وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم رضا عابدی و دیگر رہنماوں نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 29 ویں برسی کے سلسلے میں 6 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی عظیم الشان مہدی برحق کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی رابطہ مہم اور کارنر میٹنگز جاری ہیں، مہدی برحق کانفرنس میں کراچی سمیت سندھ سے ہزاروں تعداد میں کارکنان و عوام شریک ہوں گے، کانفرنس میں شرکت کیلئے کراچی سے قافلہ 4 اگست کو کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاو س کراچی میں ہنگامی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس سے علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ اظہر نقوی، علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر و دیگر نے بھی خطاب کئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنماو ں نے کہا کہ ان شاءاللہ 6 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی مہدیؑ برحق کانفرنس ملک بھر میں دہشتگردی اور کرپٹ مافیا کیخلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔رہنماو ں نے کہا کہ مہدی ؑبرحق کانفرنس میں شرکت کیلئے ملی شخصیات، اکابرین ملت سمیت علماءکرام، ذاکرین عظام اور تنظیموں کو خصوصی شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے، جبکہ مہدیؑ برحق کانفرنس میں اہل سنت علمائے کرام و تنظیمات کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جا رہا ہے، جن کا پاکستان میں اتحاد و وحدت کے حوالے سے اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہدیؑ برحق کانفرنس میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری قائد شہید علامہ عارف حسینی ؒکے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور وحدت کو عملی شکل دینے کے لئے شہید قائد عارف حسینی ؒکے مشن کو لے کر میدان عمل میں حاضر ہیں، ہم وطن عزیز پاکستان کے باوفا بیٹے ہیں، ہم پاکستان کو عدم استحکام کرنے والی تکفیریت اور فرقہ واریت پھیلانے والی تمام تر سازشوں کو ماضی طرح ناکام بناتے رہیں گے۔