وحدت نیوز(جامشورو) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی صوبائی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس جامشورو میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبے بھر کے تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرلز، صوبائی کابینہ کے اراکین، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی اور مرکزی سکریٹری سیاسیات اسد نقوی نے شرکت کی۔ اس موقع پر اضلاع کے سیکرٹری جنرلز نے گذشتہ سال کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں، جبکہ آئندہ سال کے پروگرام کو حتمی شکل دیکر اس کی منظوری بھی دی۔ صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ ہم تحفظ عزاداری کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے مگر عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک بھر میں خصوصاً پنجاب میں ہمارے خلاف غیر اعلانیہ متعصبانہ کارروائیاں جاری ہیں اور ہم اس بات سے باخبر ہیں کہ یہ ایک منظم سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا رخ مظلوموں کی طرف موڑ دیا گیا ہے، جو ہم کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہر حکم پر لبیک کہیں گے اور عصر حاضر کے ظالموں کیخلاف میدان میں حاضر رہیں گے۔