وحدت نیوز (کوئٹہ) اربعین امام حسین ؑپر کربلا معلیٰ کی زیارت کے خواہش مند درجنوں بسوں میں سوارسینکڑوں زائرین کو بالآخرتفتان بارڈتک سفر کی اجازت فراہم کردی گئی ہے جس کے بعد درجنوں بسیں ملک کے مختلف شہروں سے بلوچستان آنے والے زائرین کو لیکرلیویز اور ایف سی کی سکیورٹی میں کوئٹہ سے تفتان روانہ کردی گئی ہیں ،واضح رہے کہ گذشتہ روز مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمدرضا رضوی (آغارضا)نے اسمبلی اجلاس کے دوران ملک بھر سے کوئٹہ میں جمع ہونے والے زائرین کرام کو ایم او سی کے نام پر ڈیرہ اللہ یار اور قلعہ سیف اللہ کے مقام پر روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی ، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک دو دن کا معاملہ نہیں ہمیشہ زائرین کو ایسی طرح مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جگہ جگہ درجنوں بسوں کو روکنے کے واقعات کے نتیجے میں کسی بھی ناخوشگوارواقعے کی ذمہ داری کس کے کاندھوں پر عائد ہوگی، انہوں نے اسپیکر بلوچستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزارت داخلہ زائرین کی فوری باحفاظت تفتان روانگی کے انتظامات کو یقینی بنائے ، جبکہ زیروپوائنٹ پر موجود ایف آئی اے کے امیگریشن عملے کی تعداد جو کہ فقط چار پانچ افرادپر مشتمل ہے میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ زائرین بروقت بارڈرکراس کرسکیں ۔