وحدت نیوز(کراچی) سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے، طالبان کو اپنا بھائی کہنا 60 ہزار شہدائے پاکستان کے خانوادوں سے غداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے وحدت ہاوس سے جاری ایک بیان میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام کا بنیادی مقصد ایک ایسی ریاست کا حصول تھا، جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جاسکے، لیکن مفاد پرست حکمرانوں نے اقبال کے خوابوں کی تعبیر کو وہ بھیانک رنگ دیا، اب تو میڈیا نے اس حقیقت کو آشکار کر دیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں جہاد کے نام پر پوری دنیا سے لوگ شام منتقل کئے جا رہے ہیں۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ نجدی و امریکی مفادات کے حصول کے لیے طالبان نے بیگناہ انسانی جانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کی جو مشق شروع کر رکھی ہے، اس کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں، جماعت اسلامی کے امیر منور حسن دہشتگردی کا نشانہ بنے والے 60 ہزار شہدائے پاکستان کے قاتلوں کو اپنا بھائی کہہ رہے ہیں جس کی مذمت ملک کی 18 کروڑ عوام کرتے ہیں۔