وحدت نیوز(وحدت کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے رہنماء اور صوبائی اسمبلی کے رکن آغا رضا نے شہید میجر جواد چنگیزی کے شہادت کے بارے میں کہا ہے کہ میجر جواد چنگیزی نہ صرف ملک کے ایک بہادر بیٹے تھے جنہوں نے اسکی حفاظت میں جان دے دی بلکہ انکا تعلق شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔ گزشتہ دنوں پاک افغان سرحد پر وطن کی حفاظت کے دوران زخمی ہونے والے میجرجواد چنگیزی زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سمیت ملک کے دیگر بڑی شخصیات نے ان کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور میجر علی جواد کی قربانی کو ملک کا بڑا خسارا قرار دیا ۔ شہید میجر علی جواد کا تعلق ہزارہ قبائل سے تھا،انکے جنازے کو گزشتہ دنوں کوئٹہ کے بہشت زینب سلام اللہ علیہا ہزارہ قبرستان میں لایا گیا اور وہاں ان کی تدفین ہوئی۔ اس موقع پر کور کمانڈر جنرل عامر ریاض، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، آئی جی ایف سی اور مجلس وحدت مسلمین کے نمائندوں کے علاوہ علاقے کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ ولایت حسین جعفری نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہید میجر علی جواد اور ان جیسے وہ تمام حضرات جو وطن کی حفاظت کر رہے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں وطن سے وفاداری کا درس دیتا ہے، ہر فرد مختلف شبعات زندگی میں وطن کی خدمت کرے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے بیان کے مطابق ایم پی اے آغا رضا صاحب نے میجر علی جواد کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا ہے کہ اس ملک کیلئے ہماری قوم نے بے حد قربانیاں دیئے ہیں۔ ہمارے جوانوں نے نہ صرف فوج میں رہ کر بلکہ ہر میدان میں وطن کی خدمت کی ہے اور سبز حلالی پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو ہزارہ قبائل سے تعلق رکھنے والے ان حضرات کا نام ہمیں نظر آئے گا جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر اس وطن کی حفاظت اور اسکی خدمت کی ہے، پاکستان کے دشمنوں نے ہمیں سب سے زیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے تکفیری سوچ رکھنے والے عناصر پاکستان کے سلامتی کے خلاف ہیں اور ان تکفیری عناصر کی وجہ سے علمدار روڈ میں ہم نے سینکڑوں جنازیں اٹھائے ہیں۔انہوں نے میجر علی جواد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم نے پاکستان کے استحکام اور بقاء کیلئے بے حد قربانیاں دیئے ہیں اور اسی سرزمین میں ہم نے مظالم کا بھی سامنا کیا ہے، ہمارا قبرستان شہیدوں کے قبروں سے بھرا ہے۔آغا رضا نے کہا کہ جو لوگ ہزارہ قوم کے پاکستانی ہونے پر زرا بھی گمان رکھتے ہیں وہ آئے اور اس پاک سرزمین کیلئے ہمارے دیئے ہوئے قربانی کو دیکھے۔ بیان کے آخر میں آغا رضا نے کہا کہ جس طرح ہم نے پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا ہے آئندہ بھی انہی عزائم کو برقرار رکھیں گے۔