وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری امورسیاسیات عبداللہ مطہری نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور خدا کی طرف سے بھیجے گئے تمام انبیاء آدم تا خاتم نے صرف و صرف امن کا درس دیا، اور امن ہی کے ذریعے دین کی تبلیغ کی. آج جو لوگ الله اکبر کا نعره لگا کر انسانوں کے گلے کاٹ رہے ہیں انھوں نے اسلام کا نام پوری دنیا میں بدنام کیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمیعت علمائے پاکستان ضلع لاڑکانہ کے زیر اہتمام منعقدہ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاڑکانہ کے سیکریٹری جنرل محترم طارق حسین بدوی ، سیکریٹری سیاسیات مشتاق علی میمن، معاون سیکریٹری حق نواز اعوان، سیکریٹری میڈیا سیل طارق رسول اور سیکریٹری نشرواشاعت اعجاز علی سولنگی نے شرکت کی. اسلام کی آڑ لیکر مسلمانوں کا خون پینے کی یہ روایت ایک دو برس پہلے نہیں بلکہ چودہ سو سال قبل میدان کربلا سے شروع ہوئی، آج بھی انہیں یزیدوں کی آل اولاد مسلمانوں کو بلاتفریق اور معتدل غیر مسلموں کو اپنے وحشیانہ اعمال کا نشانہ بنا رہے ہیں ، آئیں ہم سب مل کر ان تمام کالعدم انتہا پسند دینی تنظیموں، چاہے وه طالبان ہو داعش ہو یا کوئی اور ہو، سب سے لاتعلقی کا اعلان کریں اور ان کو بے نقاب کریں۔