وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری اور پولیٹیکل سیکریٹری میر تقی ظفر کا پاکستان عوامی تحریک سندھ سیکریٹریٹ کا دورہ،پی اے ٹی کے صوبائی قائدین سے ملاقات، شہر کی سیاسی اور بلدیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال، تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے رہنماوں نے پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی دفتر میں صوبائی رہنماوں سے ملاقات کی ہے ، اس موقع پر عوامی تحریک کے صوبائی جنرل سیکریٹری رائو کامران محمود،ظفراقبال قادری، محمد مشتاق اور علی اطہراور دیگر موجود تھے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماوں کے درمیان شہر قائد کی مجموعی سیاسی وبلدیاتی صورت حال اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں جماعتوں نے بلدیاتی مسائل کے حل کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سانحہ ماڈل ٹاون میں بے گناہوں کے قتل عام کے خلاف روز اول سے پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مظلوموں کو انصاف کی فراہمی تک ہم اپنےلیڈر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی قیادت میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک کی عوامی جدوجہد میں شامل رہیں گے ۔