وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں وکیل شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کیا گیا اور عید کے دوسرے روز جمعرات کی شب خراسان سے نمائش چورنگی احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا دیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں بشمول علامہ احمد اقبال رضوی، میثم عابدی، علامہ مبشر حسن اور رضا نقوی سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے ڈی آئی خان میں ہونے والے شیعہ پروفیشنل کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور خیبر پختونخوا سمیت وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہمیں تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، ہمارے ہونہاروں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، ایک ماہ میں اب تک پانچ شیعہ پروفیشنلز کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جن میں تین وکلاء، دو اساتذہ اور ایک تاجر شامل ہیں، دہشت گردی کے ان واقعات میں شہید ہونے والوں سے قومی نقصان ہوا، مگر صوبائی حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔