The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزہ رہنماء سید محمد رضا (آغا رضا) نے پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج 14 اگست ہے، یعنی یوم آزادی، اور محرم کا مہینہ بھی ہے۔ امام حسین علیہ السلام کا پیغام بھی آزادی ہے، انہوں نے ہمیں حریت کا درس دیا ہے۔ ظلم کے مقابلے میں کسی بھی صورت تسلیم نہ ہونا، آزادی کی جدوجہد جاری رکھنا اور آزادی ملنے کے بعد اس کی حفاظت کرنے کا لازوال عملی درس بھی کربلا سے اور پھر کربلا سے کوفہ اور کوفہ سے شام تک بے سروسامانی اور اسیری میں سفر کرنے والوں نے ہی دیا ہے۔ ہر سال چودہ اگست ہمیں اپنے آباؤ اجداد، بزرگوں اور اسلاف کی یاد دلاتا ہے۔
جنہوں نے وطن عزیز کے حصول کیلئے بے بہا قربانیاں دیں۔ پاکستان ہمیں یوں ہی نہیں ملا، بلکہ آزادی کے بدلے ہمارے بزرگوں نے اپنی جان و مال، عزت و آبرو تک کو قربان کیا۔ ہمارے آباؤ اجداد تو اس سبق کو نہیں بھولے، لیکن ہمارے دلوں سے آزادی کی قدر و منزلت وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو گئی۔ کربلا کے شہداء کی داستان ہائے شجاعت ہمارے لئے درس حریت و آزادی ہے۔ یہ کربلا ہی ہے جو آزادی کا پیغام دیتی ہے۔ کربلا کا درس ہے کہ بصیرت و آگاہی اور شعور و فکر کو بلند و بیدار رکھا جائے، تاکہ جہالت و گمراہی کے پروردہ لوگ دوبارہ کربلا بپا کرکے ظلم کی داستانیں رقم کرنے کا سوچ بھی ناسکیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ سٹی کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے پچھترویں جشن آزادی کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ماہ محرم الحرام کے احترام میں اس بار جشن آزادی سادگی سے منائیں گے۔ ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے قائداعظم محمد علی جناح (رح) اور علامہ اقبال (رح) سمیت کئی مسلم رہنماؤں کی انتھک محنتوں اور لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے کے بعد آزادی ملی ہے۔ اب ترقی و کمال تک پہنچنے کیلئے قومی یکجہتی ضروری ہے۔ پوری قوم نزاکت وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اتحاد و اتفاق کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے۔ اسکی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے قومی یکجہتی لازمی ہے۔ انہوں نے آخر میں نئے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کی تعیناتی کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمانڈر 12 کور جنرل آصف غفور سے بلوچستان میں امن و امان کی صورت میں بہتری کی امید ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم اور عزاداری کونسل کے سربراہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلا کے میدان میں آل رسول نے دین اسلام کی بقا کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ ماہ محرم میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے سوگ کی وجہ سے ہم آج یوم آزادی انتہائی سادگی سے منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے ایک آزاد وطن حاصل کیا جہاں ہمیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو۔ آج پاکستان کے کروڑوں شہریوں کی مذہبی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔ متنازعہ نصاب تعلیم اور عزاداروں پر مقدمات اس کی مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے جو ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے ہم نے اس وطن کے عزت و وقار کے لئے قربانیاں دیں اور اس وطن کی محبت کے جرم میں ہمیں دھشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ہم نے ہمیشہ اپنے شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرکے پاک وطن سے اپنی لا زوال محبت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے کروڑوں شہریوں کی مذہبی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے۔ عزاداری اور ذکر حسین علیہ السلام کو جرم قرار دے کر عزاداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرکے شرمناک مثال قائم کی جا رہی ہے۔ ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ حکیم الامت علامہ اقبال اور مادر ملت فاطمہ جناح سے عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قائد اعظم کے خواب کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم وطن میں تبدیل کریں گے اور پاکستان سے فرقہ وارانہ اور لسانی نفرتوں کا خاتمہ کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) 75ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ جن خالص نیتوں اور قربانیوں کے ساتھ اس ملک کی بنیاد رکھی گئی انہیں قربانیوں کو یاد کرتےہوئے اور قائد اعظم کے فرامین پر عمل کرتے ہوئے ہم اس ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر سکتے ہیں اور بالآخر ایک دن ایسا بھی آئے گا کہ وطن عزیز پر زمین کے اصلی وارث امام زمانہ علیہ السلام کی حکومت کو مشاہدہ کریم گے بیشک صحیح اسلامی عقیدہ و اسلوب کی پیروی میں وطن عزیز کا مستقبل روشن اور منور ہوگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم آذادی کے موقع پر وطن کے محافظوں کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی جانیں ہمہ وقت مملکت خداداد پاکستان کی حفاظت کے لئے قربان ھونے کے لئے تیار رھتی ھیں ۔ حسینیت زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد ۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے وفد کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں علما و زاکرین کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا فاتحہ خوانی ملکی سالمیت اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مختار امامی، علامہ علی انور جعفری،مولانا صادق جعفری، رہنما ناصر حسینی،زاہد عباس، قیصر عباس، راحیل عباس و دیگر موجود تھے۔
علامہ باقرعباس زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس آزاد و خودمختار پاکستان کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا اور جس کے قیام کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے انتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کے لیے پوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان کا حصول محض کسی زمینی ٹکڑے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی اسلامی مملکت کا قیام تھا جو اپنے فیصلوں میں آزاد ہو۔ جس کے داخلی و خارجی فیصلے قومی مفادات کے تابع ہو۔گزشتہ چوہتر سالوں سے عالمی استکباری طاقتیں پاکستان کے معاملات اور ہمارے دیگر ممالک سے تعلقات کو اپنی مرضی کے تابع دیکھنے کی متمنی ہیں۔جو ریاست ملک وقوم کے وقار کو مقدم سمجھتی ہے وہ کسی بیرونی ڈکٹیشن کو خاطر میں نہیں لاتی۔ اس حقیقت کا ادارک صرف انہیں رہنماؤں کو ہوتا ہے جو باضمیر و باشعور عوام کی آنکھ سے معاملات کو پرکھنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان ہماری شناخت اور رب کریم کی طرف سے عطاکی گئی ایک عظیم نعمت ہے۔ہمارا یہ وطن ہماری مذہبی آزادی، ہمارے عقیدوں کے تحفظ اور نسلوں کی بقا کا ضامن ہے۔ہمیں اپنی جان و مال سے بڑھ کر اس کی حفاظت کرنا ہو گی۔حب الوطنی کے جذبے سے شرسار ہوکر ہر اس دشمن کے خلاف ہم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہے جو ہماری سالمیت اور بقا کا دشمن ہے۔ہم نے اپنے اتحاد،وحدت، باہمی احترام اور رواداری سے ملک دشمن سازشوں کو شکست دینا ہو گی انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر پاکستان کی بقاء،سلامتی اور خوشحالی تجدید عہد اور ملک دشمنوں سے جنگ کے عزم کا دن ہے یوم آزادی پر شہدائے پاکستان کو خراچ عقیدت پیش کرتے ہیں۔14اگست تجدید عہد وفا کا دن ہے کسی ملک و اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو اس ملک میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم و سربراہ عزاداری کونسل علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائیجیریا میں عزاداران امام حسین علیہ السلام پر سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں سات عزاداروں کی شہادت اور درجنوں زخمی ہوئے یہ المناک واقعہ نائیجیرین حکومت کے یزیدی کردار کا عکاس ہے اپنے ہی شہریوں پر مسلسل گولیاں چلانا اور معصوم انسانوں کا خون بہانا نائیجیرین حکومت کا وطیرہ ہے ابھی دنیا بھر کے لوگ نائیجیرین فورسز کے ہاتھوں کانو اور زاریا کے مومنین کا قتل عام اور بقیہ اللہ امام بارگاہ کی تخریب نہیں بھولے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ ابراہیم زکزاکی نائجیریا کے بہادر حسینی جس نے اپنے چھ جوان بیٹے راہ خدا میں قربان کر دیے حالیہ سانحے میں ان کا جوان بھتیجا محسن یعقوب زکزاکی شہید ہوا ہے جوکہ زکزاکی خاندان کی راہ حسینیت میں قربانی کی نئی مثال ہے۔شیخ زکزاکی عصر حاضر میں ایثار اور استقامت کی علامت بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ اسلامی تنظیمیں اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے نائجیریا میں جاری قتل عام پر آواز بلند کریں۔ نائیجیرین حکومت کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ اغیار کی خوشنودی کے لئے اپنوں کا خون بہانا شرمناک عمل ہے اور اسے اس خون ناحق کا جواب دینا ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہےکہ قیام پاکستان کے لیے طویل،انتھک اور بےمثال جدوجہد کا مقصد ایک ایسے خطے کا قیام تھا جہاں اہل اسلام اپنی مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ایک ایسی خودمختار ریاست جس کے فیصلے ملکی مفادات، قومی وقار اور اسلامی تعلیمات کے تابع ہوں۔جس کے باسیوں کو عالم استعمار و استکبار کی غلامی کا کوئی طعنہ نہ دے سکے۔جہاں آئین و قانون کی حکمرانی اور سکون و شادمانی کا راج ہو۔ وطن عزیز کو تکفیری اور طاغوتی قوتوں کے شنکجے سے آزادی دلانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی داخلی خودمختاری اور آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔پاک فوج کے نوجوانوں کے سروں کے ساتھ فٹ بال کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ان قومی مجرموں کو پاکستان کے قوانین کے تحت سخت ترین سزائیں دینا حب الوطنی کا تقاضا ہے۔محب وطن اور مدافع وطن کے قاتلوں کی معافی ملک و قوم سے خیانت ہے۔ہم سب نے مل کر اپنے وطن کی حفاظت کرنی ہے۔ہمارے لیے یہ رب کریم کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں اس حقیقت کو محض تاریخ کے اوراق میں زندہ نہیں رکھنا بلکہ اپنے کردار وعمل اور قومی نوعیت کے معاملات پر ٹھوس موقف سے یہ واضح کرنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار پر موروثی اجارہ داری کی بے جا خواہش ، سیاسی رسہ کشی اور اختیارات کے نشے کے خمار نے ہمارے پیارے وطن کو قائد اعظم کا پاکستان نہیں بننے دیا۔ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیزمیں قائد اعظم کے اصولوں سے انحراف کرنے والوں کی نہ ملکی سیاست میں گنجائش ہے اور نہ ہی ریاستی اداروں میں ان کے لیے کوئی مقام ہے ۔تحریک پاکستان میں ہمارے اجداد نے قربانیاں دیں ہیں اور قائد و اقبال کے نظریات کے مطابق تکمیل پاکستان کے لیے ہم اور ہماری نسلوں نے پرخلوص جدوجہد کرنی ہے۔اس ملک کو سیاستدان نما تاجروں کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےچیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ذاکراہل بیتؑ وسیم عباس بلوچ کے جواں سال بھائی جناب نعیم عباس بلوچ کی ناگہانی وفات پر دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ذاکر اہل بیتؑ وسیم عباس بلوچ کے جواں سال بھائی جناب نعیم بلوچ کے انتقال پر ان کے اہل خانہ اور بالخصوص ذاکر وسیم عباس بلوچ کی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں ۔خدا مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم اور ایم ڈبلیو ایم عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے گیارہ محرم الحرام کے دن خیرپور میں کالعدم دہشت گرد گروہ کی ریلی کو فتنہ اور شرانگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام شہدائے کربلا کی مجالس عزا اور جلوسوں کا مہینہ ہے جس میں ایک شرپسند کالعدم دھشت گرد تنظیم کو خیرپور انتظامیہ کی جانب سے ریلی کی اجازت دینا قابل مذمت ہے خیرپور انتظامیہ کالعدم دہشت گرد گروہ کی بلیک میلنگ مین آکر ظالم اور مظلوم کو ایک لائن میں کھڑا کرنے سے اجتناب کرے۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ملک بھر میں محرم الحرام کا پہلا عشرہ پرامن رہا مگر اب تک نہتے عزاداروں کے خلاف عزاداری اور عبادت کے جرم میں ملک بھر میں دو درجن مقدمات درج ہوچکے ہیں جو کہ اھل تشیع کی مذہبی آزادی پر حملے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس ذکر امام حسین علیہ السلام اور جلوسوں میں برادران اھل سنت کی شرکت اتحاد بین المسلمین کا عملی ثبوت ہے۔در ایں اثناء عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے عزاداری کے مسائل کے سلسلے میں ڈی آئی جی پولیس سبی ڈپٹی کمشنر کچھی ایڈیشنل ہوم سیکرٹری ایس ایس پی دادو وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر سید وقار مہدی و دیگر سے گفتگو کی۔
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما محترمہ سائرہ ابراہیم نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست کمزور اور طاقت ورکیلئے یکساں نظام انصاف پر عمل پیرا ہو، ایک ڈرائیور کی بیوی اور شیرخوار بچی کیلئے انصاف کے تقاضےالگ ہیں اور ایک سارٹیفائڈ چور کی بیٹی کیلئے الگ، یہ دہرا معیار انصاف وطن عزیز کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔اعلیٰ عدلیہ پر سے عام شہری کا اعتماد ختم ہورہا ہے۔ شہباز گل کا ڈرائیور مجرم ہے تو سزا اس کی بیوی اور معصوم بچی کو کیوں دی جارہی ہے۔ حکمران خوف خدا کریں اور آخرت سے ڈریں ، مولا علیؑ کا فرمان ہے حکومتیں کفر سے تو چل سکتی ہیں مگر ظلم سے نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومتی اتحاد کے تمام قائدین اعلیٰ عدلیہ سے سزا یافتہ ہیں لیکن قانون اس کے سامنے اندھا ، بہرااور گونگا ہوجاتا ہے، علاج کے نام پر جھوٹ بول کر ایک جماعت کا قائد بیرون ملک فرار ہوجاتا ہے اور اس کے ضمانتی وزیر اعظم بنادیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال نے ایسے پاکستان کا خواب نہیں دیکھا تھا کہ جہاں محب وطن شہری جیل کی سلاخوں کے پیچھے اور چور لٹیرے مسند اقتدار پر براجمان ہوں ۔