھ میدان میں نکل کر عالم بشریت کو یہ درس دیا کہ افرادی قوت یا جنگی سازو سامان کی کمی ظالم حکمرانوں کے خلاف خاموش رہنے کا جواز نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی دنیا میں حق و باطل کے دو گروہ موجود ہیں، مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا انبیاءکرامؑ و آئمہ اطہارؑ کا شعار ہے، ہم نے مظلوم کا ساتھ دینا ہے، مستکبرین و غاصبین کے مقابلے میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اخلاقی و شرعی تقاضا اور بشری ضرورت ہے جو جیو اور جینے دو کی پالیسی پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو مظلوم و بے گناہ لوگوں سے ان کی زندگیاں چھین رہے ہیں ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے اور ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف آواز بلند کرنی ہے، یہی لوگ وقت کے یزید ہیں، امام حسین علیہ السلام کے یہ الفاظ کہ مجھ جیسا اس (یزید) جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا تمام حق پرستوں کے لئے قیامت تک کا درس ہے، خود کو صرف حسینی کہنے سے حق ادا نہیں ہوگا بلکہ امام عالی مقامؑ کے کردار و عمل کی پیروی کرکے خود کو حسینی ثابت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت کا ہے، مسلمانوں میں تفرقے کی بات یہود و نصاریٰ کے اسلام دشمن عزائم کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر تاریخی و علمی اختلافات پر الجھنے کی بجائے مشترکات پر باہم رہیں تاکہ باطل قوتوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
وحدت نیوز(ٹنڈو محمد خان) یوم علی اصغرِیزیدیوں اور یزیدی فکر کی رسوائی کا دن ۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے یوم علی اصغر کے موقع پر تمام اضلاع کی بھرپور شرکت پر تمام ضلعی جنرل سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا ، ان کا کھنا تھا عالمی یوم علی اصغرؑ مناتے ہوئے ہرضلع نے بھر پور تعاون کیا انشاء اللہ ملک بھر میں عشرہ زینبیہؑ اور یوم سکینہؑ کے حوالے سے بھی تمام اضلاع ابھی سے پلاننگ کریں اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ایسی ذاکرات کو ممبر پر بٹھائیں جو صحیح پیغام زینبی کو مومنات تک پہنچائیں ، ممبر سے اسلامی احکام کے احیا کی نیت سے مجلس کے دوران خواتین میں روزانہ چند احکام کے مسائل بھی بیان کیے جائیں ۔ امید ھے اھل معرفت خواتین بھتر انداز میں اس قافلہ حسینی کی ھمراہ ھونگیں ۔
وحدت نیوز(ٹنڈومحمد خان) عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھرپور انداز میں منایا گیا ۔ٹنڈو محمد خان کے مرکزی امام بارگاہ حسینی ع میں شہ پارہ بتول نے کمسن بچوں اور ماؤں سے اس دن کی مناسبت سے اپنے امام وقت عج کے لیے تجدید عہد لیا۔
نیز انھوں نے کہا کہ چھوٹے سے شہزادے نے اپنے وقت کے امام ع کے لیے سن کو بھلا کر لبیک کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رہے گی کہ اپنے امام وقت ع کے نصرت کیلئے عمر لازم نہیں صرف بصیرت ہونی چاہیے۔
وحدت نیوز(اٹک) عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر پاکستان کے مختلف اضلاع میں یوم علی اصغر علیہ السلام منایا گیا،اٹک میں امام بارگاہ حسینیہ کامل پور سیداں میں بھی اجتماع منعقد کیا گیا جس سے عالمہ ساجدہ نقوی نے معصوم بچوں اور انکی ماؤں سے تجدید عہد لیا کہ وہ بھی مثل شہزادہ علی اصغر علیہ السلام کی مانند اپنی بچوں کے لیے وہی راہ اختیار کریں گے اور امام وقت عج کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
وحدت نیوز(رحیم یار خان) عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر جہاں پاکستان کے مختلف علاقوں میں یوم علی اصغر علیہ السلام بھرپور انداز میں منایا گیا اسی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا خانم تنویر زہرا نے بچوں اور ماؤں نے اپنے امام وقت عج سے تجدید عہد لیا اور کہا کہ وہ کبھی بھی اپنے امام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے وہ مثل شہزادہ علی اصغر علیہ السلام کردار ادا کریں گے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےیوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے ظالمانہ اور غیرانسانی ہتھکنڈوں کے خلاف آج دنیا بھر میں نفرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ کشمیریوں کے عزم آزادی کو کچلنے کے لیے بھارت میں ریاستی اداروں کا کردار ہمیشہ مجرمانہ رہا ہے۔ خطہ کشمیر کو عقوبت خانے میں تبدیل کر کے کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکتا۔مقبوضہ کشمیرکے غیور اور آزادی پسند عوام اپنے حقوق کے لیے جس جذبے اور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں وہ لائق ستائش ہے۔کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہوں۔پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم علی اصغر ع ان جرات مند اور بلند حوصلہ ماؤں کا اپنے وقت کے امام سے تجدید عہد کا دن ہے جو کربلا کی حقیقی پیروکار ہیں۔ جس قوم کے پاس ایسی مائیں موجود ہوں جو اپنے کمسن بچوں کو ہاتھوں پر اٹھا کر امام کی نصرت کا عہد و پیمان کریں اس قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا اولاد سے ماں کی محبت کا کوئی متبادل نہیں لیکن عالمی یوم علی اصغر ع کے موقع پر مائیں اس امر کا اظہار کرتی ہیں کہ امام برحق کی محبت انہیں اپنی اولاد اپنی ہر شے سے بڑھ کر عزیز ہے۔مراسم عزاداری ہماری عبادات کی روح اور ہماری عاشورائی فکر ہمارے کربلائی ہونے کی دلیل ہیں۔عالم استکباری طاقتوں کو ملت تشیع کے کربلائی فہم سے خطرہ ہے۔امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی زمینہ سازی کے لیے مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام کی آفاقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں عملاً نافذ کرنا ہو گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پالیسی ٹی وی چینل پر محرم الحرام کی تیسری مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب یزیدی صفات کے لوگ حاکم بن جائے تو دین خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ بد کردار اور گمراہ لوگ اللہ کی اطاعت سے نکل کر شیطان کے چنگل میں داخل ہو جاتے ہیں۔یزید فاسق و فاجر اور قاتل تھا۔حدود الہی کی کھلے عام نفی کرتا تھا۔ یذیدیت دراصل شیطانیت کا نام ہے جو انسانوں کو انسانیت کے مقام سے گرا دیتی ہے ۔جہاں پر انسانی قدروں کا استحصال نظر آتا ہے وہاں پر یزیدی نظام ہو گا۔قارون صفت سرمایہ دار،فرعون صفت سیاست دان اور بلم باعورا صفت مذہب فروش مل کر شیطانی ٹرائیکا بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی اسی طرح کا استحصالی طبقہ موجود ہے جو وطن اور اہل وطن کا استحصال کرتے ہیں۔یزیدیت کے اندر یہ تینوں طبقات موجود تھے جو الہی نظام کا خاتمہ چاہتے تھے ۔امام حسین علیہ السلام نے اس نظام کی بیعت کے مقابلے میں شہادت کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا دین اسلام سیاسی ، معاشی ، اخلاقی،سفارتی، تعلیمی،اجتماعی، انفرادی احکام پر مشتمل ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔دین کو جب زندگی سے نکال دیا جائے تو نمرود و شداد کی حاکمیت جنم لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف امام عالی مقامؑ اپنے قلیل ساتھیوں کے ساتھ دین کی حفاظت کے لیے کھڑے تھے جب کہ دوسری جانب یزیدپورے جہان اسلام کی حکومت کے ساتھ صف آرا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام عالی مقام نے یزیدیت سے ٹکڑانے کے لیے سرد جنگ کی حکمت عملی اختیار کی۔نواسہ رسول ﷺ نے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور مدینہ سے مکہ کی طرف چل پڑے ۔یہ وہ وقت تھا جب سب کی نظر و فکرکا مرکز امام حسین ؑ کی ذات مقدسہ تھی۔ آپ جہاں جاتے یزیدیت کے منصوبوں کا پردہ چاک کرتے جاتے۔آپ نے دنیا بھر سے آئے ہوئے حجاج کے سامنے یذیدیت کے بدنما چہرے کو بے نقاب کیا اور اگلے مراحل طے کرنے کے لیے عراق کی طرف روانہ ہو گئے۔