وحدت نیوز(اندرون سندھ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے مختلف اضلاع ماتلی ٹنڈو محمد خان ،ٹنڈوالہیار،بدین،دادو ،جیک آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،احتجاجی مظاہروں میں خواتین بچوں ،بزرگوں اور نوجوانوں نے شرکت کی ۔ مظاہریں نے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کے خلاف بینر اٹھا رکھے تھے۔حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی گئی۔ احتجاجی مظاہروں سے مرکزی صوبائی سیکرٹری علامہ مقصود علی ڈومکی ،مولانا علی نقی حیدری ، منور جعفری ،یعقوب حسینی و دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ الیکشن سے قبل چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والی حکومت آج چار سال گزرنے کے بعد بھی بجلی کے بحران پر قابو نہیں پا سکی۔صوبہ سندھ کو اپنے حصے کی بجلی سے دانستہ محروم رکھا جا رہا ہے۔وفاقی حکومت پیپلز پارٹی سے سیاسی مخالفت کا غبار سندھ کے عوام پر اتارنا بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف بارش کی دعاؤں سے بجلی پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزرا کی طرف سے اس طرح کے بیانات ان کی اہلیت سمجھنے کے لیے کافی ہیں۔تمام محکموں کے وزرا اپنے اپنے حصے کا کام کرنے کی بجائے پاناما کیس پر نواز شریف اور ان کے خاندان کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں۔عوام کی مشکلات سے کوئی آگاہ نہیں۔ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر محض اخباری بیانات جاری کرنے سے توانائی کے بحران کا خاتمہ نہیں ہو گا۔اس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران کے الیکٹرک کی طرف سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا وعدہ طفل تسلی ثابت ہوا۔حکومت اس ادارے کے غیر ذمہ دارافسران کے خلاف کاروائی کرے اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بندش پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔