وحدت نیوز(کراچی) مٹیاری کے تحصیل ھالا میں مجلس وحدت مسلمین کے ووٹر محمد خان کا قتل پیپلزپارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی اور مقامی انتظامیہ کی ایما پر کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان سندھ کے عوام پر وڈیرہ شاہی کے جبر و ستم کیخلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ سید علی حسین نقوی نے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں ھالا میں پیپلزپارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی کی ایما پر قتل ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کے کارکن محمد خان کے قتل کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام وڈیرہ شاہی کیخلاف کھڑی ہو چکی ہے۔محمد خان کے بہیمانہ قتل کا حساب پیپلزپارٹی کے وڈیرے اور اسکے حواریوں کو دینا پڑے گااور محمد خان کے پسماندگان کو انصاف دلانے کے لیئے ہم انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایں گے اور اگر ضرورت پڑی تو اس خون ناحق اور ظلم کیخلاف ملک گیر احتجاج بھی کریں گے۔
علی حسین نقوی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے پیپلزپارٹی کی قیادت سندھ میں اپنے پروردہ وڈیروں ڈاکوؤں اور عوام کا استحصال کرنے والے سرداروں کو لگام ڈالے ورنہ بعید نہیں کہ انکا حشر نواز شریف سے بدتر نہ ھو۔انہوں نے کہا کہ محمد خان کے پسماندگان کو انصاف دلانے تک ہم نہ خود چین سے بیٹھیں گے اور نہ ہی سندھ کی افسر شاہی کو چین سے بیٹھنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وڈیرے آنے والے انتخابات سے قبل اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو پولیس اور اپنے غنڈوں کی طاقت کے ذریعے مرعوب کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔سندھ پولیس اور انتظامیہ نے پیپلزپارٹی کے ان وڈیروں کے اشاروں پر غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کرتے رہیں گے مگر سندھ میں جاری مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کے خلاف استحصال اور پولیس گردی کو قطعی طور پر برداشت نہیں کریں گے۔