وحدت نیوز (کراچی) کے الیکٹرک کی ظالم انتظامیہ معصوم بچوں کی جان کی دشمن بن چکی ہے، شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث معصوم بچوں کی طبیعت غیر ہونے کے واقعات میں سنگین اضافہ ہو چکا ہے، کے الیکٹرک کے مظالم پر ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی افسوس ناک ہے، کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور سندھ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے، تو جلد اعلیٰ ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے، شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے اگر کسی شہری کی جان خطرے میں پڑی، تو ذمہ دار کے الیکٹرک ہوگی، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف کے الیکٹرک کے اس غیر انسانی رویئے کا فوری نوٹس لیں، نویں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں مصروف طلبا و طالبات کا مستقبل کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کے باعث داؤ پر لگ چکا ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن، احسن عباس رضوی اور اسکول پرنسپل عنبرین کاظمی نے حسن عسکری اسکول رضویہ سوسائٹی گولیمار کے باہر کے الیکٹرک کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور امتحانات میں مصروف طلباء کو درپیش مشکلات کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے کے الیکٹرک کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
طلبہ نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث ہمیں امتحانات کی تیاری میں شدید دشواری کا سامنا ہے، رات 3 بجے تک بجلی کی بندش کے باعث نیند پوری نہیں ہو رہی، جس کے نتیجے میں امتحانات پر برا اثر پڑ رہا ہے، طلبہ نے کہا کہ کے الیکٹرک ہماری روشن مستقبل کو تاریک بنانے سے باز آجائے۔ اس موقع پر اسکول پرنسپل عنبرین کاظمی نے کہا کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ بھاری بھرکم بلوں کی وصولی کے باوجود شہریوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی میں ناکام ہے، ہمارے بچوں کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث معصوم بچوں کی طبیعت بگڑنے اور بے ہوشی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں تدریسی سرگرمیاں شدید طور پر متاثر ہو رہی ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف کے الیکٹرک کے اس غیر انسانی رویئے کا فوری نوٹس لیں۔