وحدت نیوز(کراچی) آئی ایس او شعبہ طالبات کے تحت یوم انہدام جنت البقیع پر کراچی پر یس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کہا کہ جنت البقیع اور اس میں مدفون ہستیاں تا قیامت آنے والے انسانوں کو ظالموں اور جابر کے خلاف عَلم بغاوت بلند کرتے ہوئے مظلوم کا ساتھ دینے کا درس دیتی آئی ہیں، 8 شوال تاریخِ انسانیت کا سیاہ ترین باب ہے کہ جب انسانیت کی خیر خواہ ہستیوں کی قبور کو درد ناک انداز میں مسمار کرکے اس پر بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان بیدار ہیں اور آل سعود کو دوبارہ تاریخ نہیں دہرانے دیں گے، کعبۃ اللہ، روضہ رسول (ص) اور مزارات اہل بیت (ع) کی حفاظت کے لئے بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں ازواج رسول اکرم (رض) اور اہل بیت رسول (ع) سمیت صحابہ کرام (رض) کے مزارات مقدسہ کی از سر نو تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نامنظور سمیت آل سعود کی دہشت گردی کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔