وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں جمعرات کے روز بحرینی شاہ کی پاکستان آمد کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا اور ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد سمیت مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، مظاہرے میں بچوں، جوانوں اور بزرگوں سمیت خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جن کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے جس پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، طالبان مردہ باد، قاتل آل خلیفہ مردہ باد،نواز حکومت کا قومی غیرت کا سودا نا منظور کے نعرے درج تھے۔
مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی سمیت کراچی ڈویژن کے رہنماؤں مولانا باقر زیدی، مولانا علی انور جعفری، علامہ حامد حسین مشہدی ،علامہ مبشر حسن اور حسن ہاشمی نے خطاب کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی و اسرائیلی ایماء پر سعودی و بحرینی کالونی نہیں بننے دیں گے،امریکی پٹھو، سینکڑوں بے گناہ بحرینی شہریوں کے قاتل، ڈکٹیٹر شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی پاکستانی سرزمین پر مہمان نوازی کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ان کاکہنا تھا کہ نواز حکومت کو چند ڈالروں کے عوض پاکستان کی مقدس فوج کو سعودی و بحرینی آگ میں دھکیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے ، انہوں نے کہا کہ نواز حکومت سعودی اور بحرینی حکومت کے ساتھ خفیہ معاہدوں کو منظر عام پر لائے اور پاکستان کے غیور عوام کو سعودی خیرات کے بدلے قومی وقار اور خوداری کا سودا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان شام و بحرین میں سعودی آگ کا ایندھن نہ بنے ، خلیجی ممالک کے مسائل میں دخل اندازی کا خمیازہ پاکستان کے مظلوم عوام بھگتیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ نواز حکومت نے اپنے ذاتی اور انفرادی مفادات کی خاطر سیکڑوں بے گناہ انسانوں کے قاتل بحرینی شاہ اور ان کے سرپرست سعودی آقاؤں کی خوشنودی کی خاطر پاکستان کو خطر ناک آگ میں جھونکنا چاہتی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ہے، ان کاکہنا تھا کہ پاکستان بنانے کی خاطر ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کا قیام عمل میں لائے تھے نہ کہ نواز شریف کے آباؤاجدادنے کسی قسم کی قربانی دی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو امریکی اور اسرائیلی ایماء پر سعودی کالونی نہیں بننے دیں گے اور نواز شریف یہ بات جان لیں کہ پاکستان پاکستانیوں کاہے اور اسے سعودی ریالوں کے عوض فروخت نہیں کرنے دیا جائے گا، انہوں نے نواز حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ سیکڑوں عوام کے قاتل بحرینی شاہ کو فی الفور نا پسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کریں اور پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی جائے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ افواج پاکستان خود کو امریکی اور سعودی سازشوں سے دور رکھے اور نواز حکومت کی ایماء پر مشرق وسطیٰ کے کسی بھی مسئلے میں الجھنے سے اجتناب کیا جائے ، ان کاکہنا تھا کہ ایک طرف سعودی حمایت یافتہ طالبان دہشت گردوں نے پاکستان کو اندرونی سطح پر عدم استحکام کا شکار بنا رکھا ہے تو دوسری جانب سعودی عرب براہ راست پاکستان کو دیگر ممالک کی جنگ میں دھکیل کر پاکستان کا تشخص تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے ، انہوں نے نواز حکومت سے سوال کیا کہ آخر ایسی کیا وجوہات ہیں کہ چالیس برس کے بعد بحرینی شاہ کوپاکستان آمد کی ضرورت پڑی۔
مقررین کاکہنا تھا کہ شہر کراچی ،حیدر آباداور خیر پور سمیت دیگر مقامات پر گذشتہ چار گھنٹوں میں شہید ہونے والے دو شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ سندھ انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا شہر بھر میں جاری شیعہ قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر کسی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔