وحدت نیوز (شکارپور) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام اکبر لغاری نے ڈپٹی کمشنر شکارپور ہادی بخش زرداری کے ہمراہ کربلا معلی امام بارگاہ شکارپور پہنچ کر چیئر مین شھداء کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی ا ور وارثان شھداء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین علامہ عبدالمجید بہشتی، قمر الدین شیخ، مولانا سکندر علی دل، میر زاہد حسین و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کمشنر لاڑکانہ ۲۲ نکاتی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ سندہ حکومت معاہدے کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے اور کالعدم دہشت گرد جماعتوں کی سرگرمیوں کو روکے۔ بعض سرکاری عمارتوں پر آج بھی کالعدم جماعتوں کا قبضہ ہے اور تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کی ان عمارتوں پر ان فرقہ پرست جماعتوں کے جھنڈے ریاستی اداروں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندہ بھر کے تمام اضلاع میں معاہدے کے تحت مساجد، امامبارگاہوں اور شخصیات کو مکمل سیکورٹی دی جائے۔ اور پر امن شہریوں کو اسلحہ لائسنس فراہم کئے جائیں۔
اس موقع پر کمشنر غلام اکبر لغاری نے یقین دلایا کہ معاہدے اور مطالبات پر عمل در آمد کے حوالے سے وہ سنجیدہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کربلا معلیٰ امام بارگاہ کا دورہ کیا اور کہا کہ متاثرہ امام بارگاہ کی سیکورٹی کے سلسلے میں مطلوبہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ پر عمل در آمد میں ہونے والی سستی اور تاخیر کا ازالہ کیا جائے گا۔