وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ سید اظہر حسین نقوی نے کہا ہے کہ شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کی گاڑی میں دھماکے میں ملوث دہشتگرد کا پولیس اہلکار کے بھیس میں ہونے کے انکشاف کے بعد لازمی ہو گیا ہے کہ سندھ پولیس کو لشکر جھنگوی سمیت دیگر تمام کالعدم تنظیموں کے سہولت کار کے روپ میں موجود کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کیلئے فی الفور بھرپور تطہیری عمل شروع کیا جائے۔
وحدت ہاؤس کراچی میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ اظہر حسین نقوی نے کہا کہ کراچی آپریشن اور سندھ بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشتگرد و انتہاپسند عناصر کے خلاف کارروائی کو مؤثر اور کامیاب بنانے کیلئے لازمی ہو گیا ہے کہ سندھ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود کالعدم دہشتگردتنظیموں کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے اداروں کو ان کے نجس وجود سے پاک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کالعدم دہشتگرد تنظیموں اور انتہاپسند عناصر کے سہولت کاروں سے پاک نہیں کیا گیا تو دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشن خواب بن کر رہے جائے گا۔علامہ اظہر حسین نقوی نے مزید کہا کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے گرفتار دہشتگردوں کے انکشافات نے ان تحفظات کو حقیقت کی شکل دے دی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی کالعدم تنظیموں اور دہشتگرد عناصر کے سہولت کار موجود ہیں،لہٰذا وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس انتہائی حساس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے سہولت کار سے پاک کرنے کیلئے فی الفور بھرپور تطہیری عمل شروع کریں۔
ڈویژنل رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیرراز ڈیپارٹمنٹ کراچی کو کالعدم لشکر جھنگوی کے خلاف کامیاب کارروائی، سلیپر سیل کے امیر کو ہلاک کرنے اور چار خطرناک دہشتگردوں کی گرفتاری پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں ان کے خاتمے تک جاری و ساری رکھیں گے۔