کندھ کوٹ، ایم ڈبلیوایم رہنما علامہ مقصودڈومکی کی اغواء اور زیادتی کانشانہ بننے والے شہریوں کے ورثاء سے ملاقات اور اظہار یکجہتی

12 December 2022

وحدت نیوز(کندھ کوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کندھ کوٹ پہنچ کر مغوی ہونے والے شہریوں کے ورثاء سے ملاقات کی۔ اور اغواء برائے تاوان کے مجرموں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے اغواء پر شدید غم و غصے اور درد و تکلیف کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر مغوی شہریوں کے ورثاء اور ایم ڈبلیو ایم ضلع کشمور کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلع کشمور میں تسلسل کے ساتھ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں افسوس ناک ہیں۔ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال میں بہتری لانے اور مغویوں کی بازیابی کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ مقام افسوس ہے کہ ایک مغوی کی بازیابی سے قبل اغواء کی مزید وارداتیں ہو جاتی ہیں جس کے باعث اس وقت ایک ضلع میں مختلف وارداتوں میں بارہ افراد اغواء ہو چکے ہیں جو غریب گھرانے دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے ان سے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اغواء برائے تاوان کے بعد مغویوں پر تشدد مغویوں سے جنسی زیادتی اور اس زیادتی کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا۔ اغواء کی وارداتوں کو پچاس دن گذر گئے مگر پولیس اور انتظامیہ مجرموں کے سامنے بے بس اور بے حس نظر آتی ہے اور اغواء برائے تاوان ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ پچاس دن سے مغویوں کے ورثاء تھانے اور ایس ایس پی آفس کے چکر لگا رہے ہیں مگر آج تک ان کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کشمور شکارپور اور گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں ڈاکو کلچر نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ہوا ہے پولیس اہلکاروں کی شہادت اور اغواء کی وارداتوں کے سدباب کے لئے ضروری ہے کہ پولیس رینجرز اور پاک فوج کے تعاون سے آپریشن کلین اپ کا آغاز کرے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree