وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی کے بلدیاتی الیکشن کے لئے بھی یونین کمیٹی کی سطح پرانتخابی ایڈجسٹمنٹ کے لئے تمام ضلعی پولیٹیکل کاؤنسل کو بااختیار کیا گیا ہے اور ان کی جماعت کے امیدوار کراچی بھرمیں بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے تاکہ عوام کی تمام بنیادی مشکلات کے حل کے لئے اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے ضلع غربی کے تحت پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابی پینل کی تشکیل کا کام جاری ہے ۔ مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ اور صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری عبد اللہ مطہری جلد کراچی کا دورہ کریں گے اوراس موقع پرانہیں پینلز کی تشکیل کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اضلاع کی سطح پر ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے ، تمام اضلاع کی پولیٹیکل کاؤنسل بااختیار ہیں ، ضلعی اور یونین کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر بیشتر یونین کمیٹیز میں معتدل سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسی مقامی قیادت کو متعارف کروایا جائے جو منتخب ہو کر حلقہ کے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوسکیں اور عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کریں ۔