وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا اور ایم ڈبلیو ایم ضلع ہزارہ ٹاؤن کی کابینہ سے نشست میں آئندہ انتخابات اور سیاسی امور کے حوالے سے مشاورت کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری تربیت مولانا سید عباس، ضلعی صدر کربلائی عیوض علی ہزارہ اور دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت جعفریہ کے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ کوئٹہ کے باشعور عاشقان اہل بیتؑ نے ہمیشہ اپنی قومی جماعت کا ساتھ دیا اور مجلس وحدت ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پوری اتری ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے تنظیمی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے عاشقان اہل بیتؑ نے حسینیت کی راہ میں جو قربانیاں دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ملت کے تحفظ اور حقوق کے حصول کے لئے قوم کا سیاسی طور پر مستحکم ہونا ضروری ہے۔