وحدت نیوز(اسلام آباد)سویڈن میں قرآن مجید کے نسخے کی بے حرمتی کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں مسلم دنیا کے جذبات کو مجروح کرنا انتہائی مجرمانہ عمل ہے جس کی آزادی اظہار کی آڑ میں قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس عرف جعفری نے میڈیا سیل کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپنے آپ کو مہذب کہنے والی نام نہاد مغربی دنیا کا مکروہ چہرہ اس طرح کی قبیح حرکتوں سے پوری دنیا پر عیاں ہو جانا چاہیے، قرآن مجید کی بے حرمتی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کسی طور پر بھی انسانی اقدار کا پاس نہیں ہے اور اسلام فوبیا کا مرض مغربی ممالک میں بڑھتا جا رہا ہے جس پر مسلمانوں سمیت ہر باضمیر انسان کا دل دکھی اور تشویش میں مبتلا ہے اور اس اشتعال انگیز حرکت پر مسلم ورلڈ سے سخت ردعمل کا آنا فطری عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب دوسرے مذاہب کے مقدسات کی توہین کی ہرگز اجازت نہیں دیتا جس سے کسی کے مذہبی جذبات مجروع ہوں اور دل آزاری ہو مگر دلی دکھ کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغربی معاشرے میں اس مجرمانہ عمل کو یکے بعد دیگرے دوہرایا جاتا ہے لیکن اس پر انسانی حقوق اور عالمی امن کے نام پر نوبل پرائز دینے والے اداروں کا دوہرا معیار قابل مذمت ہے متعلقہ حکومتیں بھی اس مجرمانہ عمل میں ملوث افراد کو سزا نہیں دیتی ہیں جن کی بدولت آئے روز مغربی ممالک میں مسلمانوں کے مقدسات کی بے حرمتی کے واقعات کا رونما ہونا معمول بنتا جا رہا ہے۔