وحدت نیوز(کراچی) وطنِ عزیز پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے ملک دشمن، کرپٹ حکمرانوں کو نشانِ عبرت بنا کر وطنِ عزیز پاکستان اور اس کی عدلیہ کو ایک بار پھر زندگی عطا کی ہے۔ پاکستان کی عوام اب وطنِ عزیز میں خون کی ہولی کھیلنے والے تکفیری درندوں اور انکے سہولت کاروں کے ہولناک انجام کی منتظر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات عرفان حیدر نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے "پانامہ کیس" کا تاریخی فیصلہ سنائے جانے کے بعد مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے دفتر سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کیا۔ عرفان حیدر کا کہنا تھا شریف خاندان پاکستان میں کرپشن کی اعلیٰ ترین اور منفی خصوصیات کا حامل خاندان ہے، اس خاندان کے بڑے، بچے بوڑھے جوان حتٰی کہ شریف خاندان کی خواتین بھی کرپشن میں اپنی مثال آپ ہیں، جس کی زندہ مثال اس خاندان کی چشم و چراغ مریم نواز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے خلاف تمام الزامات اپنی جگہ ایک حقیقت رکھتے ہیں جو کہ قوم کے سامنے روزِ روشن کی طرح سے عیاں ہیں لیکن نہ جانے کیا وجہ ہے کہ چند مخصوص سیاسی و مذہبی جماعتوں کے علاوہ ان کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اس تندہی سے آواز بلند نا کی گئی کہ جس طرح اس سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ملک و ملت کا پیسہ لوٹ کر عیاشی کرنے والے حکمرانوں کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے تھا، تاکہ یہ بدبخت کرپٹ حکمران پہلے ہی اپنے انجام کو پہنچتے اور نوبت یہاں تک نا آتی۔
عرفان حیدر نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کو دیمک کیطرح کھا جانے والے شریفوں کو فقط نا اہل قرار نا دیا جائے بلکہ ان شرفاء کی جانب سے لوٹے گئے قوم و ملت کے پیسے کو وطن واپس لانے کا عملی اقدام کیا جائے تاکہ ملک میں خوشحالی آئے، بیروزگاری کا خاتمہ ہو،اور ان حکمرانوں کو سرِ عام تختہ دار پر لٹکا کر نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ پھر سے کوئی پانامہ کیس معرضِ وجود میں نا آئے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات عرفان حیدر کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کے بعد اعلیٰ عدلیہ کے سامنے اب سب سے بڑا چیلنج وطنِ عزیز پاکستان میں معصوم لوگوں کے پاک لہو سے ہولی کھیلنے والے تکفیری دہشتگردوں اور ان کے سیاسی، سماجی، مذہبی، روحانی اور نظریاتی سہولت کاروں کا جلد اور فوری خاتمہ ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں اور تکفیری دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں نے ہر دن ناصرف خون کے آنسو رلایا ہے بلکہ ان آنسوؤں سے کہیں زیادہ خون بہایا ہے جس کا حساب ہونا ابھی باقی ہے، اور ملک و ملت کے مظلوم شھداء باالخصوص سانحہ آرمی پبلک اسکول، سانحہ پارا چنار، کوئٹہ و مستونگ کے سانحات اور کراچی سمیت ملک بھر میں شھید ہونے والے پاک افواج کے افسروں، جوانوں اور عام عوام کے قاتل سفاک تکفیری دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے بھیانک انجام کے منتظر ہیں۔