وحدت نیوز(کراچی) حکومت سندھ نااہل اور کرپٹ ترین حکومت ہے وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ سمیت سندھ کے تمام وزراء اور کابینہ کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہیں، دہشت گرد آزادی سے گھوم رہے ہیں، بارہ گھنٹوں میں تین شیعہ عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے، گذشتہ ماہ سے اب تک 52 شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، ایف سی اہلکاروں سمیت میڈیا کے دفاتر پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ملک دشمن اور اسلام دشمن طالبان کی نابودی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات عبداللہ مطہری نے شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور حکومتی نااہلی کے خلاف پاک محرم ہال میں علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر قائد ریاستی اداروں کی سرپرستی میں ملت جعفریہ کے عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ بارہ گھنٹوں میں تین شیعہ عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے گذشتہ ماہ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شیعہ عمائدین کی تعداد 52 ہوگئی ہے جبکہ گذشتہ روز سے اب تک شہاب حیدر نقوی، عظیم حسین اور فیروز حسین کو دہشت گردی کا نشانہ بنا دیا گیا ہے اور قاتل دندناتے پھر رہے ہیں، حکومت سندھ سمیت ریاستی ادارے کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے سے گریزاں ہیں اور دہشت گرد گروہ شہر میں معصوم انسانی جانوں کے خون سے ہولی کھیلنے میں مصروف عمل ہیں، شہر کراچی میں شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی اور دن دیہاڑے شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ سندھ حکومت کی نااہلی ہے، سندھ حکومت کے وزیراعلیٰ اور کابینہ کے وزراء سب کے سب کرپشن میں مصروف عمل ہیں یا پھر سیاسی انتقام لینے کی تگ و دو میں مصروف عمل ہیں جبکہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
عبداللہ مطہری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایک طرف جہاں کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کرنے سے قاصر ہے تو دوسری طرف سندھ حکومت نے خطرناک کالعدم دہشت گرد گروہوں کے سرغنہ دہشت گردوں کو سکیورٹی کے لئے سرکاری پروٹوکول فراہم کر رکھا ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ سندھ حکومت براہ راست ملت جعفریہ کی نسل کشی میں ملوث ہے۔ ایک طرف پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت بلاول بھٹو دہشت گردوں اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف پرعزم نظر آ رہے ہیں دوسری جانب سندھ حکومت کے وزراء بالکل برعکس کام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، ہم وزیراعلٰی قائم علی شاہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم دہشت گرد گروہوں اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں نہ لائی گئی تو ملت جعفریہ وزیراعلٰی ہاؤس کا گھیراؤ کرنے سے دریغ نہیں کرے گی۔ آج شہر کراچی سندھ حکومت کے بزدل حکمرانوں کی وجہ سے ملت جعفریہ کے عمائدین کی مقتل گاہ بن چکا ہے اور حکمران ہیں کہ اپنی کرپشن اور دغا بازیوں میں مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے گذشتہ دنوں میڈیا کے دفاتر پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں سمیت ماضی میں ہونے والے تمام دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں میڈیا مالکان اور صحافی برادری سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں اور اسی طرح خیبر پختونخواہ میں ایف سی اہلکاروں کی بہیمانہ شہادت اور شہر کراچی میں پولیس بس پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں شہادتوں پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ ملک دشمن اور اسلام دشمن طالبان دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں ملت جعفریہ صف اول کے مجاہدوں کی طرح قوم کے ساتھ ہے اور اس فتنے کی نابودی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔