وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی شعبہ تربیت کی جانب سے ملک بھر میں بصیرت افزائی تبلیغی ورکشاپس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبہ سندھ کے شھر سکھر میں سات روزہ بصیرت افزائی تربیتی کورس منعقد کیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر جید علماء کرام اور علاقہ کی معروف شخصیات کے ساتھ تربیتی کورس کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین قم علامہ میثم ہمدانی، سیکرٹری تبلیغ مجلس وحدت مسلمین قم علامہ مختار احمد، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین اصفہان علامہ تقی زیدی کے علاوہ مقامی علماء اور معروف شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے بہترین انعقاد پر چوہدری اظہر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر اور ان کی کابینہ کے افراد کی خدمات کو سراہا گیا۔
پروگرام میں علامہ مومن قمی، علامہ سید اظہر حسین امام جمعہ شھر سکر، سابق ایم پی اے سکھر نصراللہ کے علاوہ دوسری سیاسی اور سماجی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مختار امامی نے شعبہ تربیت کی جانب سے ایسے تبلیغی اور تربیتی پروگرام کے انعقاد کو خوش آیند اور موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ علامہ مختار احمد کلیم نے ایم ڈبلیو ایم ضلع سکھر کو اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تربیت اور اس طرح کی تربیتی نشستیں منعقد کرنا شہید علامہ عارف حسین الحسینی کا خواب تھا۔ اختتامی نشست میں ورکشاپ میں شریک ممبران کو کورس مکمل کرنے پر تعلیمی اسناد بھی دی گئیں۔ اختتامی دعا علامہ سید اظہر حسین نے انجام دی۔