وحدت نیوز(جیکب آباد) عالمی سامراجی قوتوں کی مدد سے اسرائیل نے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کیا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کا حالیہ بیان امریکہ کی اسلام دشمن بلکہ انسان دشمن پالیسی کا عکاس ہے۔امریکہ اپنے انسان دشمن عزائم اور اقدامات کے باعث اقوام عالم میں منفور ہوچکا ہے۔ ٹرمپ کے اعلان سے دنیا بھر میں امریکہ و اسرائیل مخالف مظاہرے ہورہے ہیں۔ پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے، کشمیر اور فلسطین کے عوام کی آزادی کے لئے پاکستانی عوام نے ہمیشہ اور ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ اس وقت دنیا بھر کے مسلمان سعودی قیادت میں بننے والے 41 ملکی فوجی اتحاد سے سوال کر رہے ہیں کہ آخر یہ اتحاد کس لئے بنا تھا اگر تو امت مسلمہ کے لئے بنا تھا تو قبلہ اول کی آزادی کے لئے کیوں اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔ عملی اقدامات تو دور کی بات ہے ان میں امریکہ مخالف بیان دینے کی بھی جرئت نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان جدوجہد کے ہر مرحلے پر اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ جلد ہی غاصب اسرائیل سرنگوں ہوگا اور فلسطین آزاد ہوگا۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی سفیر کو بلا کر احتجاج کرے، اور او آئی سی کے رکن اسلامی ممالک کے ساتھ ملکر امریکہ کے خلاف سخت موقف اختیار کرے۔ ایسا موقف جو امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کے موقف کا ترجمان ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سندہ کے آبادگار سراپا احتجاج ہیں، پیپلز پارٹی کے جمہوری حکمرانوں نے جس طرح پر امن مظاہرین پر تشدد کیا ہے اس سے دور آمریت کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔ جمہوریت کے دعویدار عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے طاقت اور تشدد کا سہارا لے رہے ہیں۔ حکومت خواتین اور نہتے مظاہرین پر تشدد کرنے کی بجائے کسانوں کے مسائل حل کرے اور شگر ملز مالکان کو سرکاری ریٹ ادا کرنے کا پابند بنائے۔ سرکار کی عدم توجہ کے باعث پہلے ہی زرعی شعبہ تباہی کا شکار ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کاشتکاروں کے مسائل جلد حل کئے جائیں، ہم جیکب آباد سانحہ شب عاشور کے متاثرین کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، اٹھائیس 28 شہداء کا مقدمہ ری اوپن کیا جائے اور مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے۔