وحدت نیوز(راجن پور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی صوبہ جنوبی پنجاب کے تین روزہ دورے پر ضلع راجن پور کے گاؤں شمس آباد پہنچے تو گاؤں کے مومنین اور متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے سردی کے موسم کی مناسبت سے غریب اور مستحق افراد میں گرم کپڑے تقسیم کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شدید سردی کے موسم میں غریب لوگوں کو کمبل اور گرم کپڑوں کی اشد ضرورت ہے ہم سب کو چاہیئے کہ حسب توفیق و حسب استطاعت معاشرے کے محروم طبقات کی مدد کریں۔ بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں کو نا عوام سے کوئی ہمدردی ہے اور نا ہی عوام کی تکلیفوں کا احساس ہے۔ اقتدارِ کے حریص ہمارے حکمرانوں کو عوام سے فقط ایک دن غرض ہوتی ہے اور وہ ہے الیکشن کا دن ۔ ایسے خود غرض حکمران ملکی عوام اور خزانے پر بوجھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا پسماندہ ضلع راجن پور غربت اور افلاس کی مجسم تصویر ہے عدل وانصاف کا تقاضا ہے کہ بلوچستان اور راجن پور کو بھی ترقی میں اسلام آباد کے برابر لایا جائے۔ وطن عزیز پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے یہاں کرپٹ اور بدکردار حکمرانوں کی جگہ صالحین کی حکومت ضروری ہے۔