وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ایام فاطمیہ کے موقع پر عزاداری کے اجتماعات کے دوران لوڈشیڈنگ کرنا دہشت گردوں کو دہشت گردی کا موقع فراہم کرنے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے جاری مجالس کے موقع پر جعفر طیار سوسائٹی کے دورہ کے موقع پر معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامبشرحسن کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو سندھ پولیس، رینجرز اور پاک افواج دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہیں اور کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کمر بستہ ہیں تو وہیں دوسری جانب کے الیکٹرک مجالس عزا کے دوران لوڈشیڈنگ کرکے دہشت گردوں کو دہشت گردی کا موقع فراہم کررہی ہے، ہم کے الیکٹرک کے ذمہ دار افراد کو متنبہ کرتے ہیں کہ ایام فاطمیہ کی مجالس کے دوران کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تو کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو بھی اس میں شامل سمجھا جائے گا، لہٰذا کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے اوقات میں تبدیلی کرے تاکہ دہشت گردوں کو کسی بھی قسم کا موقع فراہم نہ کیا جاسکے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سمیت ارباب اقتدار سے بھی مطالبہ کیا کہ ایام فاطمیہ کے موقع پر لوڈشیڈنگ کانوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف فوری کاروائی کرے ۔