وحدت نیوز (شکارپور) سندہ حکومت کے غیر سنجیدہ روئیے اور ۲۲ نکات پر عمل در آمد نہ کرنے پرشہدا ء کمیٹی کے زیر اہتمام شکارپور میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔احتجاجی کیمپ میں وارثان شہداء کے ہمراہ چیئرمین شہداء کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی، وائس چئیرمین علامہ عبدالمجید بہشتی، مولانا سکندر علی دل، قمر دین شیخ و خانوادہ شہداء کے افرادشریک ہوئے ۔ اس موقعہ پر شہر کی سیاسی سماجی شخصیات نے کیمپ پر آکر اظہار یکجہتی کیا۔ جن میں شکارپور بچاؤ تحریک کے چیئرمین ظفر علوی، جماعت اسلامی کے رہنماء اصغر علی پہوڑ ایڈوکیٹ، جئے سندہ محاذ کے مرکزی رہنماء الطاف میمن و دیگر شامل تھے۔
اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی معاون سیکریٹری سیاسی امور و شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندہ حکومت نے ملک کے کروڑوں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے گی اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی فعالیت کو روکا جائے گا مگر اس سلسلے میں عملی اقدام نہیں ہورہا، آج بھی سندہ بھر میں کالعدم جماعتوں کی نفرت انگیز سرگرمیاں جاری ہیں۔
وارثان شہداء سندہ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اور جمعہ ۱۷ اپریل کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا، ملک کے لاکھوں عوام سندہ حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اور ۲۲ نکاتی معاہدے پر عمل در آمد کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ۱۷ تا ۱۹ اپریل دہشت گردی کے خلاف عوامی ریفرنڈم کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔