وحدت نیوز(حیدرآباد) متنازعہ ترمیمی بل اور توہین قرآن کے متعلق اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام علامہ سید حسنین گردیزی صدر مجلسِ علماء شیعہ پاکستان نے کہا کہ ہم اسمبلی میں پاس ہونے والے بل کو نہیں مانتے یہ ایک تکفیری بل ہے جس کا ٹارگٹ صرف شیعیان حیدر کرار ہیں اور یہ متنازعہ بل پاکستان کے خلاف داخلی اور بیرونی دشمن کی سازش ہے اور دہشتگردی کو ہوا دینے کی شیطنت ہے اس لئے ہم اس متنازعہ بل کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مہنگائی سے توجہ ہٹانے اور اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے اپنے غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر اپنے ذاتی مفادات کیلئے ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہے ہیں ۔توہین قرآن کرنے والوں کی سخت مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر سوئیڈن حکومت سے احتجاج کرے اور عالمی سطح پر اس مسئلہ کو اٹھایا جائے ۔
پریس کانفرنس میں علامہ سید عالم شاہ موسوی رکن نظارت مجلس علماء شیعہ پاکستان، علامہ سید باقر عباس زیدی صدر ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ ،علامہ رضا محمد سعیدی صاحب رہنما ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ، علامہ عبداللہ مطہری صدر مجلس علماء شیعہ صوبہ سندھ علامہ آغا محمد قمبرانی جنرل سیکریٹری ایم ڈبلیوایم ضلع حیدرآباد ،مولانا گل حسن مرتضوی سینیئر نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد نے شرکت کی۔