وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکر ٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ چودہ اگست یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ سمیت تمام صوبائی و ضلع دفاتر میں چراغاں کیا جائے گا۔چودہ اگست کو تمام شہروں میں ملت تشیع شکرانے کے نوافل ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی او رکراچی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکر ٹری جنرل حسن ہاشمی سمیت عبد اللہ مطہری،علامہ علی انور جعفری ،علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی ،الفت عالم ،اصغر عباس زیدی،حیدر زیدی ،آصف صفوی ،رضا نقوی ،ڈاکٹر مدثر حسین،ناصر حسین الحسینی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی علامہ مختار امامی کاکہنا تھا کہ ارض پاک اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے سب سے بڑی نعمت ہے۔اس وطن کی بنیادوں کی آبیاری ہمارے اباو اجداد کے لہو سے ہوئی ہے۔وطن کی محبت ہمیں ورثہ میں ملی ہے۔ ہمارا جینا ہمارا مرنا اسی سرزمین کے لیے ہے۔یوم آزادی کے موقع پر ہم سب کو مل کر عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی حفاظت میں دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتوں کو ہم نے حب الوطنی کے ہتھیار سے شکست دینا ہو گی۔ہم سب کا تشخص،ہماری سلامتی ،ہم شناخت سب کچھ اس ملک کے ہی مرہون منت ہے۔جب تک ہم اس مادر وطن سے محبت کا حقیقی حق ادا نہیں کرتے تب تک ہم اس مٹی کے باوفا بیٹے نہیں کہلا سکتے۔