The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بارش اور سیلاب نے بلوچستان اور سندھ میں تباہی مچادی ہے۔ کئی روز سے جاری بارش کے باعث غریبوں کے کچے گھر گر چکے اور ان کا سارا سامان بھیگ چکا، غریب جائے پناہ اور دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔ مسلسل بارش کے سبب کاروبار زندگی معطل ہے اور دھاڑی مزدور بے کار بیٹھے ہیں۔ حکومت اور فلاحی ادارے مظلوم اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ بارش اور سیلاب کے باعث کئی قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے، جبکہ غذائی قلت اور غربت و افلاس کے سبب غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی امداد کو با اثر افراد کی کرپشن سے بچا کر متاثرین تک پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ جو زرعی پیداوار میں مددگار ثابت ہوں گے اور سیلاب سے بچاؤ کا سبب بھی بنیں گے۔ یہ حکومتی نااہلی اور بدانتظامی ہی ہے کہ عوام یا تو سیلاب میں ڈوبتے ہیں یا ان کے پاس پینے کا پانی نہیں ہوتا۔ افسوس کہ بلوچستان میں بننے والے دسیوں ڈیم ناقص میٹیریل اور بد ترین کرپشن کے سبب بارش اور سیلاب میں بہہ گئے۔ جس کی تحقیقات ضروری ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا اور ہمارے آئین میں درج ہے کہ ہر مسلک کو اپنے مذہب کے مطابق آزادی حاصل ہوگی۔ لیکن بدقسمتی سے جیسے ہی محرم الحرام شروع ہونے لگتا ہے، ایک فضا بنا دی جاتی ہے کہ امن و امان کا مسئلہ ہے، حالانکہ عزاداری نواسہ رسول کے ساتھ کسی قسم کا امن کا مسئلہ نہیں ہے، یہ یہود و ہنود کی سازش اور قابل مذمت عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنماء زعیم زیدی، دلاور زیدی، وسیم زیدی، محمد اصغر تقی، ضلعی صدر مولانا وسیم عباس معصومی اور دیگر موجود تھے۔

اسد عباس نقوی نے مزید کہا کہ مجالس عزا جو کہ نواسہ رسول کی یاد میں منائی جاتی ہیں، اس کی اجازت کا مسئلہ بنا دیا جاتا ہے۔ حالانکہ گھر کے اندر یا امام بارگاہ کے اندر مجلس کا انقعاد ہمارا آئینی حق ہے، آئین پاکستان کے تحت ہمیں آزادی حاصل ہے، اس سال بھی پنجاب کے اندر چادر اور چار دیواری کے اندر مجالس کے انعقاد پر جو جو ایف آئی آرز ہوئی ہیں، وہ قابل مذمت ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ ایف آئی آر فوری واپس لی جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کچھ جگہوں پر یہ بات علم میں آئی ہے کہ جلوس عزا میں موسم کی صورت حال کی وجہ سے ٹائمنگ میں 10 سے 15 منٹ لیٹ ہونے پر آیف آئی آر ہوئی ہیں، جو قابل مذمت ہیں۔ حالانکہ کوئی میوزیکل پروگرام یا سیاسی جلسہ کی ٹائمنگ طے نہیں ہوتیں، لیکن نواسہ رسول کی یاد منانے کے لئے ٹائم مقرر کر دیا جاتا ہے، حکومت پاکستان یہ قانون واپس لے اور ہر شخض کو مذہی آزادی کا حق دیا جائے۔ اس محرم الحرام کے اندر ایک سازش کی گئی کہ ہمارے اہل سنت بھائیوں کی طرف سے سبیل یاد شہداء کربلا لگائی گئی، جس کو بالخصوص سندھ کے اندر تکفیری قوتوں نے نشانہ بنایا، لیکن سندھ حکومت نے آج تک کوئی کارروائی نہیں کی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور کارروائی کی جائے اور سبیل شہدائے کربلا بند کرانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ خیرپور سندھ میں عزاداروں کے گھروں پر پولیس شیلنگ قابل مذمت فعل ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے فی الفور پولیس کے ذمہ دار افسران کو معطل کیا جائے اور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد/کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معروف شیعہ ذاکر اہل بیتؑ  اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن خطیب حریت علامہ علی کرار نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے پوری زندگی ذکر محمدؐ و آل محمدؑ کی ترویج میں صرف کی، مرحوم کی قومی و ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا، مرحوم علامہ علی کرار نقوی ماضی کی ان شخصیات میں سے تھے کہ جنہوں نے پاکستان کی سرزمین پر اوائل میں انقلاب اسلامی اور بانی انقلاب امام خمینیؒ کے پیغام کو پھیلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ  ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے علامہ علی کرار نقوی اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی تھے، آپ آخر دم تک مسلمانوں کے درمیان اتحاد کیلئے کوشاں رہے اور اس کیلئے عملی جدوجہد کرتے رہے، مرحوم فلسطین سمیت یمن، عراق، شام، بحرین، نائیجیریا سمیت دنیا بھر کے مظلومین کیلئے آپ ایک توانا آواز تھے، علامہ علی کرار نقوی کے انتقال سے جہاں شیعہ قوم ایک بڑے ذاکر اہل بیتؑ سے محروم ہوگئی ہیں وہیں اتحاد بین المسلمین کیلئے کام کرنے والی قوتوں کو بھی  شدیدصدمہ پہنچا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےمرحوم علامہ علی کرار نقوی کے خانوادہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ مرحوم کے درجات کی بلندی کے ساتھ ساتھ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی نے بھی علامہ علی کرارنقوی کی رحلت پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مکتب اہل بیتؑ ایک بلند پایہ خطیب اور عالم دین سے محروم ہوگیا ہے، اتحاد امت کیلئے مرحوم کی خدمات کو تادیر یارکھا جائے گا، ان کی جدائی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ خداوند متعال مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کےپسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ کی حالیہ تقریر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مسائل پر عبدالخالق ہزارہ کو آواز بلند کرنی چاہئے تھی۔ ان میں وہ قوم کی نمائندگی کرنے میں ناکام ہو گئے اور انہوں نے قوم کو ناامید کر دیا۔ آج جن مسائل کو گھر میں بیٹھ کر بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے، انہیں اسمبلی فلور میں پیش کرکے وہ اپنی نااہلی کا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔

ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ ہماری قوم کے ساتھ ہونے والے بڑے واقعات کے دوران عبدالخالق ہزارہ اسمبلی سے غائب تھے۔ 2021ء میں ہزارہ ٹاؤن کے دھرنے میں انہوں نے اسمبلی میں بات نہیں کی۔ بلال نورزئی کے واقعہ میں وہ کوئٹہ سے ہی غائب ہوگئے تھے اور نہ ہی انہوں نے ہدایت خلجی کیس میں اسمبلی فلور پر آواز بلند کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچگانہ موضوعات کو صوبائی اسمبلی میں اٹھانا خالق ہزارہ کی نالائقی کو ظاہر کرتا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کوئی بھی صاحب ایمان ملعون سلمان رشدی کے لیے ہمدردانہ جذبات نہیں رکھ سکتا۔عالمی طاقتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی مول لینا صریحاً گھاٹے کا سودا ہے۔رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون سلمان رشدی کے خلاف مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ خمینی رحمۃ اللہ کا تاریخی اور جرات مندانہ فتوی نبی کریم ﷺ سے عشق کا والہانہ اظہار ہے۔ملعون سلمان رشدی کے خلاف  روح اللہ خمینی کا فتوی اٹل ہے۔مراجع عظام کے فتاویٰ تبدیل نہیں ہو سکتے۔دین اسلام اور رسول اللہ ﷺ کے کسی گستاخ کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے اپنے ایمان پر غور کریں۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان و  عظمت ہمیں ہر تعلق سے بڑھ کر ہے۔یہ ہماری دینوی غیرت کا تقاضا ہے۔خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت و حرمت کے  تحفظ کے لیے دنیا کے تمام تعلق قربان کیے جا سکتے ہیں۔ ملعون گستاخ کل بھی قابل نفرت تھا اور آئندہ بھی لعنت کا حقدار رہے گا۔ہم نبی ﷺ کے نام لیوا ہیں نبی ﷺکی عظمت پر منافقانہ طرز عمل اختیار کر نے والوں کے خلاف ہمارا موقف دوٹوک اور اٹل ہے۔

وحدت نیوز(نصیر آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم اور عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی قیادت میں تنظیمی وفد نے ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد عبدالحئی بلوچ سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر آغا سہیل اکبر شیرازی صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن ظفر ممتاز علی حاجی ھدایت اللہ گوشانی شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور عزاداروں و عزاداری کونسل کے درمیان تعاون کے باعث مجالس عزا اور عزاداری کے پروگرامز امن و امان سے منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صحبتِ پور میں چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ہر سال جلوس عزا نکلتا ہے مگر افسوس کہ گذشتہ سال عزاداروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے حکومت یہ مقدمہ واپس لیتے ہوئے اس دفعہ جلوس اربعین کے سلسلے میں مکمل تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن میں قدیمی جلوسوں خصوصاً حاجی شہر درگاہ فتح پور شریف اور کوٹ بچل شاہ کے قدیمی عاشورا جلوسوں کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے  ان جلوسوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ پولیس اور عوام کا باہمی تعاون قیام امن میں مفید ہے۔ پولیس اور عزاداروں بانیان مجالس کا باہمی تعاون انتہائی احسن انداز سے ایام عزا کے انعقاد کا باعث ہوا ان شاءاللہ تعالیٰ یہ باہمی تعاون چہلم شہدائے کربلا سمیت سال بھر جاری رہے گا۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ڈی آئی جی پولیس عبدالحئی بلوچ کو ایام عزا میں تعاون کرنے پر شیلڈ پیش کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین سبزواری پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ آور مجرموں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ علامہ سید سبطین سبزواری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایک ممتاز عالم دین پر قاتلانہ حملہ انتہائی افسوس ناک ہے پنجاب پولیس کو چاہیے کہ واقعہ میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کرتے ہوئے انہیں فی الفور گرفتار کرے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب پولیس کی صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ وہ اس قاتلانہ حملے کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے اپنی بھرپور صلاحیت بروئے کار لائے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے آپ کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں ایک مذہبی رہنما پر قاتلانہ حملہ کرکے امن دشمن عناصر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر علامہ سید سبطین سبزواری نے اپنے اوپر قاتلانہ حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وحدت نیوز(رتوڈیرو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے رتودیرو کے قریب سید مصری شاہ کا تبلیغی دورہ کیا۔اس موقع پر سید مصری شاہ اور نصیب اللہ شاہ کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ محرم الحرام تبلیغ دین اور احیائے فکر حسینیت کا مہینہ ہے۔ سادات کرام مکتب اھل بیت علیھم السلام کی ترویج و تبلیغ کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیں لوگوں کی سادات کرام سے عقیدت ایک بہترین موقع ہے کہ سادات اس محبت اور عقیدت کو امت کی اصلاح کے لئے بروئے کار لائیں۔ نوجوان نسل کی دینی اور نظریاتی تعلیم و تربیت کے ذریعے اصلاح معاشرہ کا ھدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام اور پیغام اھل بیت کی تبلیغ ہمیں اپنے گفتار اور کردار کو پاکیزہ بنا کر کرنی چاہیے تاکہ ہمارے کردار سے کردار آل محمد علیھم السلام کی خوشبو آئے۔

اس موقع پر مقامی مومنین اور سادات نے ماہ محرم الحرام کے پروگرامز اور گذشتہ سال کی ایف آئی آر کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ گوٹھ جکھرانی پہنچ کر فریقین میں صلح کرائی اور دعائے خیر کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم لاڑکانہ کے ضلعی صدر برادر عبد الرزاق جلبانی سابق رکن شورائے عالی سید آل محمد جعفری ،سید غلام شبیر نقوی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسنٹرل سیکرٹریٹ میں شوری ٰعالی کا دو روزہ اجلاس سربراہ شوری عالی علامہ شیخ حسن صلاح الدین کی زیرصدارت منعقد ہوا،اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال ،تنظیمی امور سمیت محرم الحرام میں عزاداری کے حوالے سے  درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اور ان امور کے حوالے سے ضروری فیصلہ جات کئے گئے۔

 اجلاس میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ،وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی،جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی،سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،صدر علمائے شیعہ پاکستان علامہ سید حسنین گردیزی،علامہ سید باقر زیدی،علامہ اقبال حسین بہشتی،آغاسید محمد رضا، سید امتیاز رضوی، علامہ خالق اسدی علامہ سید شبیر بخاری اور نثار فیضی نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) بلوچستان کے سیلاب زدہ لوگ یارو مددگار پاک افواج  حکومتی اراکین و فلاحی اداروں سے مدد کی اپیل مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدرعلامہ سہیل اکبر شیرازی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے اس وقت پورا بلوچستان شدید بارشوں اونچے درجے کے سیلابوں کی زد میں ہے بلوچستان کے اکثر علاقے زیر آب آ چکے ہیں اور مزید بارشوں اور سیلابوں کا شدید خطرہ ہے اس مصیبت کی گھڑی میں حکومتی اراکین بلدیاتی نمائندگان غائب کرونا سے بلوچستان میں ایک سال میں کچھ ہلاکتیں ہوئیں تھیں تو حکومت نے آسمان سر پر اٹھایا ہوا تھا اور حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابوں سے سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کئی ہزار مویشی و مکانات منہدم ہو چکے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کا کروڑوں روپے کا نقصانات ہونے کے باوجود حکومت کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے حکومت کی جانب ابھی تک امدادی کارروائیاں نا ہونے کے برابر ہیں اورجو تھوڑا بہت امدادی سامان سیلاب زدہ لوگوں کے لیے آیا ہے وہ بھی صیح طریقہ سے تقسیم نہیں ہورہامن پسند افراد کو دیا جارہا ہے بلوچستان کاملک کے اکثر علاقوں سے زمینی وموصلاتی رابطے منقطع ہوچکا ہے روڈ راستے بند ہیں لوگ بے یارو مددگار پڑے ہوئے ہیں افسوس ہے کہ ہمارے حکمران اس ایمرجنسی حالات میں بھی خواب خرگوش سے بیدار نہیں ہورہے اس بار فلاحی تنظیموں کی جانب سے بھی کوئی خاص امدادی کارروائیاں نظر نہیں آرہی ہیں سیلاب وبارشوں کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے روزگار کے مواقع ختم ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بلوچستان کے اکثر لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت سے  وابستہ ہے اس وقت فصلات مکمل ختم ہوگئے ہیں زرعی زمینیں غیر آباد ہوچکی ہیں لوگ بے روزگار  ہوچکے ہیں لوگ نان نفقہ کے لیے پریشان ہیں  عوام امدادی کارروائیوں کی منتظر ہے لوگ بے گھر ہوچکے ہیں لوگ اپنے خاندانوں سمیت  اس شدید گرمی میں آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں اس وقت سیلاب زدہ علاقوں میں غذائی کمی وقلت کا سامنا ہے لوگوں کو صاف پانی پینے کے لیے میسر نہیں بلوچستان کی عوام وزیراعظم پاک افواج ملکی وغیر ملکی فلاحی اداروں مخیر حضرات   وزیر اعلیٰ بلوچستان و   بلوچستان کے منتخب نمائندوں وزیروں  سے گذارش واپیل کرتے ہیں  کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں اور مصیبت کی گھڑی میں لوگوں کی امداد کی جائی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree