وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری کسان اتحاد کے پر امن احتجاج اور مطالبات کی حمایت کرتے ہیں جن میں بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس کا خاتمہ ، ٹیوب ویل کے یونٹوں پر دی گئی سبسڈی کی بحالی ،کھادوں کی قیمتوں میں کمی، معیاری بیجوں کی فراہمی اور سستی کیڑے مار ادویات کا میسر ہونا شامل ہے فصل کی کاشت سے لے کر کٹائی تک اٹھنے والے بھاری اخراجات نے کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے کسان اتحاد کے مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت جواب دے کہ آخر کسانوں کا کونسا مطالبہ ناجائز ہے جس کی وجہ سے مذاکرات ناکام رہے ہیں اور کسان سات دنوں سے دھرنا دینے پر مجبور ہیں کسان اس کمر توڑ مہنگائی میں اپنا پیٹ پالے یا ملک کے لیے اناج اگائے جب فصل پر لاگت ہی آمدن سے زیادہ ہوگی تو کسان فصل اگانے کو ترجیح کیسے دے گا لہذا حکومت کو چاہیے کہ ہوش کے ناخن لے اور کسانوں کے مطالبات کو فی الفور منظور کرے تاکہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہو سکے۔